پاکستان کرکٹ ٹیم آئندہ ماہ سے شروع ہونے والےدورہ زمبابوے میں فیلڈنگ کوچ کے ساتھ نہیں ہو گی۔ذرائع کے مطابق دورہ مختصر ہونے کی وجہ سے موجودہ کوچز سے ہی کام چلایا جائے گا جبکہ نئے کوچ کا تقرربعد میں کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق پی سی بی دورہ زمبابوے میں کھیلی جانے والی ٹرائی ٹی 20 سیریز اور ون ڈے سیریز میں فیلڈنگ کوچ کی اضافی ذمہ داری گرانٹ لوڈن کو سونپنے پر غور کررہا ہے، وہ اس سے پہلے بھی فیلڈنگ کوچ رہ چکے ہیں اور اس وقت ٹرینر کی حیثیت سے کام کررہے ہیں۔
قومی کرکٹ ٹیم کے برطانیہ کے دورےکے اختتام پر اسٹیو رکسن نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا تاہم آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے ڈیرن بیری قومی ٹیم کے نئے فیلڈنگ کوچ کی حیثیت سے ستمبر میں ذمے داریاں سنبھالیں گے، ان کے ساتھ بورڈ معاہدے کی تفصیلات طے کررہے ہیںجبکہ مکی آرتھر کی سفارش کے بعد مدثر نذر، ہارون رشید اور انضمام الحق پر مشتمل کمیٹی فیلڈنگ کوچ کی منظوری دے گی۔
ڈیرن بیری سے معاہدہ 2 سال پر مشتمل ہوگا جو ایشیا کپ سے قبل قومی ٹیم کو جوائن کر لیں گےجبکہ وہ پی ایس ایل تھری میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے اسسٹنٹ کوچ کے طور پر کام کر چکے ہیں۔