• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
صاف و شفاف، چمکدار جلد آپ بھی حاصل کرسکتی ہیں

جلد کی حفاظت ایک نازک معاملہ ہےاور عام سوچ کے برعکس یہ کوئی اتنا مہنگا بھی نہیں۔ آپ چاہیں تو اپنی جلد کی اچھی کلینزنگ(صفائی) کو معمول بنا کراسے تروتازہ، چمکدار اور جواںرکھ سکتی ہیں۔ جلد کی باقاعدہ حفاظت، چہرے کو بڑھتی عمر کے اثرات سے محفوظ رکھتی ہے۔جلد کی حفاظت کے لیے آپ کا روٹین کیا ہونا چاہیے اور اس کے لیے آپ کو کون سے اسکن کلینزنگ ایجنٹس استعمال کرنے چاہئیں، آئیے جانتے ہیں۔

جلد کی صفائی، انتہائی ضروری

جلد کی کلینزنگ، موئسچرائزنگ اور ٹوننگ کو اپنی روٹین میں شامل کریں۔ اکثرخواتین صرف نوجوانی میں ہی یہ روٹین رکھتی ہیں، حالانکہ 30سال کی عمر کے بعد انھیں اس کی سب سے زیادہ ضرورت ہوتی ہے۔ کلینزنگ، موئسچرائزنگ اور ٹوننگ کی یہ روٹین جلد کو تروتازہ اور صحت مند بناتی ہے۔ سرکہ ایک بہترین اینٹی آکسیڈنٹ ہے جو جلد کو گہرائی میں جاکر صاف کرتا ہےاور جلد پر موجود گرد کی تہہ اور فری ریڈیکل کو صاف کرتا ہے۔ سرکہ میں ہم وزن پانی کی مقدار ملا کر جلدپر مساج کریں، جلد صاف اور چمکدار ہوجائے گی۔

غذا کے علاوہ

جلد کو مضبوط بنانے اور اس کا کھنچاؤ برقرار رکھنے کے لیے وٹامن سی اور وٹامن ای کا سپلیمنٹ استعمال کریں۔ یہ وٹامنز انسانی جسم میں کولاجن (Collagen)بناتے ہیں ، یہ ایک قسم کا پروٹین ہےجو جلد کا کھنچاؤ طویل عرصے تک برقرار رکھنے میں مدد دیتاہے۔

سن اسکرین

سن اسکرین جلد کو دھوپ کی نقصان دہ شعاعوں سے بچاتی ہے۔ اگر یہ شعاعیںجلد پر اثرانداز ہوجائیں تو جلد پر چھائیاں اور دھبے نمایاں ہونے لگتے ہیں۔ اگر آپ چاہتی ہیں کہ آپ کی جلد صاف و شفاف اور بے داغ رہے تو سن اسکرین کا استعمال ناگزیر ہے۔ اگر آپ فاؤنڈیشن استعمال کرتی ہیں تو وہ فاؤنڈیشن لیں، جس میں ایس پی ایف شامل ہو۔

فیس ماسک

آپ گھر میں موجود قدرتی اجزاء سے بنے ماسک استعمال کرسکتی ہیں۔ جیسے، چہرے اور گردن پر دہی لگائیں،پھر اسے پندرہ منٹ بعد نیم گرم پانی سے دھو لیں۔ زیادہ مؤثر اور بہتر نتائج کے لیے دہی میں تھوڑا سا شہد بھی شامل کرلیں۔

فیشل

خوبصورت اور تروتازہ جلد کے لیے فیشل نہایت مفید ہے۔ آپ چاہے کتنی ہی مصروف ہوں، مہینے میں ایک بار فیشل ضرور کروائیں۔

جسمانی مشقت

واک کرنا، دوڑ نا یا دیگر جسمانی ورزش کرنا صحت کے لیےانتہائی مفید ہے۔ اگر آپ واک کرنا چاہتی ہیں تو آہستہ آہستہ اس کا دورانیہ30منٹ تک لے جائیں۔ ورزش ناصرف جلد کو صاف کرتی ہے بلکہ خون کے خلیات کو بھی توانائی بخشتی ہے۔ ورزش جلد سے فاضل مادے خارج کرنے میں بھی مدد دیتی ہے۔ روزانہ ورزش ذہنی دباؤ کم کرتی ہے، جس سے انسان کی مجموعی صحت بہتر رہتی ہے۔

پانی

جلد کی نمی برقرار رکھنے کے لیے وافر مقدار میں پانی پئیں۔24گھنٹےمیں 8گلاس کے لگ بھگ پانی پیناناصرف جسمانی صحت بلکہ جلد کے لیے بھی ضروری ہے۔ پانی جسم سے ٹوکسن کو خارج کرتا ہے۔

نمی کی اہمیت

جلد کی حفاظت کا سب سے اہم حصہ اسے نمی فراہم کرنا ہے۔ اچھا اورمعیاری موئسچرائزر استعمال کریں۔ موئسچرائزر کے ساتھ سیرم کا استعمال نمی فراہم کرنے کے علاوہ جلد پر بننے والی باریک لکیروں، حلقوں اور مساموں کے حجم کو کم کرتا ہے۔

نئی جلد پیدا کریں

مردہ جلد کو ہٹانے اور نئی چمکدار جلد لانے کے لیے جلد کو دن میںتین بار صاف (ایکسفولی ایٹ) کریں۔ باریک چینی، لیموں کا رس اور شہد ملا کر اسکرب تیار کریں اور جلد پر ملیں۔ ایکسفولی ایٹ کرنے کے لیے لیموں سے بہتر کوئی چیز نہیں۔ بس آپ کو اپنی جلد کو پہچاننا ہے اور اس کے مطابق لیموں کے ساتھ چند اشیاء ملا کر بہترین ایکسفولی ایٹ گھر پرہی بنایا جاسکتا ہے۔ ایک چمچ لیموں کے عرق میں دو بادام کا پاؤڈر اور شہد ملا کر اسکرب تیار کریں۔ تمام اشیاء کو اچھی طرح مکس کرکے چہرے اور ہاتھوں پر ملیں، کچھ ہی وقت میں بہتر نتائج سامنے آنا شروع ہوجائیں گے۔

اسٹیمنگ

چہرے پر بھاپ لینے سے چہرہ صاف اور اُجلا دِکھتا ہے۔ اسٹیم لینے سے چہرے کےبند مسام کھُلتے ہیں اور دانے، داغ، ایکنی اور بلیک ہیڈز بھی صاف ہوجاتے ہیں۔

غذا کا استعمال

اپنی غذا میں پھل اور سبزیاں شامل کریں۔ تازہ پھل اور سبزیوں کی سلاد، جلدکو ٹوکسن (Toxin)سے پاک کرنے میں مدد دیتی اور جلد کو صحت مند بناتی ہے۔

تازہ ترین