پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک اور ان کی اہلیہ ،بھارتی ٹینس اسٹارثانیہ مرزا نے سوشل میڈیا کے ذریعے خوش خبری سنائی ہے کہ اکتوبر میں اُن کے ہاں پہلےبچے کی ولادت ہونے والی ہے۔بچے کا نام وہ پہلے ہی طے کرچکے ہیں کہ بیٹاہوا یا بیٹی ، اس کے نام کے ساتھ ’مرزاملک ‘ ضرور لگے گا۔
شعیب ملک اور ثانیہ مرزا دونوں اپنے اپنے ملکوں کی نمائندگی کرتے ہیں اور انہوں نے شادی کے باوجود ایک دوسرے کے ملک کی شہریت اختیار نہیں کی ۔اس صورتحال میں یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ ان کا ہونے والا بچہ انڈین ہو گا یا پاکستانی؟
پاکستانی قوانین کے مطابق ثانیہ مرزا ، شعیب ملک سے شادی کے بعد پاکستانی شہریت حاصل کر سکتی تھیں۔اگر وہ ایسا کرتیں تو ان کی انڈین شہریت خود بہ خود ختم ہو جاتی تاہم انہوں نے ایسا نہیں کیا۔اسی طرح بھارتی قانون کو دیکھا جائے تو انڈین خاتون کے ہاں پیدا ہونے والا ہربچہ انڈین شہری ہی کہلائے گا۔
اس لحاظ سے دیکھا جائے تو شعیب ملک کا بچہ پیدائشی طور پر انڈین ہوگاتاہم اٹھارہ سال کی عمر کے بعد اگروہ چاہے تو پاکستانی شہریت اختیار کر سکتا ہے۔ابھی یہ بھی واضح نہیں ہے کہ بچے کی پیدائش کون سے ملک میں ہو گی۔ ہوسکتا ہے پیدائش کا مقام پاکستان ہو نہ بھارت بلکہ متحدہ عرب امارات ہو جہاں شعیب اور ثانیہ اکثراکٹھے وقت گزارتے ہیں۔
سوشل میڈیا پر شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کےپرستاروں نے آنے والے ننھے مہمان کو پہلے ہی ’سائوتھ ایشین رائل بے بی‘ کا خطاب دے دیا ہے۔بہت سوں کو یہ اُمید بھی پیدا ہو چلی ہے کہ ’مرزا ملک‘ پاکستان اور بھارت کے مابین امن کی نوید ثابت ہو گا۔ساتھ ساتھ یہ سوال بھی اُٹھایا جا رہا ہے کہ بچہ کرکٹ کھیلے گا یا ٹینس؟آیا وہ پاکستان کی طرف سے کھیلے گا یا بھارت کی نمائندگی کرے گا؟
ثانیہ مرزا پہلے ہی اس کا جواب دے چکی ہیں ۔دوسال قبل ایک ٹی وی شو میں جب ساجدخان نے ثانیہ سے پوچھا کہ اگر آپ کا بچہ اسپورٹس پرسن ہوا تو پاکستان کی طرف سے کھیلے یا بھارت کی طرف سے؟ثانیہ مرزا کا جواب تھا، ضروری نہیں کہ ان کا بچہ اسپورٹس پرسن ہی بنے۔وہ اداکار، ٹیچر یا ڈاکٹر بھی بن سکتا ہے۔