• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
سلائیڈنگ دروازوں اور کھڑکیوں کی تعمیر

مہمانوں کو خوش آمدید کہنا ہو،روشنی اور ہواؤں کو گھر میں آنے کی دعوت دینا ہو،یا پھر آپ کی جنت(گھر) کو مٹی اور دھول سے بچانا ہو، گھر کے دروازے مکینوں کے ساتھ ہر لمحہ موجود رہتے ہیں ۔جس طرح کسی بھی انسان کے لئے کچن اور گھر کے کمروں کا خوبصورت ہونا ضروری ہے اسی طرح اس کی خواہش ہوتی ہے کہ گھر کے دروازے بھی نہ صرف مضبوط ہوں بلکہ جدید اوراسٹائلش بھی ہوں۔

دروازہ کسی بھی گھر کے لئے ایک بہت کارآمد اوربنیادی ضرورت کے طور پر تسلیم کیا جاتا ہے چاہے وہ اندرونی جگہ پر لگایا جائے یا بیرونی۔ اسکے بہت سے فوائد دیکھے جاتے ہیں اور اسکی اہمیت ہر اس انسان کو بخوبی پتہ ہوگی جس کے گھر میں کسی بھی قسم کا قیمتی سامان موجود ہوگا۔ 

اگر بات کی جائے دروازوں کی اہمیت یا ان کے فوائد کی تاس کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ دروازے کسی بھی جگہ، انسان یا سامان کو حفاظت فراہم کرتے ہیں۔اگرچہ دروازوں کے لئے لکڑی کی اہمیت سےآج بھی کسی کو انکار ممکن نہیں لیکن اگر یہ بنیادی ضرورت پائیدار ہونے کے ساتھ ساتھ خوبصورت بھی ہو تو اسکا فائدہ اور دلکشی دگنی ہوجاتی ہے یہی وجہ ہے لکڑی کے ہمراہ اکیسویں صدی کے تقاضوں کے مطابق نت نئے مٹیریل اور دروازوں کے ڈیزائن مارکیٹ میں متعارف کروائے جارہے ہیں۔سلائیڈنگ دروازے انھیں میں سے ایک ہیں اگر چہ ان کا استعمال عوام میں بالکل نیا نہیں لیکن ان کے جدید ڈیزائن اور طریقہ بالکل نئے ہیں تو آئیے بات کرتے ہیں ان دروازوں کی اہمیت اور انفرادیت پر۔۔۔

ڈرائنگ روم اور شیشےکا سلائیڈنگ دروازہ

ڈرائنگ روم کسی بھی گھر میں اہمیت کا حامل گوشہ تسلیم کیا جاتا ہے۔چونکہ یہ مہمانوں اور گھر کے مکینوںمیں سب سے زیادہ استعمال ہونے والا کمرہ ہے اس لئے خواتین ڈرائنگ روم کی آرائش وتزئین پر خاصی توجہ دیتی نظر آتی ہیں۔اور اگر آپ بھی ڈرائنگ روم میں کچھ جدت کے خواہشمند ہیں تو سادہ دروازوں کے بجائے شیشے کے سلائیڈنگ دروازوں کی تعمیر کرائیں ایشیائی طرز کے سلائیڈنگ شیشے کے دروازے جدید طرز سجاوٹ میں خاصے مقبول ہیں۔ ان کے اوپر اطراف میں ہلکا ڈیزائن بھی بنوایا جاسکتا ہے جو انکو جاذب نظر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا دوسری جانب یہ مت بھولیں کہ شیشے کے دروازے روشنی اندر آنے کا بہترین ذریعہ بھی تسلیم کئے جاتے ہیں۔ ان دروازوں کی خاص بات یہ ہے کہ انکے قبضے مضبوط بنائے جاتے ہیں جسکی وجہ سے اسکی مضبوطی میں اضافہ ہوتا ہے۔

فروسٹڈ شیشے اورکالے فریم میں جڑے سلائیڈنگ دروازے

آج کل زیادہ تر لوگ مہنگائی کے پیش نظرکھڑ کیوں کے لئے پردوں کے بجائے فروسٹڈ شیشوں کا استعمال کرتے ہیں لیکن جس طرح خوبصورتی اور جدت کے لئے پردوں کا استعمال لازمی اسی طرح مناسب مٹیریل کا استعمال بھی کارآمد جگہ پر ہی لازمی ہے ۔کچن کا دروازہ فروسٹڈ شیشوں کے لئے بہترین اور مناسب انتخاب ہے۔آپ کے کچن کے لئے فروسٹڈ شیشے اور کالے فریم کا ملنا ایسا ہی ہےجیسے انڈسٹریل اسٹائل اور کلاسک ڈیزائن کا ملاپ ہو۔

سلائیڈنگ کھڑکیاں

اگرچہ کھڑکیوں کا سب سے مشہور ڈیزائن فرانسیسی اسٹائل تسلیم کیا جاتاہے۔جو کہ گھر کے مکینوں کے لئے خاص روشنی اور ہوا کے طور پربنوائے جاتےہیں۔ اگر آپ کے شہر میں بھی گرمی طویل عرصہ کے لیئے آتی ہے تو یہ ڈیزائن آپ کے لئے بہترین ہوسکتا ہے جس کی مناسب جگہ آپ کا بیڈروم ہے یہ ڈیزائن جدید ہونے کے ساتھ فعال بھی ہوتے ہیں ۔ یہ ایک سادہ کمرے کو ایک خاص وضع دیتے ہیں۔ یقینا یہ ایک اچھی انویسٹمنٹ ہے اور اگر اس اسٹائل کی کھڑکیوںکو سلائیڈنگ دروازوں کے ہمراہ بنوایا جائے تو کیا کہنے ۔۔۔یہ انتخاب آپ کے بیڈروم کی خوبصورتی میں چار چاند لگادے گا۔

کچن میں سلائیڈنگ دروازوں والے کیبنٹ

کچن میں لکڑی کا استعمال زیادہ تر گھروں میں دیکھنے میں آتا ہے اور اگر یوں کہا جائے کہ اس جدید دور میں لکڑی کی اہمیت کم نہیں ہوئی تو بے جا نہ ہوگا۔ اگر آپ سلائیڈنگ دروازوں کو کچن میں دیکھنا چاہتے ہیں تو آپ کے کیبنٹ سے بہتر انتخاب کیا ہوگا ۔ مضبوط لکڑی سے تیار کردہ سلائیڈنگ کیبنٹ آپ کے کچن کی شان بڑھانے کے لئے کافی ہیں۔

تازہ ترین
تازہ ترین