بطور آرائش
بدلتے وقت، حالات اور رجحانات کے پیش نظر جدید تقاضوں کی تکمیل کے لئے ضروری ہے کہ وقتا فوقتا گھر کی تعمیر اورتزئین وآرائش میں تبدیلی کی جائے ۔مہنگائی کے اس دور میں خوبصورت اور دلکش گھر کی تعمیر آسان نہیں ۔ اسی لئے ہم میں سے ہر ایک کی خواہش ہوتی ہے گھر کی تعمیر و مرمت منفرد،آسان اور ،سستی ہونے کے ساتھ ساتھ جدید بھی ہو۔
انٹیریئر ڈیزائنر کے مطابق جدید طرز صرف ایک یا کوئی خاص قسم کا انداز اپنا نا نہیں جس کو استعمال کر کے انسان اپنے گھر میں دلکشی لا سکےبلکہ یہ تو آپ کے ذوق پر منحصر ہے کہ آپ اپنے گھر کو کس طرح اور کس طرز پر تعمیر کرواتے ہیں۔اگر آپ بھی اپنے گھر میں تبدیلی چاہتے ہیں وہ بھی جدت کے ساتھ تو دیواروں سے شروع کریں۔
دیواریں گھر میں خاصی اہمیت رکھتی ہیں ان کی موجودگی کے بغیر گھر کا تصور ہی کچھ ادھورا اور نامکمل سا لگتا ہے چنانچہ کیوں نہ آپ کے گھر کو جدید انداز دینے کے لئے ان دیواروں کو ہی آج استعمال میں لایاجائے ۔ان دنوں میں گھروں میں پتھر کی دیواروں کی تعمیر بطور آرائش کا اسٹائل خاصا مقبول ہے جس کے ذریعے نہ صرف دیوار کی شان بڑھائی جاتی ہے بلکہ آپ کے گھر کی رونق میں بھی اضافہ کیا جاسکتا ہے۔ قدیم روایت کے مطابق اینٹوں اور پتھروں کے مواد کا استعمال تعمیرات کے آغاز سے ہی شروع ہو گیا تھا۔
اگرچہ ان کو گھر کے باہر استعمال کیا جاتا ہےاور ان پر پلستر اور رنگ و روغن کر کے دلکش ڈیزائنوں اور مختلف اسٹائل ترتیب دیے جاتے ہیںلیکن اس اسٹائل کے لئے ضروری نہیں کہ آپ گھر کے بیرونی حصوں کو ہی کام میں لائیں بلکہ اندرونی حصوں کے لئے بھی پتھر کی دیواروں کی تعمیر مخصوص انداز میں کی جاسکتی ہیں ان دیواروں کی تعمیر کیسے کرنی ہے اور گھر کے کون کون سے گوشےاس تبدیلی کے لئے ضروری ہیں آیئے نظر ڈالتے ہیں ان تجا ویزاور پتھر کی دیواروں کے منفرد اسٹائل و استعمالات پر جن کے ذریعے گھر کی شان میں بخوبی اضافہ کیا جاسکتا ہے۔
اینٹریس پر سادہ پتھر کی دیوار
گھر کی اندرونی دیواروں کی آرائش کا یہ مطلب نہیں ہوتا کہ صرف اس پر ایک اچھا وال پیپر لگا دیں یا اس کی اچھی سی فنشنگ کر دیں۔ ان دیواروں کو سجانے کے لیے دلکش پتھر کی دیوار کے ذریعے بھی مہمانوں کااستقبال کیا جاسکتا ہے۔ اس دیوار کی انوکھی ساخت استقبالی جگہ کی کشش میں خاص اضافہ کر دیتی ہے۔
چونکہ کسی بھی گھر کی داخلی جگہ گھر میں آنے والے مہمانوں کی توجہ کا مرکز بنتی ہے۔ اسلئے اس حصے کی ڈیزائنگ اور آرائش پر توجہ دینا آنے والوں پر ایک اچھا تاثردیتا ہے ساتھ ہی ایک خوش آمدیدی احساس بھی فراہم کرتا ہے۔ چنانچہ داخلی راستے پر مصنوعی پتھروں کی دیوار بنانا اس سلسلے میں کافی فائدہ مند رہے گا۔
کچن میں پتھر کی چھوٹی دیوار خوشگوار اثرات
کچن میں ماربلز ،ٹائلز کا دور ہوا پرانا اگر آپ اپنے کچن کو جدید انداز دینا چاہتے ہیں تو ہماری مانئیے ایک چھوٹی سی پتھر کی دیوار کا اضافہ کچن میں ضرور کیجئیے یہ دیوار بطور آرائش کچن کے سلیپ یا پھر چولہوں کی عقبی دیوار بھی ہوسکتی ہے یہ اسٹائل ایک طرف آپ کے کچن کو ورسٹائل انداز دے گا تو دوسری جانب یہاں جدید انداز کو بھی اجاگر کردے گا ۔
کچن میں استعمال کئے جانے والے پتھر بہت سی اقسام کے ساتھ سادہ روایات کے عین مطابق مختلف سٹائل کا مجموعہ ہوتے ہیںقدرتی پتھر کے ساتھ تعمیر کی گئی دیوار ایک جدید باورچی خانے کے ڈیزائن کو زیادہ پُرکشش رکھنے کا انتظام کرتی ہے۔
باتھ روم میں باتھ ٹب کے عقب پر بنے پتھر کی دیوار
اکیسویں صدی میں باتھ روم کی سجاوٹ پر بھی خاصی توجہ دی جانے والی لگی ہے اور باتھ روم میں خوشگواریت کا احساس دینے کے لئے اگر آپ یہاں بھی پتھر کی سادہ دیوار کا اضافہ کرلیں تو یہ اسٹائل آپ کے باتھ روم کی دلکشی میں مزید اضافہ کردے گا۔
ماہرین کے مطابق باتھ روم میںقدرتی پتھروں کا استعمال وہ بھی دیواروں پر ایک بہترین انتخاب ہے جس کے ذریعے ایک خاص تاثر اور احساس آسانی سے پیدا کیا جا سکتا ہے۔
ڈرائنگ روم میں اصلی نہیں مصنوعی پتھر کی دیوار
ڈرائنگ روم میں کسی ایک دیوار پر توجہ مرکوز رکھنا مشکل ہوتا ہے۔ ڈرائنگ روم میں مصنوعی پتھروں سے دیوار کی تعمیر مکینوں کو فوکل پوائنٹ بآسانی فراہم کرسکتی ہے۔اس دیوار پر مختلف اسٹائل کے شیلف لگاکر آپ آرائشی اشیاء کا استعمال بھی بخوبی کرسکتے ہیں۔
دوسری جانب اس دیوار کے لئے روشنی کا مناسب انتظام آپ کے کمرے کی سجاوٹ میں نمایاں طور پر نظر آئے گا۔مصنوعی پتھروں سے بنی دیوار کو نمایاں کرنے کے لئے مختلف آرائشی اشیاء کا استعمال بھی بخوبی کیا جاسکتا ہے جیسا کہ آرائشی شیشہ۔۔
ڈائننگ روم میں دیہی طرز
قدرتی پتھروں سے تعمیر کی گئی دیوار اُن افراد کےلئے بہترین ہے جو اپنے گھرکی سجاوٹ کے انداز کو دیہی طرزدینا چاہتے ہیں۔ یہ ضروری نہیں کہ آپ تمام دیواریں پتھروں سے بنائیں۔کھانے پینے کے کمرے میں ایسی ایک دیوار بھی دیہی تاثر دینے کے لئے کافی ہے۔
پتھری دیواروں کے ساتھ مختلف مٹیریل کا ملا جلا رجحان
جیسا کہ مختلف مٹیریل کا ملاپ جمالیاتی طور پر بہت بھلا اور منفرد محسوس ہوتا ہے، اسی طرح مختلف تعمیراتی سٹائل کا انداز آپ کےکمروں کو بہت پُرکشش بنا سکتا ہے پتھروں سے بنی دیوار کمرے کو ایک دیہی انداز دے گی جبکہ جدید انداز کا فرنیچر اس دیوار کو جدید زمانے کے عین مطابق بنا ئے گا ساتھ ہی بہت آرام دہ بھی۔
بیڈروم میں بھی پتھر کی دیوار
اگرچہ بیڈروم میں پتھر کی دیوار کی تعمیر کوئی نیا انداز نہیں لیکن ایک منفرد انداز ہے دوسری جانب اگر آپ اپنے بیڈروم میں نئی جدت کے خواہشمند ہیں تو قدرتی پتھروں کا استعمال ایک دیوار کے بجائےتمام دیواروں کے لئے کریں کیونکہ خوابگاہ پتھری دیواروں کےلئے سب سے مناسب جگہ ہے۔
دوسری جانب ان دنوںسفید رنگ کی پتھری دیواروں کا بھی اسٹائل خاصا مقبول ہے چنانہ آپ بھی اب پتھری دیواروں کی تعمیر اور ان سے بطور آرائش کے دلدادہ ہوجائیں اور اپنی خوابگاہ سمیت گھر کے مختلف حصوں کی کی سجاوٹ کے بارے میں سوچنا شروع کردیں۔