برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی اور بارڈر فورس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ویسٹ سسیکس کے ساحلی علاقے چیچسٹر مرینا میں ایک ایسی یاٹ کو روکا جس کے ذریعے 7 افراد کو غیر قانونی طور پر برطانیہ لایا جا رہا تھا۔
حکام کے مطابق کارروائی پیر 25 مئی کی شام کو کی گئی، کشتی میں موجود عملے کے دو ارکان 42 سالہ برطانوی شہری اور 25 سالہ البانوی شہری کو غیر قانونی امیگریشن میں سہولت فراہم کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔
اس کے علاوہ تین مزید افراد، جن میں ایک برطانوی اور دو البانوی شہری شامل ہیں، کو بھی انسانی اسمگلنگ کے شبہے میں حراست میں لیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ افراد کشتی کے ساحل پر پہنچنے کے بعد استقبال اور مدد کے لیے موجود تھے۔
این سی اے کے مطابق گرفتار افراد سے تفتیش جاری ہے۔ تین افراد کو مزید تحقیقات تک ضمانت پر رہا کر دیا گیا ہے جبکہ دو البانوی شہری بدستور امیگریشن حراست میں ہیں۔ کشتی میں موجود ساتوں افراد البانوی شہری ہیں اور ان کے معاملات امیگریشن حکام کے حوالے کر دیے گئے ہیں۔
این سی اے کے برانچ کمانڈر نے کہا کہ انسانی اسمگلنگ میں ملوث گروہوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور ایسے نیٹ ورکس کو ختم کرنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے۔
برطانوی حکومت نے بھی اس کارروائی کو انسانی اسمگلنگ کے خلاف اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ غیر قانونی طریقوں سے لوگوں کو برطانیہ لانے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔