عید میں چند دن رہ گئے ہیں ، اور عید کے دن گھر کو کچھ نیا دکھانے کیلئے آپ کے ذہن میں کئی آئیڈیاز آرہے ہوںگے ۔ آپ اپنے ارد گرد نظریں دوڑا کر سوچ رہے ہوں گے کہ گھر کے کونسے حصے یا دیوار کی رینوویشن کی جائے ،لیکن آپ اپنے قدموں کے نیچے موجود فرش کو بھول رہے ہیں ،جو آپ کے گھر کے داخلی دروازے سے لے کر آپ کے بیڈ روم تک جڑا رہتا ہے، اسی فرش پر آپ چلتے ہیں، بیٹھتے ہیں، اور بہت سے اپنا دسترخوان بھی اسی پر بچھا کر کھانا کھاتے ہیں۔ تو کیوں ناں، فرش کو جدید بنانے کے آئیڈیاز پر کام کریں۔
آج کل چونکہ فرش صرف سیمنٹ یا ماربل کاہی نہیں ہوتا بلکہ لکڑی ، وینائل ، کارک یا لیمیننٹ کا بھی ہوتا ہے تو آ پ کے گھر میں جس قسم کا فرش بچھا ہے اس میں اسی حساب سے نیا پن لے آئیں۔
لکڑی سے بنے فرش
اس قسم کے فرش میں لکڑی کو لیمی نیشن سے گزار کر اسے فرش پر لگایا جاتا ہے۔نفیس اشیاء کی دیکھ بھال بھی نفاست سے کی جاتی ہے لہذا اس فرش کی صفائی کیلئے ویکیوم کلینر لازمی جزو ہے۔ اگر پانی سے فرش کو دھونا ہو تو کبھی بھی پانی کو براہ راست فرش پر نہ گرائیں بلکہ وائپر کو گیلا کرنے کے بعد نچوڑ کر پوچا لگائیں ورنہ پانی اپنا داغ لکڑی پر چھوڑ جائے گا۔
لکڑی کچھ عرصے بعد اپنی چمک کھو دیتی ہےتو اگر آپ کا فرش چمک کھورہا ہے تو اس کی پالش کریں۔ فرش کے علاوہ دیگر فرنیچر کو چمکانے کیلئے آپ مندرجہ ذیل طریقے سے یہ پالش گھر پر بنا سکتے ہیں:
ایک کپ بے بی آئل میں آدھا کپ لیموں کا رس شامل کرلیں اور دونوں سیال کو اچھی طرح مکس کرنے کے بعد ایک نرم کپڑے کی مدد سے لکڑی کے فرش اور فرنیچر پر مل لیں۔ اب لکڑی کو گیلے کپڑے سے پونچھنے کے بعد کسی دوسرے صاف کپڑے کو ناریل کے تیل میں ہلکا سا ڈبو کر ہلکے ہاتھ سے لکڑی پر ملیں، لیجئے آپ کا فرش ہو گیا چمکدار۔
ماربل کا فرش
ماربل کی روزانہ صفائی نہایت ضروری ہے۔ گردوغبار اور دھول اس کی چمک کیلئے زہر قاتل ہیں۔ صفائی کیلئے نیم گرم پانی اور نرم ریشوں والے وائپر کو استعمال کریں۔
چپس کا فرش
چپس ماربل کی ہی ایک شکل ہے جسے تھوڑا جدید انداز دیا گیا ہے۔ ماربل کو چھوٹی چھوٹی کنکریوں کی شکل میں سیمنٹ کے مسالے میں لگایا جاتا ہے جس کے بعد اس کی مشین سے رگڑائی کی جاتی ہے۔ اگر آپ نئے چپس لگانا چاہتے ہیں جو مختلف رنگوں یا پیڑن کے ہوں تو یہ بھی اس عید پر آپ کے ایک اچھے آئیڈیا میں شمار ہوگا۔
تھری ڈی فرش
آپ کافرش کنکریٹ کاہو، ماربل یاپھر بھلے لکڑی کا، آپ اس فرش کو ایسی سحر انگیز تصاویر سے سجا سکتے ہیں کہ دیکھنے والوں کو گھر میںجنگل کی رعنائی، سمند ر کا سماں، بادلوں کی سواری جیسےتجربات کا احسا س ہو۔ یہ فریب نظری یا جدّت طرازی تھری ڈی فرش کی مرہونِ منت ہے، جس کا استعمال کرتے ہوئے آپ اس عید پر آئے مہمانوں کو حیران کرسکتے ہیں۔ مثلاََ فرش پر بنی سمند رکی تھری ڈی تصویر سے آپ کو سمندر چلتا ہوا اور جھلملاتا دکھائی دے سکتا ہے۔
آپ 3D فرش خود بھی ڈیزائن کرسکتے ہیںلیکن یہ بات یاد رکھیے کہ کسی بھی کمپنی سے خریدے جانے کی قیمت سرامک ٹائل اور لیمیننٹ فرش کے مقابلے میں کم از کم 5 گنا زیادہ ہے۔ ہر چند 3D فرش کو نصب کرنا اور 3D فرش کی بھرائی واقعی پیچیدہ عمل ہے، لیکن ایک بار یہ ہوجائے تو پھر آپ اور گھر والے بھرپور لطف اٹھا سکتے ہیں۔ 3D فرش تصاویر انٹرنیٹ پر دستیاب ہیں جو آپ کو باآسانی مل سکتی ہیں۔ 3Dفرش کی ڈیزائننگ اور اسے لگانے کے لیے آپ کو ماہرین کی خدمات حاصل کرنی چاہئیں۔
کنکریٹ کا فرش
کنکریٹ کیلئے آپ کو کسی خاص میٹریل کی ضرورت نہیں ہوتی، چھت کے بعد اسی کنکریٹ سے فرش بھی بنایا جاتا ہے۔اگر آپ اس میں جدت لانا چاہیں تو اس فرش میں ماربل کے ٹکڑے لگا کر اسے خوبصورت بنا سکتے ہیں۔اس سے آپ کے فرش میں دلکشی بھی پیدا ہوگی اور طبیعت پر بھی اچھا اثر پڑے گا۔ لیکن ایک بات کا خیال رکھنا پڑے گاکہ صابن یا سرف کو استعمال کرنے سے ماربل کی چمک ماند پڑ جاتی ہے۔ سر دھونے والا شیمپو یا کھانے کا سوڈا (بیکنگ سوڈا) اس سلسلے میں بہترین انتخاب ہیں۔ پانی سے صفائی کے بعد خشک کپڑے سے بھی صاف کریں ورنہ ماربل کے اوپر نشان پڑ جاتے ہیں جو بھدے نظر آتے ہیں۔
ٹائل کا فرش
ٹائل کی کئی اقسام ہیں، غسل خانے کے فرش اور دیواروں کیلئے لازمی طور پر ٹائل کا انتخاب کیا جاتا ہے۔ اگر بجٹ اجازت دے تو ا س کی ٹائلز تبدیل کی جاسکتی ہیں ، آج کل پاکستان میں نقش ونگار سے مزین ملتانی طرز کی خوش رنگ ٹائلز سے لے کر سادہ رنگوں میں سُچی ٹائلیں دستیاب ہیں تو آپ اپنے ذوق کے مطابق ٹائلز کا انتخاب کرکے فرش اور دیواروں کو اچھوتا بنا سکتے ہیں ۔