صدرِ مملکت آصف زرداری نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے مطابق بھٹو کیس میں قانونی تقاضے نظر انداز کیے گئے تھے۔
سابق وزیرِ اعظم ذوالفقار علی بھٹو کی برسی پر اپنے پیغام میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ 1973ء کا آئین بھٹو دور کی بڑی کامیابی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کی رائے ہے کہ ذوالفقار علی بھٹو کو منصفانہ ٹرائل نہیں ملا اور عالمی رہنماؤں نے بھی اس ٹرائل پر تشویش ظاہر کی تھی۔
آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ جنرل ضیاء کے مارشل لاء کے بعد کیس دوبارہ کھولا گیا۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ سابق وزیرِ اعظم بینظیر بھٹو کی جمہوری جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں۔
صدرِ مملکت نے یہ بھی کہا ہے کہ انصاف اور قانون کی بالادستی ناگزیر ہے، اداروں کو قانون اور انصاف کی پاسداری کرنا ہو گی۔