• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

تھرل، ایکشن اور انٹرٹینمٹ سے بھرپور فلم ’’وجود‘‘

تھرل، ایکشن اور انٹرٹینمٹ سے بھرپور فلم ’’وجود‘‘

محمدناصر/ ریحان احمد

رومانس، تھرل، ایکشن، انتقام اور انٹرٹینمنٹ سے بھر پور فلم ’’وجود‘‘ کا ان دنوں بہت چرچہ ہے ۔گذشتہ دنوں فلم کی ’’تعارفی تقریب‘‘ روشنیوں کے شہر کی ایک خوبصورت شام میں پر سکون اور پُر فضا مقام پر قائم سینما گھر میں منعقد کی گئی جہاں فلم، شوبز ،فیشن انڈسٹری سے تعلق رکھنے والےاور فلم کی کاسٹ نے شرکت کی۔

شوبز کے جھلملاتے ستاروں میں عائزہ خان، شہروز سبزواری، سنگیتا، ہمایوں سعید، مومل شیخ، ندیم بیگ، شہزاد علی خان، عدنان ٹیپو، خالد بٹ، بہروز سبزواری، شہروز، سفینہ ، شہزاد شیخ، ایاز خان، نبیل، ندیم بیگ، سائرہ شہروز، سفینہ بہروز، حنا، نادر، اسماعیل تارہ نے بھی فلم کا ٹریلر دیکھا۔

’’وجود‘‘ کے مرکزی کرداروں نے میڈیا سے گفتگو کے دوران بتایا کہ اس فلم میں کام کرنا ہمارے لئے نہایت خوشگوار تجربہ تھا۔ ’’وجود‘‘ سے ہمیں بہت زیادہ اُمیدیں وابستہ ہیں۔ رائٹر، پروڈیوسر اور ڈائریکٹر سے لے کر شوٹ پر صفائی کرنے والے پیون تک ہماری پوری ٹیم بہت زیادہ پُر اُمید ہے کہ عید پر لوگ فلم ’’وجود‘‘یکھنے ضرور جائیں گے۔ اس فلم میں شائقین کے ذوق کو مدِ نظر رکھتے ہوئے ہر چیز شامل کی ہے۔

بہترین کہانی، جاندار ڈائریکشن اور دِل چھولینے والی موسیقی کے ساتھ اگر حسین مناظر کی عکس بندی بھی بڑے پردے پر نظر آئے تو دِل باغ باغ ہو جاتا ہے لہٰذا ’’وجود‘‘ میں اس بات کو بھی مدِ نظر رکھا گیا ہے ۔فلم کی بیشتر شوٹنگ ترکی کے خوبصورت مقامات پر کی گئی ہے، جبکہ ایک بڑا حصہ پاکستان کے حسین علاقوں میں بھی فلمایا گیا ہے۔ جاوید شیخ 10 برس بعد اپنی اس فلم کے ساتھ نظر آئیں گے۔ وہ فلم بنانے اور ڈائریکشن کے کام کو چھوڑ کر صرف اداکاری کے میدان میں جوہر دکھا رہے تھے اور اکثر ٹی وی ڈراموں میں بھی اُن کی جھلک نظر آتی تھی۔

اس فلم کا مرکزی کردار نبھانے والے اداکار ’’دانش تیمور‘‘ پائلٹ کے روپ میں نظر آرہے ہیں جبکہ اداکار جاوید شیخ منفی کردار ادا کریں گے۔ فلم کی خاص بات یہ بھی دکھائی دے رہی ہے کہ اس میں اداکار دانش تیمور، سعیدہ امتیاز، شاہین خان، علی سلیم اور فریحہ الطاف سمیت بھارتی اداکارہ ’’ادیتی سنگھ‘‘ بھی ہیں۔ ’’وجود‘‘ کی موسیقی کو ساگا (بھارت) کی جانب سے ریلیز کیا جائے گا ،جسے ساحر علی بگا نے ترتیب دیا ہے۔

یہ فلم جاوید شیخ کی ہدایتکاری میں بننے والی آٹھویں فلم ہے پاکستان کا سب سے بڑا میڈیا ہائوس ’’جیو اور جنگ گروپ‘‘ اس فلم کے میڈیا پارٹنر ہیں۔ فلم کے ڈائریکٹر و پروڈیوسر جاوید شیخ کا کہناہےکہ یہ فلم میری زندگی کا نچوڑ ہے اور میں نے کوشش کی ہے کہ فلم بینوں کو ایک ایسی صاف ستھری فلم دوں ،جسے وہ مدتوں یاد رکھیں۔

اس فلم کا مقابلہ واٹس ایپ اور فیس بک سے کیوں ہوگا؟ فلم میں ایسا کیا ہے جو کسی پاکستانی فلم میں آج تک نہیں ہوا؟ وجود کی ’’طاقت‘‘ ہی فلم کیلئے’’ خطرہ‘‘ کیسے؟

جاوید شیخ کو اپنی ’’فلم‘‘ پر اتنا بھروسہ کیوں ہے؟ وجود کا ٹیزر دیکھنے والے ٹریلر کو دیکھ حیران کیوں ہوں گے؟۔ فلم وجود میں ’’قسمت کا دھنی‘‘ کون ہے؟ جاوید شیخ کے کردار کے پاس ’’وہ‘‘ کیا ہے جو ’’طیفان ٹربل‘‘ کو یا ’’طیفا‘‘ سے یہاں ٹرانسفر ہوا ہے؟ ۔ آئیے ’’وجود‘‘ کے ٹریلر اپنے زاویے سے دیکھ کر، اُسے پرکھ کر ان سوالات میں سے ایک سوال چھوڑ کر باقی کے جوابات ڈھونڈنے کی کوشش کرتے ہیں۔

’’وجود‘‘ کا ٹریلر ایک تیز رفتار مہنگی گاڑی کے حادثے سے شروع ہوتا ہے اور یہ خطرناک حادثہ ’’غفلت‘‘ ہے یا پھر کوئی خطرناک ’’سازش‘‘ یہ تو فلم دیکھنے کے بعد ہی لوگ جان پائیں گے لیکن ابھی’’ ٹریلر‘‘ دیکھنے سے ایک راز کم از کم ’’آدھا‘‘ تو کھل ہی گیا ہے کہ ’’وجود‘‘ کے ٹائٹل میں’’جے‘‘ کا رنگ خون کی طرح ’’سرخ‘‘ کیوں ہے۔ ابھی یہ راز پورا کھلتا نہیں کہ ٹریلر دیکھنے والے ’’مسٹری‘‘ کی بھول بھلیوں میں گْم اور سوالات کی ’’الجھن‘‘ میں پھنس جاتے ہیں۔ کیا دانش تیمور کا ڈبل رول ہے؟۔ دانش تیمور کو لالچ دینے والا کون ہے؟۔ وہ کیا چاہتا ہے؟۔ دانش جیل کیوں پہنچ جاتا ہے؟۔ دانش سے ملنے جیل کون آتا ہے؟ جاوید شیخ کون ہے؟ کیا جاوید شیخ کا کردار مافیا کے ڈان کا ہے؟ کیا وہ ولن ہیں؟ یا وہ پولیس والے یا پھر خفیہ جاسوس ہیں؟ جاوید شیخ دانش کو پھنسانے والا کردار ہے یا اس کو بچانے والا؟ اصل ولن کون ہے؟ یہ سازش ہے کیا؟ کیا کہانی کا کوئی فلیش بیک بھی ہے؟۔ مٹی کو چھو کر اُسے سونا بنانے والی حسینہ کون ہے؟ دانش کی دلہن کوئی اور ہے اور ساتھ مرنے والی بات کوئی اور کیوں کرتا ہے؟ ندیم اور شاہد کا کیا رشتہ ہے؟ کیا ان دونوں کا کوئی ماضی ہے جس کی وجہ سے دانش سازش میں پھنستا ہے ؟۔ اب تک یہ ریویو پڑھنے والے اور ٹریلر دیکھنے والے سمجھ گئے ہوں گے کہ بدلہ، دھوکہ، غداری، انتقام، ڈر، خوف، دہشت، محبت اور رشتوں کی یہ ’’کرائم ڈرامہ اسٹوری‘‘ تھرل، سسپنس، مسٹری، ایکشن یعنی ’’سرپرائزز‘‘ سے بھرپور ہوگی۔ ٹریلر دیکھنے والوں کو اِن سارے سوالات کے جواب میٹھی عید پر اِس ’’فُل انٹرٹینمنٹ‘‘ فلم کو بڑی اسکرین پردیکھنے سے ہی ملیں گے۔ٹریلر میں مہنگی، دوڑتی، اُڑتی، تباہ ہوتی ہوئی گاڑیاں، دریا پر معلق پل، بڑی ہائی ویز، ساحل اور گہرا سمندر، وہاں موجود پر آسائش جہاز، ٹیک آف کرتے طیارے، عالیشان گھر، ہوٹل، ریستوران اور آفس۔ اندھیری جیل، جدید اسپتال، خوبصورت لیکن خطرناک کھائی، بلند مقام پر سوئمنگ پول، زیر سمندر سرنگ، چٹیل میدان، لہلہاتے پھول، برفیلے اور سبز پہاڑ ،دلفریب ملبوسات اوپر سے ملٹی اسٹار کاسٹ بتاتے ہیں کہ فلم کا بجٹ عید پر ریلیز ہونے والی باقی فلموں سے کافی زیادہ ہوگا۔اس فلم میں پاکستان کے تین میگا اسٹار ندیم ، شاہد اور جاوید شیخ پہلی بار ایک ساتھ نظر آئیں گے، اتنی بڑی بات کو بھی شیخ صاحب نے بطور ’ڈائریکٹر‘‘ اپنا ’’یونیک سیلنگ پوائنٹ‘‘ نہیں بنایا بلکہ پوری فلم کو ایک پیکج تصور کر کے اس کے ’کانٹینٹ، پریزنٹیشن اور ’ٹریٹمنٹ‘ پر بھروسہ کیا۔ پریزنٹیشن کی بات ہو تو اسٹائل اور ٹشن میں سب سے آگے جاوید شیخ کا کردار ہے، وجود کے ٹیزر میں تو اُنہوں نے اپنے آپ کو چھپالیا تھا لیکن یہاں ٹریلر میں کھل کر انٹری دی ہے اور ایسی انٹری جو سینما گھر میں بیٹھ کر دیکھنے والوں کو تالیاں اور سیٹیاں بجانے پر مجبور کردے گی۔ہلکی شیو بڑھائے، سفید اور سرمئی بالوں کا منفرد اسٹائل، جسم پر گرم جیکٹ، اور جینز ، چہرے پر دھوپ کا چشمہ اور ہاتھ میں لائٹر یا سگریٹ، منہ سے نکلتا ہوا دھوں اور ساتھ میں گرجدار آواز یہ ہے، بغیر وردی کے پولیس والے یا خصوصی جاسوس کا اسٹائل۔

اب یہ کردار بھی منفی ہوگا یا مثبت یا پھر ’’گرے‘‘ وہ تو فلم دیکھنے کے بعد ہی معلوم ہوگا، ویسے لوگ اس کردار کو منفی کہہ رہے ہیں اور ہمارے مطابق یہ سرپرائز ’’پوزیٹو‘‘ ہوگا۔ جاوید شیخ کے مخصوص ’’لائٹر‘‘ کی آواز فلم کے ٹیزر میں بھی تھی اور ٹریلر میں بھی لگتا ہے فلم میں بھی یہ اچھا ’فلیور‘ ثابت ہوگا، اس کردار کی انٹری کے ساتھ ہی ٹریلر کی رفتار اور تیز ہوجاتی ہے اور بیک گراؤنڈ میوزک مزید موثر ہوجاتا ہے۔

دلچسپ اتفاق ہے کہ اسی طرح کی لائٹر کی آواز جاوید شیخ کی ایک اور ٹیزر میں حال ہی میں سنی گئی تھی، اس فلم کا نام ’’طیفا ان ٹربل‘‘ ہے لیکن اس فلم کی ریلیز ابھی دور ہے، اس میں کوئی شک نہیں کہ اس وقت اداکاری، اسٹار ڈم اور اسٹائل کے ’پیکج‘ میں شیخ صاحب کے قریب کوئی اور اداکار نہیں۔ فلم کے اس کردار کا مقابلہ بھی سب سے پہلے عید پر ریلیز ہونے والی ’’سات دن محبت ان‘‘ کے’’ جِن ‘‘سے ہوگا۔ اُس فلم میں ’’جِن‘‘ کا کردار بھی جاوید شیخ نے نبھایا ہے، پھر دونوں کرداروں میں سے جو جیتے گا اس کا موازنہ ’’رانگ نمبر‘‘ کے ’’حاجی ابا‘‘ اور نامعلوم افراد کے ’’شکیل بھائی‘‘ سے کیا جائے گا۔

سپر ہٹ ’رانگ نمبر‘، فلاپ ’جلیبی‘ اور ایورج ’مہر النسا وی لب یو‘ کے بعد وجود فلم کے ’ہیرو‘ دانش تیمور کیلئے ’’ٹیسٹ کیس‘‘ ہوگی۔ وہ کامیڈی میں تو خوب کامیاب ہوئے تھے لیکن اب ایک بڑی کامیابی اور اچھی اداکاری ان کے فلمی کیریئر کو آگے بڑھانے کیلئے بہت ضروری ہے۔ اس کردار میں ابھی تک کامیڈی کے علاوہ سارے شیڈز نظر آرہے ہیں، فلم میں دانش کا ڈبل رول ہو یا نہیں، اُن کے سامنے حسینائیں دو ہیں، ایک سعیدہ امتیاز دوسری آدیتی سنگھ، دونوں میں سے آدیتی سنگھ کا کردار زیادہ چیلنجنگ اور شیڈز والا لگ رہا ہے۔

فلم جاوید شیخ کی ہو اور اس کا میوزک اور گانے کمزور ہوں یہ کیسے ہوسکتا ہے؟۔ اس ٹریلر میں جس گانے کی ہلکی سی جھلک دکھائی دیتی ہے وہ میلوڈیس اور فلمی پلے بیک گانا ہے۔ لگتا ہے ’ارتھ ٹو‘ اور ’مہر النساء وی لب یو‘ کی طرح یہ فلم بھی ثابت کرے گی کہ پاکستان میں فلمی میوزک بالی وڈ سے بہتر پروڈیوس ہورہا ہے ،چاہے دونوں کی فلموں کے موسیقار اور گلوکار یہاں کے ہوں یا وہاں کے۔ فلم میں ’’قسمت کی دھنی‘‘ فریحہ الطاف ہیں جن کا اداکاری کی دنیا میں بڑا نام نہیں لیکن قسمت نے پہلے اُنہیں کلاسک ’’روزی‘‘ میں معین اختر کو چاہنے والی کا ، رول دلایا تھا یہاں وہ اس فلم میں ندیم صاحب کے بالمقابل کام کر رہی ہیں۔جس طرح ’’سات دن محبت ان‘‘ کے ٹیزر بھرپور اور ٹریلر کمزور تھا اِسی طرح یہاں ’’وجود‘‘ کے کیس میں بالکل الٹ ہوا ہے، ’وجود‘ کا ٹریلر نسبتاََ دونوں کمزور ٹیزر سے بہت زیادہ بھرپور ہے اور یہ بتاتا ہے کہ فلم کے ساؤنڈ ایفکٹس، بیک گراؤنڈ میوزک اور مکالمے بھی اعلی معیار کے ہیں۔ ٹریلر کی رفتار بھی بہت تیز اور موزوں ہے اگر اسی ایڈیٹنگ اور ’پِیس‘ یعنی رفتار کے ساتھ پوری فلم بھی ایڈٹ ہوئی تو یہ عید کی سب سے کامیاب فلم ثابت ہوسکتی ہے۔ حالیہ چار پانچ برسوں میں ریلیز ہونے والی تقریبا تمام فلموں کے ٹریلر سے بہتر ہے۔ ہمارے مطابق صرف ’نامعلوم افراد 2‘ اور ’پنجاب نہیں جاؤں گی‘ کا ٹریلر مجموعی طور پر اس ٹریلر سے بہتر ہوگا لیکن وہ دونوں فلموں کا ’’یانرا‘‘ بالکل الگ تھا۔ ’نامعلوم افراد 2‘ کے برعکس یہاں ’’وجود‘‘ کے ٹریلر کو ایڈیٹ کرتے ہوئے اس بات کا بھی خیال رکھا گیا ہے کہ یہ سنیما گھر، ٹی وی اور سوشل میڈیا پر پوری فیملی کیلئے موزوں ہو۔

’سیکنڈ لاسٹ‘ منظر میں جاوید شیخ کا کردار ’کلوز اپ‘ میں لائٹر جلا کر دھواں اڑا کر ہنستا سامنے والوں کو جلاتاہے اور دیکھنے والوں کو جکڑ کر بے چین کردیتا ہے۔ یہاں پر ٹریلر کا ’دی اینڈ‘ ہونا زیادہ بہتر ہوسکتا تھا۔واضح رہے کہ فلم میں جاوید شیخ کے کردار کا مقابلہ بھی سب سے پہلے عید پر ریلیز ہونے والی فلم ’سات دن محبت ان‘ میں ہی انہی کے جن کے کردار سے ہوگا۔

تازہ ترین
تازہ ترین