• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ابھی عید گزرے مہینہ بھی نہیں ہوا۔سو، بار بی کیو پارٹیز، دعوتوں کا سلسلہ جاری و ساری ہے، تو لیجیے، اسی مناسبت سے گوشت کے چند روایتی ،مگرخاص پکوانوں کی تراکیب حاضرِ خدمت ہیں،ان میں سے کوئی بھی ترکیب ٹرائی کرکے آپ بھی اپنے مہمانوں سے بھرپور داد حاصل کرسکتے ہیں۔

فرائی بوٹیاں

اجزاء:گوشت ایک کلو(بغیرہڈی کا، درمیانی بوٹیاںکر لیں)، لونگ آٹھ عدد، لہسن کے جوے دس عدد، سیاہ مرچ ایک چمچ(کُٹی ہوئی)، تیل ایک پائو اور نمک حسب ِذائقہ۔

ترکیب: ایک برتن میں گوشت، نمک، لونگ، لہسن کے جوے اور پانی ڈال کر اس قدر اُبالیں کہ گوشت گل جائے۔اب فرائنگ پین میں تیل گرم کرکے گوشت ڈال دیں۔جب گوشت کی رنگت بادامی ہوجائے، تو سیاہ مرچ چھڑک کےسلاد اور چٹنی کے ساتھ پیش کریں۔

تکّہ بوٹی

اجزاء:گوشت ایک کلو(بغیر ہڈی کا،چوکور ٹکڑوں میں کاٹ لیں)، دہی ایک پائو، گرم مسالا ایک چائے کا چمچ، نمک حسبِ ذائقہ، پپیتا حسبِ ضرورت، لال مرچ (پِسی ہوئی) دو چائے کے چمچ، بیسن حسبِ ضرورت(گھول کر آمیزہ بنالیں) اور تیل تلنے کے لیے۔

ترکیب: گوشت کو نمک والے پانی میں ڈال کر اتنا اُبال لیں کہ آدھا گل جائے۔ اب اس پر دہی، پپیتا، نمک، لال مرچ اورگرم مسالا لگا کر30منٹ کے لیے رکھ دیں۔ بعد ازاں تکّے ،بیسن کے آمیزے میں ڈبو کر سیخوں پر پرولیں۔ اسی طرح باقی سیخیں تیار کرلیں۔ اب کوئلے اچھی طرح دہکا کر انھیں آگ پر سینکیں اور ساتھ تھوڑا تھوڑا تیل بھی لگاتی جائیں۔سُرخ ہونے پر سیخوں سے نکال کےپلیٹ میں سجا دیں۔

ثابت مسالے کا گوشت

اجزاء:گوشت آدھا کلو، دہی ایک پائو(پھینٹی ہوئی)، پیاز آدھا کلو(باریک کاٹ لیں)، ثابت گرم مسالا دو چائے کے چمچ، ادرک، لہسن کا پیسٹ ایک چائے کا چمچ، ثابت سُرخ مرچ بارہ عدد، ہری مرچیں چھے عدد، نمک حسبِ ذائقہ اور تیل۔

ترکیب: دہی میں پیاز، نمک، مرچ اور گرم مسالا مکس کرکے، اس میں تیل اور گوشت ڈال دیں اور ایک گھنٹے تک میری نیشن کے لیے رکھ دیں۔ پھر ایک پتیلی میں گوشت بمع آمیزہ ڈال کر ہلکی آنچ پر پکانے کے لیے رکھ دیں۔ پانی ڈالنے کی ضرورت نہیں۔ دہی کا پانی خشک ہونے پر صرف اتنا بھونیں کہ تیل علیٰحدہ ہوجائے، مگررنگ تبدیل نہ ہو۔ جب تیار ہوجائے، تو اوپر سے ہرا دھنیا چھڑک دیں۔

تلا ہوا گوشت

اجزاء:گائے کا گوشت ایک کلو، ادرک، لہسن (پِسا ہوا) دو چائے کے چمچ، ہلدی پاؤڈر ایک چائے کا چمچ، نمک حسبِ ذائقہ، لال مرچ(پِسی ہوئی) دو چائے کے چمچ، دہی ایک پائو(پھینٹ لیں)، تیل ایک پائو۔

ترکیب:تمام اجزاء سوائے دہی کے، گوشت میں ملاکر چولھے پر ہلکی آنچ پر گلنے کے لیے رکھ دیں، جب گوشت گل کر پانی خشک ہوجائے، تو دہی شامل کردیں۔تھوڑی دیر پکنے دیں، جب دہی کا پانی خشک ہونے لگے، تو اچھی طرح بھون کر چولھا بند کردیں۔

کباب

اجزاء:قیمہ آدھا کلو، بیسن پانچ کھانے کے چمچ، لہسن، ادرک کا پیسٹ ایک چائے کا چمچ، پودینا، دھنیاایک ایک گڈی، ہری مرچیںچھے عدد، پیازدرمیانی سائز کی ،دوعدد،ہری پیازدو عدد(باریک کاٹ لیں) ، دہی کھانے کے دو چمچ اور تیل کھانے کے چار چمچ۔

ترکیب: ایک پیالے میں قیمے سمیت تمام اجزاء ڈال کر اچھی طرح یک جان کرکے چند گھنٹے کے لیے میری نیٹ کرلیں۔ بعد ازاں گول شیپ میں کباب بناکر، تیل گرم کرکےفرائی کرلیں۔ہری چٹنی اور سلاد کے ساتھ نوش فرمائیں۔

(شاہین ولی شاد،کراچی)

حلیم

اجزاء:گوشت(بغیر ہڈی کا)ایک کلو،دلیا آدھاکپ، چنے، مسور اور مونگ کی مکس دال ایک کپ،چاول ایک مُٹھی(مکس دال اور چاول رات بھر کے لیے بھگو دیں)،پیاز آدھا کلو،ادرک ،لہسن کا پیسٹ دو چائے کے چمچ،ادرک حسبِ ضرورت(باریک کاٹ لیں)، ہری مرچیںچارعدد(باریک کاٹ لیں)، ہرا دھنیا ایک گڈی،لیموں دو عدد (رس نکال لیں)،ہلدی چائے کاآدھا چمچ، سُرخ مرچ پاؤڈر حسبِ ذائقہ،گرم مسالا ایک چائے کا چمچ ،پیازدو عدد(فرائی کرلیں)اور تیل ایک کپ۔

ترکیب:سب سے پہلے گوشت کا قورما تیار کرکے رکھ دیں اور ساتھ ہی مکس دال اور چاول گرائنڈ کرلیں۔اب دوسری پتیلی میں حسبِ ضرورت پانی لےکر اس میںدلیا ،نمک اور دال والا آمیزہ ڈال کر گلنے کے لیے رکھ دیں۔جب گل جائے، تو اچھی طرح گھوٹ لیں۔پھرقورماشامل کرکے اور چمچ کی مدد سے اچھی طرح مکس کر کے دوبارہ حسبِ ضرورت پانی ڈال کر درمیانی آنچ پرپکنے دیں۔تمام اجزاء یک جان ہوجائیں، توایک بار پھرگھوٹ لیں۔آخر میںفرائی پیاز،ادرک ،ہری مرچیں،ہرا دھنیااور لیموں چھڑک دیں۔

(روبینہ، ڈگری)

تازہ ترین
تازہ ترین