• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
کراچی (اسٹاف رپور ٹر) پاکستان تحریک انصاف کی سابق بانی رہنما فوزیہ قصوری نے پاک سر زمین پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی ، یہ اعلان انہوں پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین مصطفیٰ کمال اور صدر انیس قائم خانی کے ہمراہ پاکستان ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پی ایس پی 2 سال میں پاکستان کی سب سے تیزی سے ابھرتی ہوئی جماعت بن گئی ہے، آج الیکشن لڑے بغیر ہمارے 16 ایم پی ایز اور 4 ایم این ایز ہیں کیونکہ وہ ہمارے فکر و فلسفے سے متاثر ہو کر ہمارے ساتھ شامل ہوئے، پاکستان کے مظلوم لوگ ہماری طرف دیکھ رہے ہیں، آج فوزیہ قصوری کے شامل ہونے سے ہمارے نظریے کی توثیق ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگ ہمیں فائدہ اور نقصان دیکھ کر جوائن نہیں کر رہے، غلط اور صحیح کا فیصلہ کرکے ہمارے ساتھ جڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر انتخابات سے قبل صوبے بنانے کا خیال آجاتا ہے، وزیراعلیٰ ایم کیو ایم پر لعنت بھیج رہے ہیں اور ایم کیو ایم کو اب اس پر لسانی سیاست کرنے کا موقع مل گیا، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم ایک دوسرے کو سپورٹ کر رہے ہیں یہ نورا کشتی صرف عوام کو دکھانے کیلئے ہے، ایک سندھ کارڈ اور ایک مہاجر کارڈ استعمال کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سب سے پہلے نواز شریف کے خلاف ایف آئی آر کٹنی چاہیے ، نواز شریف سے تحقیقات ہونی چاہیے کہ انہوں نے ملک دشمنوں کے ساتھ مل کر پاکستان کے خلاف اور کیا کیا کام کیے ہیں۔ اس موقع پر فوزیہ قصوری نے کہا کہ میں نے کبھی اقتدار کی سیاست نہیں کی۔ پی ایس پی مڈل کلاس عوام کی جماعت ہے اور میری تمام جدوجہد بھی عام لوگوں کے لئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان سے میرا کوئی اختلاف نہیں تاہم 2013 کے بعد تحریک انصاف مشن سے ہٹ گئی ہے۔ اس موقع پر سیکریٹری جنرل رضا ہارون، وائس چیئرمینز وسیم آفتاب، افتخار رندھاوا، اشفاق منگی سمیت دیگر مرکزی رہنما بھی موجود تھے۔
تازہ ترین