• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
یہ نہ تھی ہماری قسمت

کرنل محمّد خان

کرنل محمد خان کا شمار پاکستان کےنامور مزاح نگاروں میں ہوتا ہے،جنہوں نے اپنی شگفتہ تحریروں کے ذریعے قارئین علم وادب کو متاثر کیا۔ وہ پاک فوج کے شعبۂ تعلیم کے ڈائریکٹر تھے۔ ملازمت کے دوران انہوںنے کتاب ’’بجنگ آمد ‘‘تصنیف کی جو ایک مزاحیہ سوانح ہے، ان کی اس کتاب کو اردو ادب میں سنگِ میل کی حیثیت حاصل ہے۔ ان کی دیگر تصانیف میں ’’بہ سلامت روی‘‘ اور ’’بزم آرائیاں‘‘ کے علاوہ تراجم پر مشتمل ایک کتاب ’’بدیسی مزاح‘‘ بھی شامل ہے-اردو مزاح کو کرنل محمد خان نے ایک نیا بانکپن بخشا ۔

بزم آرائیاں" 1980ء میں شائع ہوئی، اس میں متفرق مضامین اور کہانیاں شامل ہیں" یہ مضمون بھی ان کی اسی کتاب سے لیا گیا ہے

رضیہ ہماری توقع سے بھی زیادہ حسین نکلی اور حسین ہی نہیں کیا فتنہ گر قد و گیسو تھی۔

پہلی نگاہ پر ہی محسوس ہوا کہ initiative ہمارے ہاتھ سے نکل کر فریقِ مخالف کے پاس چلا گیا ہے۔ یہی وجہ تھی کہ پہلا سوال بھی ادھر سے ہی آیا

’’تو آپ ہیں ہمارے نئے نویلے ٹیوٹر؟‘‘

اب اس شوخ سوال کا جواب تو یہ تھا کہ ’’تو آپ ہیں ہماری نئی نویلی شاگرد؟‘‘

لیکن سچی بات یہ ہے کہ حسن کی سرکار میں ہماری شوخی ایک لمحے کےلیے ماند پڑ گئی اور ہمارے منہ سے ایک بے جان سا جواب نکلا،’’جی ہاں، نیا تو ہوں ٹیوٹر نہیں ہوں۔ مولوی صاحب کی جگہ آیا ہوں۔‘‘

’’اس سے آپ کی ٹیوٹری میں کیا فرق پڑتا ہے؟‘‘

’’یہی کہ عارضی ہوں ‘‘۔’’اچھاتو عارضی ٹیوٹر صاحب ،ہمیں ذرا اس مصیبت سے نجات دلا دیں۔‘‘رضیہ کا اشارہ دیوانِ غالب کی طرف تھا۔ میں نے قدرے متعجب ہو کر پوچھا ،’’آپ دیوان غالب کو مصیبت کہتی ہیں؟‘‘

’’جی ہاں! اور خود غالب کو بھی۔‘‘’’میں پوچھ سکتا ہوں کہ غالب پر یہ عتاب کیوں؟‘‘

’’آپ ذرا آسان اردو بولیے،عتاب کسے کہتے ہیں؟‘‘

عتاب غصے کو کہتے ہیں‘‘۔’’غصہ؟‘‘۔’’ ہاں غصہ اس لئے کہ غالب صاحب کا لکھا تو شاید وہ خود بھی نہیں سمجھ سکتے، پھر خدا جانے پورا دیوان کیوں لکھ مارا؟

’’اس لئے کہ لوگ پڑھ کر لذت اور سرور حاصل کریں‘‘۔

’’نہیں جناب، اس لئے کہ ہر سال سینکڑوں لڑکیاں اردو میں فیل ہوں۔‘‘

’’محترمہ،میری دلچسپی فقط ایک لڑکی میں ہے، فرمایئے آپ کا سبق کس غزل پر ہے؟‘‘جواب میں رضیہ نے ایک غزل کے پہلے مصرع پر انگلی رکھ دی لیکن منہ سے کچھ نہ بولی۔ میں نے دیکھا تو غالب کی مشہور غزل تھی۔

یہ نہ تھی ہماری قسمت کہ وصالِ یار ہوتا

میں نے کہا..’’یہ تو بڑی لا جواب غزل ہے ذرا پڑھیئے تو‘‘۔

’’میرا خیال ہے آپ ہی پڑھیں ‘‘۔ ’’میرے پڑھنے سے اس کی لا جوابی پر کوئی ناگوار اثر نہ پڑے۔‘‘

مجھے محسوس ہوا کہ ولایت کی پڑھی ہوئی رضیہ صاحبہ باتونی بھی ہیں اور ذہین بھی لیکن اردو پڑھنے میں غالباً اناڑی ہی ہیں، میں نے کہا،’’میرے پڑھنے سے آپ کا بھلا نہ ہوگا،آپ ہی پڑھیں کہ تلفظ بھی ٹھیک ہو جائے گا۔‘‘

رضیہ نے پڑھنا شروع کیا اور سچ مچ جیسے پہلی جماعت کا بچہ پڑھتا ہے۔

” یہ نہ تھی ہماری قس مت کہ وصل۔۔۔۔۔۔۔

میں نے ٹوک کر کہا

’’یہ وصل نہیں وصال ہے، وصل تو سیٹی کو کہتے ہیں۔‘‘

رضیہ نے ہمیں سوالیہ نظروں سے دیکھا، ہم ذرا مسکرائے اور ہمارا اعتماد بحال ہونے لگا۔

رضیہ بولی

’’اچھا، وصال سہی، وصال کے معنی کیا ہوتے ہیں؟‘‘

’’وصال کے معنی ہوتے ہیں ملاقات، محبوب سے ملاقات، آپ پر مصرع پڑھیں۔‘‘

رضیہ نے دوبارہ مصرع پڑھا۔ پہلے سے ذرا بہتر تھا لیکن وصال اور یار کو اضافت کے بغیر الگ الگ پڑھا۔ اس پر ہم نے ٹوکا۔

’’وصال یار نہیں وصالِ یار ہے۔ درمیان میں اضافت ہے‘‘۔

’’اضافت کیا ہوتی ہے؟ کہاں ہوتی ہے‘‘؟

’’یہ جو چھوٹی سی زیر نظر آرہی ہے نا آپ کو، اسی کو اضافت کہتے ہیں۔‘‘

’’تو سیدھا سادا وصالے یار کیوں نہیں لکھ دیتے‘‘؟

’’اس لئے کہ وہ علما کے نزدیک غلط ہے۔”۔۔۔۔۔۔ یہ ہم نے کسی قدر رعب سے کہا‘‘۔

’’علما کا وصال سے کیا تعلق ہے‘‘؟

’’علما کا تعلق وصال سے نہیں زیر سے ہے۔‘‘

’’اچھا جانے دیں، مطلب کیا ہو‘‘ا؟

’’شاعر کہتا ہے کہ یہ میری قسمت ہی میں نہ تھا کہ یار سے وصال ہوتا‘‘۔

’’قسمت کو تو غالب صاحب درمیان میں یونہی گھسیٹ لائے، مطلب یہ کہ بے چارے کو وصال نصیب نہ ہوا‘‘۔

’’جی ہاں کچھ ایسی ہی بات تھی‘‘۔

’’کیا وجہ‘‘؟

’’میں کیا کہہ سکتا ہوں‘‘؟

’’کیوں نہیں کہہ سکتے ، آپ ٹیوٹر جو ہیں‘‘۔

’’شاعر خود خاموش ہے‘‘۔

’’تو شاعر نے وجہ نہیں بتائی، مگر یہ خوش خبری سنادی کہ وصال میں فیل ہوگئے‘‘؟

” جی ہاں فی الحال تو یہی ہے، آگے پڑھیں‘‘۔

رضیہ نے اگلا مصرع پڑھا۔ ذرا اٹک اٹک کر ،مگر ٹھیک پڑھا۔

اگر اور جیتے رہتے یہی انتظار ہوتا

میں نے رضیہ کی دلجوئی کے لئے ذرا سرپرستانہ انداز میں کہا

’’شاباش، آپ نے بہت اچھا پڑھا ہے‘‘۔

’’اس شاباش کو تو میں ذرا بعد میں فریم کراؤں گی، اس وقت ذرا شعر کے پورے معنی بتادیں‘‘۔

ہم نے رضیہ کا طنز برداشت کرتے ہوئے کہا،’’مطلب صاف ہے، غالب کہتا ہے، قسمت میں محبوبہ سے وصال لکھا ہی نہ تھا، چنانچہ اب موت قریب ہے، مگر جیتا بھی رہتا تو وصال کے انتظار میں عمر کٹ جاتی‘‘۔

” توبہ اللہ، اتنا Lack of confidence یہ غالب اتنے ہی گئے گزرے تھے‘‘؟

’’گئے گزرے، نہیں تو۔۔۔ غالب ایک عظیم شاعر تھے‘‘۔

’’شاعر تو جیسے تھے، سو تھے لیکن محبت کے معاملے میں گھسیارے ہی نکلے‘‘۔

تازہ ترین
تازہ ترین