• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کاسٹک سوڈا کی قیمت 5ماہ میں 11500روپےبڑھ گئی،تنویرصوفی

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پاکستان سوپ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے چیئرمین تنویر احمد صوفی نے کہا ہے کہ 5ماہ میں کاسٹک سوڈا کی قیمت میں فی میٹرک ٹن 11ہزار500روپے کا اضافہ ہو چکا،انہوں نے کاسٹک سوڈا مینوفیکچررز کی جانب سے قیمتوں میں مسلسل اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کاسٹک سوڈا سوپ انڈسٹری کا لازمی اور بنیادی خام مال ہے۔ کاسٹک سوڈا مینوفیکچررز نے گزشتہ 6 ماہ کے عرصہ میں 5 مرتبہ اضافہ کیاجو بڑھتے بڑھتے 45,500 روپے سے 57,000 روپے تک جا پہنچا ہے۔ کاسٹک سوڈا مینوفیکچررز قیمتوں میں اضافے کا سبب بتاتے ہوئے کہتے ہیں کہ اس کی قیمتیں بین الاقوامی مارکیٹ میں بڑھ رہی ہیں جبکہ حقیقت یہ ہے کہ کاسٹک سوڈا مینوفیکچررز اسے ایکسپورٹ بھی کررہے ہیں۔ اس طرح وہ دہرا منافع کما رہے ہیں یعنی بین الاقوامی مارکیٹ میں بھی قابل قدر قیمت کی سطح کا فائدہ اٹھا رہے ہیں اور مقامی انڈسٹری کو اضافی قیمتوں پر فروخت کررہے ہیں جو سراسر ناانصافی اور غیر منطقی ہے۔تنویر صوفی نے مزید کہا کہ حکومت نے کاسٹک سوڈا مینوفیکچرنگ انڈسٹری کو تحفظ دیا ہوا ہے جس کا وہ غلط فائدہ اٹھا رہے ہیں اور خود کاسٹک سوڈا برآمد کررہے ہیں۔ بین الاقوامی مارکیٹ نے قیمت کی سطح کو ان کے حق میں کردیا ہے ۔عرصہ دراز سے سوپ انڈسٹری کاسٹک سوڈا کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کو خاموشی سے برداشت کررہے آرہے ہیں اور ان کے خلاف صدائے احتجاج بلند نہیں کی لیکن اب انتہا ہوچکی ہے اور صابن سازی کی صنعت بری طرح متاثر ہے۔سوپ ایسوسی ایشن کے چیئرمین تنویر صوفی نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے اور چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار سے اپیل کی ہے کہ وہ ناانصافی کا فوری نوٹس لیں تاکہ صابن سازی کی مقامی صنعت مکمل تباہی اور ملک بڑے پیمانے پر بیروزگاری سے بچ جائے۔
تازہ ترین