چند کھانے ایسے ہیںجنہیں دیکھ کر ہی منہ میںپانی آنے لگتا ہے گول گپے یا پانی پوری بھی انہی میں سے ایک ہے۔ ان کو کھانےکی ابتداءبھارت کے علاقے ماگھدھاسے ہوئی۔پانی پوری کو شادی کی تقریبات، سالگرہ اور خوشی کے دیگر موقعوں پر کھانے سے پہلے پیش کیا جاتا ہے۔پاکستان ، بھارت ، نیپال اور بنگلہ دیش میں گول گپے پسندیدہ سنیکس ہیں جو کھانے کے بعد اور شام کے وقت نہایت شوق سے کھائے جاتے ہیں ۔جنوبی ایشیاء کے مختلف حصوں میں اسے مختلف ناموں سے پکارا جاتا ہے ماگھدھا میں اسے پھولکی جبکہ نئی دہلی ، کشمیر ، بنگال اور پاکستان میں گول گپے ، نیپال ، گجرات اور بھارت کےبیشتر علاقوں میں اسے پانی پوری کہا جاتا ہے ۔ اسی طرح ٹکی ، پھچکا، گپ چھپ اور پانی کے پتاشے بھی اس کے عام نام ہیں۔یہ جنوبی ایشیاء کے مختلف علاقوں میں گلی محلوں کے کھانوں کے طور پر مقبول ہے جب کہ آج کل اسے ریسٹورنٹس کے کھانوں کی فہرست میں بھی شامل کر لیا گیا ہے۔
عام طور پر آٹے یا میدے کی مدد سے ایک گو ل پھولکی بنائی جاتی ہے جس میں کھٹا پانی، چنے اور دہی بھلے شامل کر کے کھایا جاتا ہے۔ اس کا کھٹا پانی سب ہی بہت شوق سے پیتے ہیں جو کھٹا ہونے کے ساتھ ساتھ تیکھا بھی ہوتا ہے گول گپوں کی سجاوٹ بھی اہمیت کی حامل ہے ۔ ایک پلیٹ میں پانچ سے چھ گول گپے رکھے جاتے ہیں جن میں سوراخ کر کے چنوں یا بھلیوں کا میٹریل بھرا جاتا ہے ۔ بعض افراد چنے اور چاٹ الگ سے رکھ دیتے ہیں، تاکہ کھانے والے اپنی مرضی سے ڈال کر کھا سکیں۔ جب کہ ان کے ساتھ چٹنیوں اور کھٹے پانی کی پیالی بھی رکھی جاتی ہے جس سے گول گپے کھانے کی اشتہامزید بڑھ جاتی ہے۔جب کہ کئی لوگ اس میں انار کے دانے، مکئی ، آلو اور مختلف سبزیاں شامل کر کے کھاتے ہیں۔ گھر میں پانی پوری بنانے کی آسان ترکیب قارئین کی نذر ہے ۔
پانی پوری بنانے کی ترکیب ۔
اجزاء۔
کھٹےپانی کے لئے۔
پودینہ۔ ایک کپ
ہری مرچ۔ دو سے چار عددیا حسب ذائقہ
لیموں کا جوس۔ تین کھانے کے چمچ
چینی۔ ایک کھانے کا چمچ یا حسب ذائقہ
نمک۔ ایک چائے کا چمچ یا حسب ضرورت
کالا نمک۔ ایک چائے کا چمچ
ادرک پاؤڈر۔ ایک چوتھائی چائے کا چمچ
ہینگ۔ ایک چوتھائی چائے کا چمچ
زیرہ پاؤڈر۔ ایک کھانے کا چمچ
کالی مرچ ۔آدھا چائے کا چمچ
پانی۔ چار کپ یا حسب ضرورت
پوری کے لئے۔
میدہ ۔ایک چوتھائی کپ
سوجی ۔تین چوتھائی کپ
پانی۔ آدھا کپ یا حسب ضرورت
تیل۔ فرائینگ کے لئے
فلنگ کے لئے ۔
آلو ابلے ہوئے۔ایک کپ
بوندی۔دو کپ
ترکیب ۔
کھٹے پانی کےلئے۔
پانی کے علاوہ تمام اجزاء مکس کرکے باریک پتلا سا پیسٹ تیار کر لیں۔
بلینڈ کرتے ہوئے ضرورت کے مطابق مزید پانی شامل کرتے جائیں۔
اب اس میں ہری مرچیں ڈال لیں اور لیموں کا رس، چینی اور نمک بھی شامل کریں۔
اسے سپائسی بنانے کے لئے پانی شامل کریں اور اسے مزید پتلاکرلیں۔
کٹھے پانی کا ذائقہ بہتر کرنے کے لئے اسے ایک دن کے لئے فریج میں رکھ دیں۔
پوری کے لئے ۔
سوجی اور میدہ مکس کرلیں۔
پھر ڈو میںحسبِ ضرورت پانی شامل کرتے رہیں اور اسے اچھی طرح گوندھ لیں۔
اب اسے گیلے کپڑے سے دس منٹ کے لئے ڈھانپ دیں۔
دو صاف تولیے لے کر ایک کو شیٹ پر یا کسی ہموار سطح پر بچھا دیں۔
ڈو کے چھوٹے چھوٹے پیڑے بنائیں اور انہیں کپڑے سے ڈھانپ دیں۔
ہر پیڑے کو دو انچ کے قطر والے دائرے میں رول کریں۔
اب انہیں ایک ٹاول پر رکھ کر دوسرے سے ڈھانپ دیں۔
یہی عمل تمام پوریوں کے ساتھ دہرائیں ۔
تیل درمیانی آنچ پر گرم کریں۔
تیل کی مقدار فرائینگ پین میں ڈیڑھ انچ تک ہونی چاہیے۔
گرم گرم تیل میں ڈو کا ایک ٹکڑا ڈالیں،اگر تیل پوری طرح تلنے کے لئے تیار ہوجائے تو پوریاں تلنا شروع کردیں اور پہلی پوری بیل کر تیل میں گولڈن براؤن ہونے تک تَل لیں۔
جب اِنکی رنگت گولڈن براؤن ہو جائے تو انہیں پیپر ٹاول پر نکالتے جائیں۔ اس طرح سے ان کا تیل پیپر میں جذب ہوتا رہے گا۔
پوریوں کو فرائینگ پین سے نکالتے وقت اچھی طرح نچوڑ لیں۔
املی کی چٹنی ۔
اجزاء۔
املی ۔چھٹانک بھر
نمک۔ حسب ذائقہ
مرچیں ۔ حسب ذائقہ
چینی۔ حسب ذائقہ
ترکیب ۔
املی کو پانی میں بھگو دیں۔
بیج وغیرہ نکال کر املی کو چولہے پر چڑھا دیں۔
پھر نمک، مرچ اور چینی وغیرہ بھی شامل کر دیں۔
چند ابال آنے پر جب گاڑھی ہونے لگے تو اتار لیں۔
لذیذ چٹنی تیار ہے۔
پانی پوری سرو کرنے کے لئے ۔
انگوٹھے کی مدد سے ایک گول گپے میں سوراخ کریں۔
اس میں ابلے آلو، چنے اور پانی میں دس منٹ بھیگی ہوئی بوندی بھریں۔
اگر پسند ہو تو املی کی چٹنی بھی ڈالیں۔
(نوٹ:پانی پوری پیش کرنے کے لئے مٹی کے برتن بہتر رہتے ہیں)