سکھر+خیرپور+ہالا(بیورو رپورٹ/نامہ نگاران ) مختلف شہروں میں عید الاضحیٰ عقیدت و احترام سے منائی گئی اور سنت ابراہیمی کی پیروی میں جانوروں کی قربانی کی گئی۔ نماز عید کے اجتماعات میں ملک کی سلامتی، بقا، اسلام کی بالادستی اور ترقی و خوشحالی کے لئے خصوصی طور پر دعائیں مانگی گئیں۔تفصیلات کے مطابق سکھر میں بھی عید الاضحی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی۔ عید گاہ، مساجد، امام بارگاہوں اور میدانوں سمیت 280مقاما ت پر چھوٹے بڑے عید کے اجتماعات ہوئے۔ پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما سید خورشید احمد شاہ نے عید کی نماز مسجدمنزل گاہ میں ادا کی جبکہ پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما سینیٹر اسلام الدین شیخ، رکن قومی اسمبلی نعمان اسلام شیخ، میئر سکھر ارسلان اسلام شیخ نے عید کی نماز گلشن عید گاہ میں ادا کی، عید گاہ میں امامت کے فرائض مولانا ڈاکٹر اسعدتھانوی نے ادا کئے، میونسپل اسٹیڈیم میں عید کی نماز کی امامت مفتی شہزاد قادری نے کی،جبکہ مرکزی جامع مسجد میں نماز عید قاری جمیل احمد نے ادا کرائی،اللہ والی مسجد میں نماز عید کی امامت مفتی عبدالباری نے کی۔موسوی مسجد و امام بارگاہ پرانا سکھر میں نماز عید کی امامت علامہ علی بخش سجادی نے کی۔جامع حسینی مسجد ملٹری روڈ پر نماز عید کی امامت مولانا ریاض حسین روحانی نے کی۔نماز عید کے اجتماعات میں ملک کی سلامتی، بقا، اسلام کی بالادستی، ترقی خوشحالی کے لئے خصوصی طور پر دعائیں مانگی گئیں، عید کے اجتماعات میں علمائے کرام اور عوام نے آپریشن رد الفساد میں میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے مسلح افواج کے افسران اور جوانوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیاکہ ان کی قربانیوں اور مسلح افواج کے کامیاب آپریشن کے باعث ملک میں امن وامان کی فضا بحال ہوئی۔ خیرپور عید الا ضحیٰ عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی جامع مسجد صدیق اکبر شیعہ سنی عید گاہوں اور دیگر 50 سے زائد مقامات پر عید نماز کے اجتماعات ہوئے جن میں ملک کی سلامتی اور کشمیریوں و بیت المقدس کی آزادی کے لئے دعائیں مانگی گئیں مسلمانوں نے سنت ابراہیمی کی کرتے ہوئے جانوروں کی قربانیاں کیں۔ عید کے موقع پر شہر بھر میں امن و امان قائم رکھنے کے لئے سیکورٹی سخت انتطامات کئے گئے تھے۔ہالا نیوسعیدآبادسمیت وسطی سندھ میں عیدالاضحیٰ مذہبی عقیدت واحترام کے ساتھ سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئی منائی گئی۔ ضلع مٹیاری کی400سےزائدعیدگاہوں، مساجدامام بارگاہوں میں سخت سیکورٹی میں نمازعید کے اجتماعات ہوئےجس میں علمائےکرام اور خطیبوں نےسنت ابراہیمی کی فضیلت بیان کی جبکہ امت مسلمہ کےاتحاداورپاکستان کی سالمیت اوراستحکام کیلئےخصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ پیرجوگوٹھ تعلقہ کنگری کے تمام چھوٹے بڑے علاقوں پیرجوگوٹھ، احمدپور، ہادل شاہ، پریالو، کوٹ میر محمد، مہیسر وڈا، راہوجا، منگھنواری، الرا، بھٹیوں، نورپور، پیربادل سمیت دیگر علاقوں میں عیدالاضحٰی عقیدت و احترام سے منایا گیا۔عید کا سب سے بڑا اجتماع خانقاہ پیرپگارا پر ہوا جس کی امامت خانقاہ کے مرشد پیر سید سراج احمد گیلانی نے کی ، نماز عید میں حروں کے روحانی پیشوا پیرپگارا، سابق وفاقی وزیر سید صدرالدین شاہ راشدی، رکن سندھ اسمبلی سید محمد راشد شاہ راشدی ، سید نجیب اللہ شاہ راشدی و دیگر نے بڑی تعداد میں شرکت کی جہاں ملک و قوم کی ترقی خوشحالی و سلامتی کیلئے اجتماعی دعائیں مانگی گئیں۔ڈہرکی میں عید الاضحیٰ عقیدت و احترام سے منائی گئی ۔ لگ بھگ 50 سے زائد مقامات پر نماز عیدکے بڑے بڑے اجتماعات ہوئے جن میں ملک کی سلامتی کیلئے اجتماعی دعائیں مانگیں گئیں۔اس موقع پر پولیس اور رینجر کے جوانوں سمیت دیگر سیکیورٹی اداروں کی طرف سے سیکورٹی کے سخت کئے گئے تھے۔ٹنڈو محمد خان عید الاضحیٰ متعدد مقامات پر ادا کی گئی اور سیکڑوں شہریوں نے سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے بکرے،بیل،گائے سمیت دیگر جانوروں کی قربانی کی گئی ۔ نصرپور اور قرب و جوار میں عید الاضحٰی عقیدت و احترام سے منائی گئی اس موقع پر نماز عید مصری شاہ عید گاہ حسینی امام بارگاہ اور دیگر علاقوں کے میدانوں میں ادا کی گئی سب سے بڑا نماز عید کا اجتماع جنرل بس اسٹاپ عیدگاہ میں ہوا جس میں ہزاروں کی تعداد میں فرزند توحید نے مفتی ولی محمد لغاری کی امامت میں نماز عید اداکی اور ملکی سلامتی اور استحکام کیلئے دعائیں مانگی گئیں۔ میرپورخاصاور گرد ونواح میں عید الاضحیٰ عقیدت واحترام اورجوش وخروش کے ساتھ منائی گئی۔اس موقع پر مسلمانوں کی بڑی تعداد نے حضرت ابراہیم ؑکی سنت کی پیروی کرتے ہوئےجانوروں کی قربانی کی۔ضلع بھر میں 96 اور میرپورخاص شہر میں 39سے زیادہ مساجد،عیدگاہوں اور کھلے مقامات پر نماز عید کے روح پرور اجتماعات ہوئے،مرکزی عید گاہ کھار پاڑہ میں مولانا عبداللہ نے امامت اور خطابت کے فرائض انجام دیئے۔مسلمانوں کی بڑی تعداد نےنماز عید کی ادائیگی کےبعداسلام کی سربلندی،پاکستان کی ترقی وخوشحالی، ملک سے دہشت گردی ،فرقہ واریت،لسانیت،اور علاقائیت کے خاتمے،سیاسی ومعاشی استحکام اور گناہوں سےمعافی کے لئے بارگاہ رب العزت میں دعائیں مانگیں۔ شکارپور میں عیدالاضحیٰ عقیدت اور احترام سے منائی گئی۔ تمام چھوٹی بڑی مساجد سمیت جامع مسجد لکھی در اور عیدگاہ میں بڑے اجتماعات ہوئے جہاں ہزاروں افراد کی جانب سے نمازِعید ادا کی گئی۔نمازِ عید کے دوران مساجد کے باہر پولیس اور رینجرز کے جوانوں کو تعینات کیا گیا۔ عید قرباں کے تینوں روزسنت ابراہیمی کی اتباع میں لوگوں نے جانوروں کی قربانی کی۔ کوٹ غلام محمد نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع مرکزی عید گاہ میں ہوا جہاں سیکڑوں فرزندان توحیدنےمولوی عبدالرشید راجپوت کی اقتداء میں نماز ادا کی-اس کے علاوہ مکہ مسجد غوثیہ میں مولانا ذوالفقار علی سعیدی،پبلک پارک میں مولانا محمد احمد الصدیق الفردوسی،نورانی مسجد میں مولانا محمد عاصم قائم خانی اور ہاشمی مسجد میں مولانا الطاف احمد قادری کی امامت میں نماز عید ادا کی گئی- خیرپور ناتھن شاہ عیدالاضحی عقیدت و احترام سے منائی گئی۔ مختلف محلوں کی مساجد میں نماز عید کے اجتماعات ہوئے جبکہ بڑا اجتماع ناتھن شاہ کے مزار سے ملحقہ عید گاہ میں ہوا جہاں سیکڑوں کی تعداد میں فرزندان توحید نے سید احمد شاہ کی امامت میں نماز عید ادا کی۔ ٹھلاور قرب وَ جوار کے شہروں میرپور برڑو،مبارکپور،گڑھی حسن، باہوکھوسو، جونگل سمیت تحصیل بھر میں عیدالاضحیٰ عقیدت و احترام سے منائی گئی۔تحصیل بھر میں ایک سو سے زائد مقامات پر نماز عید کے اجتماعات ہوئے۔نماز کے بعد سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے مختلف جانوروں کی قربانی کی گئی۔ سیٹھارجہ اور گرد ونواح میں عید الضحی عقیدت و احترام سے منائی گئی اس سلسلے میں علاقے کے مختلف مقامات پر دو درجن سے زیادہ نماز عید کے چھوٹے بڑے اجتماعات ہوئے جن میں سے سب سے بڑا اجتماع سیٹھارجہ میں مرکزی عیدگاہ محلہ عثمان آباد میں اہل سنت وجماعت کا ہواجس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی اور عید نماز معروف عالم دین خطیب جامع مسجد الغوثیہ مولوی عبدالرشید سعدی نے پڑھائی جبکہ فقہ جعفریہ کا بڑا اجتماع عید گاہ محلہ حسین آباد میں ہوا امامت کے فرائض مولوی ارشاد کاشفی نے ادا کئے اس موقع پر عالم اسلام اور ملک کی ترقی کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ ٹھٹھہ عیدالاضحیٰ عقیدت و احترام سے منائی گئی۔ مرکزی اجتماع مکلی میں واقع تاریخی عیدگاہ میں ہوا جس میں ہزاروں فرزندان توحید شریک ہوئے جبکہ اس کے علاوہ جامع مسجد شاہجہان، جامع مسجد مکلی، جامع مسجد مائی قدم، جامع، مسجد خضرحیات، جامع مسجد الفتح، بخاری مسجد، قدم گاہ مکلی، درگاہ شاہ کمال اور درگاہ شاہ مسکین سمیت دیگر مقامات پر نماز عید کے اجتماعات منعقد ہوئے، جن میں اہل اسلام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔بعد ازاں سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی بھی دی۔ میرپورماتھیلو عیدالاضحی عقیدت و احترام سے منائی گئی۔ متعدد مقامات پر نماز عید کے اجتماع ہوئے جسکے بعد سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے جانوروں کی قربانیاں کی گئيں مرکزی عیدگاہ اور دیگر مقامات پر بھی عید نماز کے بڑے اجتماع ہوئے جس میں ملک کی سلامتی اور قوم کی خوش حالی کے لئے اجتماعی دعائیں مانگی گئیں ۔ سامارو اور گردونواح میں عیدالاضحٰی انتہائی عقیدت و احترام سے منائی گئی اور سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے ہزاروں جانوروں کی قربانی کی گئی۔عید کے اجتماعات میں ملک وقوم اور دین اسلام کی سربلندی کے لئے خصوصی دعائیں بھی مانگی گئیں۔دوسری جانب ٹاؤن انتظامیہ کی جانب سے صفائی کے ناقص انتظامات دیکھنے کو ملے اور قربانی کے جانوروں کی آلائشیں جابجا نظرآئیں۔ پنوعا قل عیدالاضحی عقیدت و احترام سے ساتھ منا ئی گئی۔ تقریباًدو سو سے زائد مقامات پر نماز کے اجتما عات ہوئے نماز عید کے اجتماعات میں خطیبوں نے قربانی کی فضیلت پر رو شنی ڈالی اور ملک کی ترقی اور خو شحالی کے لئے خصو صی دعائیں ما نگی گئیں بعد ازاں حضرت ابراہیم ؑ کی پیروی کر تے ہو ئے جا نوروں کی قربانی کی۔ انتظامیہ کی جا نب سے عیدگا ہوں کی صفا ئی کا انتظام کیا گیا تھا اور عید کی نماز کے دوران سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے ۔