بٹگرام میں غیر ملکی خاتون بائیکر سے نامناسب سوالات پوچھنے والے پولیس اہلکار کو معطل کردیا۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) بٹگرام نے کہا ہے کہ واقعے میں ملوث ایک پولیس اہلکار کو معطل جبکہ 3 اہلکاروں کے خلاف انکوائری شروع کردی گئی ہے۔
جیونیوز نے 20 اگست کو ہالینڈ کی معروف بائیک رائیڈر نورالی سے پولیس کے نامناسب سوالات سے متعلق رپورٹ نشر کی تھی۔
پاکستان کی سیر پر آئی ہالینڈ کی مشہور بائیک رائیڈر نورالی کو پولیس کے ناروا سوالات نے پریشان کردیا تھا۔
خاتون رائیڈر کو پہلے ایک مقام پر پولیس والوں نے روکا، دستاویزات چیک کیے، پھر 2 اہلکاروں کو ان کے ساتھ بھیج دیا، وہ اہلکار انہیں گھماتے پھراتے، ایک سے دوسری اور دوسری سے تیسری پولیس ٹیم کے حوالے کرتے رہے۔
نورالی سے مجموعی طور پر 6 الگ الگ پولیس ٹیموں نے انویسٹی گیشن کی، تحقیقات کے دوران ان سے نام پوچھا گیا، عمر پوچھی گئی، دستاویزات چیک کیے گئے۔
نورالی پولیس سے تعاون کرتی رہیں، جب سوال ہوا کہ 37 سال کی عمر میں شادی کیوں نہیں کی، تمہارا شوہر کہاں ہے؟
تو پولیس کے غیر ضروری سوالات پر ہالینڈ کی خاتون بائیک رائیڈر جھنجھلا گئی، پولیس والوں سے پوچھا کیا آپ کو کسی خاتون سیاح سے ایسے سوالات کرنے چاہئیں؟
واضح رہے کہ نورالی دنیا میں سب سے زیادہ فالورز رکھنے والی بائیک رائیڈر ہیں جو پاکستان دیکھنے یہاں پہنچی تھیں۔
نورالی نے اپنے ساتھ بیتی اس ساری صورتحال کو فلم بند کرکے یوٹیوب پر اپلوڈ کردیا، ویڈیو میں نورالی جہاں پولیس کے نامناسب رویے اور سوالات سے بیزاری کا اظہار کرتی نظر آ رہی ہیں، وہیں پاکستان کی مہمان نوازی سے متاثر بھی ہیں۔