• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان بوائے اسکائوٹس ایسو سی ایشن کے معاملات پر کارروائی،قائم مقام نیشنل سیکریٹری کو شوکاز نوٹس

پاکستان بوائے اسکائوٹس ایسو سی ایشن کے معاملات پر کارروائی،قائم مقام نیشنل سیکریٹری کو شوکاز نوٹس

کراچی(سید محمد عسکری اسٹاف رپورٹر) بین الصوبائی رابطے کی وفاقی وزارت نے طویل عرصے بعد بالآخر پاکستان بوائے اسکائوٹس ایسوسی ایشن کے معاملات پر کارروائی کا آغاز کردیا ہے اور اس سلسلہ میں سب سے پہلے پاکستان بوائے اسکائوٹ ایسوسی ایشن کے قائم مقام نیشنل سیکرٹری زاہد محبوب کے خلاف ایکشن لیتے ہوئے شوکاز نوٹس جاری کردیا گیا ہے، جس میں زاہد محبوب پر نو الزامات لگائے گئے ہیں، ان میں لاکھوں روپے کی خوردبوردسے لے کر انتظامی امور میں غفلت جیسے سنگین الزامات شامل ہیں، تفصیلات کے مطابق پاکستان بوائے اسکائوٹ ایسوسی ایشن پچھلے آٹھ ماہ سے اندرونی انتشار کے باعث غیرفعال تھی اور اس کی انتظامی سربراہ راحیلہ درانی کی اکتوبر 2017ء کو بحیثیت چیف اسکائوٹ کمشنر مدت مکمل ہوجانے کے بعد اس عہدے کا الیکشن نہیں ہورہا تھا، اس عہدے کے لئے نیشنل کونسل کے اراکین کو نئی مدت کیلئے نیا چیف کمشنر منتخب کرنا تھا مگر راحیلہ درانی نے لاہور ہائیکورٹ کے خفیہ طریقہ رائے دہی کے فیصلے پر عملدرآمد نہ کرتے ہوئے الیکشن کیلئے بلایا جانے والا نیشنل کونسل کا اجلاس اچانک ملتوی کردیا تھا، اس کے بعد آٹھ ماہ سے یہ عہدہ خالی تھا اور زاہد محبوب اس کے چیف ایگزیکٹو بنتے ہوئے پورے ملک میں اسکائوٹنگ کا کام چلارہے تھے، دراصل زاہد محبوب ڈائریکٹر ٹریننگ ہیں مگر انہیں نیشنل سیکرٹری کا اضافی عہدہ دے دیا گیا تھا، اس ضمن میں جنگ نے متعدد رپورٹس کے ذریعہ ملک کی اس سب سے بڑی غیرسرکاری ارو غیرسیاسی این جی او کے غیر فعال ہونے کی طرف حکومت کی توجہ مبذول کرائی تھی، اب بین الصوبائی وزارت نے جو ا س تنظیم کی انتظامی وزارت ہے، مراسلہ نمبر F.11-1/2013ICC (S-II) کے تحت ایڈیشنل سیکرٹری ایڈمن کے دستخط سے زاہد محبوب کے خلاف شوکاز نوٹس جاری کیا ہے، جس میں ان کی جانب سے سب سے بڑا الزام ایسوسی ایشن کے ضابطوں کو متعلقہ اتھارٹی سے منظور نہ کرانا ہے، اس کے علاوہ لاکھوں روپے کی خورد بورد اور اپنے منظور نظر افراد کو غیرقانونی طریقے سے نوازنے کے الزامات بھی ہیں، زاہد محبوب سے کہا گیا ہے کہ وہ 14 دن میں شوکاز کا جواب دیں ورنہ ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی جو ملازمت سے برطرفی بھی ہوسکتی ہے، دریں اثناء معلوم ہوا ہے کہ وزارت اب صوبائی ایسوسی ایشن میں ہونے والی بدعنوانیوں کے متعلق بھی شکایات کے ازالے کیلئے اقدامات کرے گی۔

تازہ ترین