• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ: ریچل ریوز کا نومبر کے بجٹ میں 2 بچوں کی حد ختم کرنے کا اعلان متوقع

برطانوی وزیرِ خزانہ ریچل ریوز—فائل فوٹو
برطانوی وزیرِ خزانہ ریچل ریوز—فائل فوٹو

برطانوی وزیرِ خزانہ ریچل ریوز نومبر کے بجٹ میں ’2 بچوں کی حد‘ ختم کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں، جو لیبر پارٹی کے اراکینِ پارلیمنٹ اور بچوں کی غربت کے خاتمے کے لیے کام کرنے والی تنظیموں کا دیرینہ مطالبہ رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق برطانوی وزیرِ اعظم کیئر اسٹارمر اور وزیرِ خزانہ ریچل ریوز دونوں اس حوالے سے بچوں کی غربت سے متعلق ٹاسک فورس کی سفارشات پر عمل درآمد کے لیے پُرعزم ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یونیورسل کریڈٹ اور چائلڈ ٹیکس کریڈٹ کے لیے 2 بچوں کی حد کا خاتمہ ہزاروں خاندانوں کو غربت سے نکالنے کا مؤثر ترین طریقہ ثابت ہو سکتا ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ سال اس پالیسی سے 17 لاکھ بچے متاثر ہوئے، یہ حد پہلی مرتبہ 2017ء میں کنزرویٹو حکومت کے دور میں متعارف کرائی گئی تھی، جس کے تحت 2 سے زیادہ بچوں پر اضافی مراعات نہیں دی جاتیں۔

وزارتِ خزانہ اس اقدام کے ممکنہ اخراجات کے بارے میں محتاط ہے، خاص طور پر ان خاندانوں کے لیے جن کے 6 سے زیادہ بچے ہیں، کیونکہ حد کے مکمل خاتمے کی صورت میں ایسے خاندانوں کو ہزاروں پاؤنڈز اضافی مراعات مل سکتی ہیں۔

ذرائع کے مطابق مختلف تجاویز زیرِ غور ہیں جن میں صرف 3 یا 4 بچوں تک اضافی فوائد دینا یا ایک ’تدریجی نظام‘ متعارف کرانا شامل ہے، جس کے تحت پہلے بچے کے لیے سب سے زیادہ مراعات دی جائیں اور بعد کے بچوں کے لیے اس میں کمی کی جائے۔

بچوں کی فلاحی تنظیموں اور لیبر پارٹی کے کئی اراکین نے اس پالیسی کو ختم کرنے کو حکومت کی اولین ترجیح قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ یہ اقدام برطانیہ میں بچوں کی غربت کم کرنے کے لیے سب سے مؤثر ثابت ہو گا۔

برطانیہ و یورپ سے مزید