پاکستانی کرکٹ کےشاندار ماضی پر نظر رکھنے والے جانتے ہیں کہ دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کرنے میں محمد برادران کا کتنااہم کردار رہا ہےاور ملک کا پرچم اونچا کرنے کے ساتھ ساتھ حنیف محمد، مشتاق محمد اورصادق محمد نے خود بھی بہت نام کمایا۔ان کے بعد وسیم حسن راجہ اور رمیزراجہ نے بھی پاکستان کی نمائندگی کی۔رمیزراجہ قومی ٹیم کے کپتان بھی رہے۔
دُنیائے کرکٹ کی باقی ٹیموں میں بھی بھائیوں کی جوڑیاں کھیل چکی ہیں جن میں زمبابوے کے فلاوربرادران بھی شامل ہیں۔اینڈی فلاوروکٹ کیپر بیٹسمین تھے اور وہ زمبابوے کے کپتان بھی رہے جبکہ ان کے بھائی گرانٹ فلاوراوپننگ بیٹسمین تھے۔
بھارت کے پانڈیابرادران کرکٹ کے ’’بھائی لوگ کلب‘‘ کے تازہ ممبر ہیں۔ ہردیک پانڈیا بھارت کی طرف سے کھیل چکے ہیں جبکہ ان کے بھائی کرونل پانڈیا کو ابھی ملک کی طرف سے کھیلنے کا موقع نہیں ملاتاہم آئی پی ایل میں دونوں بھائی ممبئی کی نمائندگی کرتے ہیں۔
عرفان پٹھان اور یوسف پٹھان بھی بھارت ہی کی نمائندگی کرتے ہیں۔ عرفان پٹھان آل رائونڈر ہیں جبکہ ان کے بڑے بھائی یوسف پٹھان ہارڈ ہٹنگ بیٹسمین ہیں۔دونوں بھائی آئی پی ایل میں ایک دوسرے کی مخالف ٹیموں میں ہیں ۔
میکلم برادران کا تعلق نیوزی لینڈ سے ہے۔برینڈن میکلم اپنے ملک کی کپتانی کر چکے ہیں جبکہ ان کے بڑے بھائی ناتھن میکلم آل رائونڈر ہیں۔برینڈن بہت تیز کھیلتے ہیں اور ان دنوں آئی پی ایل میں بنگلور کی نمائندگی کر رہے ہیں۔
بریٹ لی اور شین لی کا تعلق آسٹریلیا سے ہے۔بریٹ لی بہت تیز رفتار بولر تھے اور ان کا مقابلہ پاکستان کے راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر کے ساتھ رہتا تھا۔ان کے بھائی شین لی آل رائونڈر تھے ۔
آسٹریلیا ہی سے تعلق رکھنے والے ہسی برادران نے بھی دُنیائے کرکٹ میں خوب دھوم مچائی۔مائیک ہسی بہت ہونہار بیٹسمین تھےاور انہوں نے ٹیسٹ میچوں کے ساتھ ساتھ ون ڈے میں بھی آسٹریلیا کی نمائندگی کی ۔ان کے چھوٹے بھائی ڈیوڈ ہسی نے بھی دونوں فارمیٹس میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے۔
اکمل برادران کا تعلق پاکستان سے ہے۔کامران اکمل وکٹ کیپر بیٹسمین ہیںجبکہ ان کے چھوٹے بھائی عمر اکمل مڈل آرڈر بیٹسمین ہیں۔ دونوں انتہائی باصلاحیت ہیں تاہم ان دنوں قومی ٹیم میں اپنی جگہ بنانے میں ناکام ہیں۔ پی ایس ایل میں کامران اکمل کی کارکردگی متاثر کن تھی اس کے باوجود وہ قومی ٹیم میں جگہ نہ بنا سکے۔ اکمل برادران کے ساتھ ساتھ بھائیوں کی دو اور جوڑیاں سلیم الہی، منظور الہی اور عمران فرحت ، ہمایوں فرحت بھی پاکستان کی نمائندگی کر چکی ہیں۔
مارک وا اور اسٹیو وا کا نام کون نہیں جانتا۔دونوں بھائیوں نے آسٹریلیا کی نمائندگی کی اور کرکٹ کی تاریخ میں اپنی شاندار کارکردگی کے نقوش چھوڑ گئے۔مارک واانتہائی عمدہ بیٹسمین تھے جبکہ ان کے جڑواں بھائی اسٹیووا آسٹریلیا کے کپتان بھی رہے۔
مارش برادران کا تعلق بھی آسٹریلیا سے ہے۔شان مارش اوپننگ بیٹسمین ہیں۔انہوں نے آئی پی ایل کے پہلے ایڈیشن میں سب سے زیادہ رنز اسکور کیے تھے۔ان کے چھوٹے بھائی مچل مارش بھی دونوں فارمیٹس میں آسٹریلیا کی نمائندگی کر چکے ہیں۔
جنوبی افریقا کے مورکل برادران بھی خاصے مقبول ہیں۔مورن مارکل فاسٹ بولر ہیں جبکہ ان کے بڑے بھائی ایلبی مارکل آل رائونڈر ہیں ۔ دونوں بھائی اپنے ملک کی نمائندگی کرچکے ہیںاور لاکھوں کی تعداد میں لوگ ان کے پرستار ہیں۔
چیپل برادران کانام بھی کبھی دُنیائے کرکٹ کے آسمانوں پر ستاروں کی طرح جگمگاتا تھا۔آسٹریلیا کی نمائندگی کرنے والے چیپل برادران اپنے وقت کے عظیم کھلاڑی تھے۔آئن چیپل عملی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کے بعد آج کل کمنٹری کرتے ہیں۔ان کے چھوٹے بھائی گریگ چیپل نے شاندار کرکٹ کھیلی ۔ریٹائرمنٹ کے بعد وہ کچھ عرصہ بھارتی ٹیم کے کوچ بھی رہے۔
کرو برادران کا تعلق نیوزی لینڈ سے ہے۔مارٹن کرو اپنے ملک کے عظیم کرکٹر مانے جاتے ہیں۔ان کے بڑے بھائی جیف کرو بھی منجھے ہوئے کھلاڑی تھے۔ دونوں بھائیوں نے اپنے ملک کی نمائندگی کرتے ہوئے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔