• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

محرم الحرام کے موقع پر امن و امان کی فضاء کو بحال رکھنے کے لیے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں جب کہ پولیس و رینجرز کی جانب سے ڈاکوئوں، جرائم پیشہ، سماج دشمن عناصر کے خلاف کریک ڈائون تیز کردیا گیا۔ کومبنگ و سرچ آپریشن کے دوران 50سے زائد مشتبہ افرادکو حراست میں لے کر ان سے تفتیش کی جارہی ہےجب کہ 15 موٹر سائیکلیں اور3کاریں بھی تحویل میں لے لی گئیں۔ امن و امان کی فضا کو بحال رکھنے اور کسی بھی قسم کے ناخوش گوارصورت حال سے نمٹنے کے لئے ضلع بھر میں پولیس کو ہائی الرٹ کرکے ماسٹرسکیورٹی پلان ترتیب دیا گیا ہے اور پولیس افسران واہل کاروں کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں۔ سکھر رینج کے تین اضلاع خیرپور، گھوٹکی اور سکھر میں مجموعی طور پر 10 ہزار 226 پولیس افسران و اہل کار اور رینجرز کے1300 سے زائد افسران و جوان ڈیوٹیاں سرانجام دیں گے۔اس سلسلے میں پاک فوج کی خدمات بھی حاصل کی جائیں گی۔

ڈی آئی جی سکھررینج، آزاد خان کی زیر صدارت محرم الحرام کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس ڈی آئی جی آفس میں منعقد ہوا،جس میں ریجن کے تینوں اضلاع کے ایس ایس پیز اور پولیس افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں محرم الحرام کے موقع پر امن وامان کی فضا کو مکمل طور پر بحال رکھنے کے حوالے سے حکمت عملی مرتب کی گئی اور ماسٹرسکیورٹی پلان تشکیل دیا گیا۔ تینوں اضلاع میں 10ہزار سے زائد پولیس افسران واہل کارتعینات کئے جائیں گے۔ سکھر میں 3ہزار 162 ، خیرپور میں 4ہزار 222 ،گھوٹکی میں 2ہزار 842 پولیس افسران واہل کار تعینات ہوں گے۔ رینجرز کے بھی 1300سے زائد افسران و جوان امن وامان کی فضا کو برقرار رکھنے کے لئے پولیس کے ساتھ خدمات انجام دیں گے۔محرم الحرام کے دوران بم ڈسپوزل اسکواڈ، اسپیشل برانچ اور پولیس کے سادہ لباس اہل کار، خواتین پولیس اہل کاروں سمیت دیگر محکموںکے افسران و اہل کار بھی اپنے فرائض انجام دیں گے۔اجلاس میں تینوں اضلاع کے ایس ایس پیز کو ہدایات دی گئیں کہ وہ ڈاکوئوں، جرائم پیشہ و مشتبہ افراد و سماج دشمن عناصر کیخلاف کومبنگ و سرچ آپریشن کریں اور امن و امان کی صورت حال کو برقرار رکھنے کے لئے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جائے۔

اجلاس میں کئے جانے والے فیصلوں کے بعد ضلع سکھر میں پولیس و رینجرز کی جانب سے جرائم پیشہ عناصر اور مشتبہ افراد کی گرفتاری کے لئے کومبنگ و سرچ آپریشن شروع کردیا گیا۔ ایس ایس پی سکھرسید اسد رضا شاہ کے مطابق نیشنل ایکشن پلان کے تحت محرم الحرام کے دوران امن وامان کی صورت حال کو برقرا رکھنے اور کسی بھی قسم کے ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے اور سخت حفاظتی اقدامات کے پیش نظر پولیس اور رینجرز کی جانب سے موثر اقدامات کئے گئے ہیں۔ سکھر، روہڑی اور گردونواح کے علاقوں میں پولیس اور رینجرز کا مشترکہ کومبنگ آپریشن کیا گیا۔ اس دوران 50سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا جن سے تفتیش کی جارہی ہے۔ 

آپریشن کے دوران 15موٹر سائیکلیں اور3کاریں بھی تحویل میں لی گئی ہیں۔ کومبنگ آپریشن کے دوران سکھر، روہڑی اور دیگر علاقوں میں موجود ہوٹل، گیسٹ ہائوس، مسافر خانوں، بس اڈوں اور ایسے مقامات بیرون شہر سے لوگ آکرٹھہرتے ہیں ان کی تلاشی لی گئی اور وہاں قیام پذیر افرادکے کوائف بھی چیک کئے گئے، جب کہ سکھررینج کے خارجی اور داخلی راستوںپر بھی پولیس اور رینجرز نے اچانک سرچنگ کی ۔اس دوران مشتبہ گاڑیوں کو روک کر ان کی تلاشی لی گئی اور کوائف چیک کئے گئے۔پولیس اور رینجرز نے محرم الحرام کے دوران سکھر ، روہڑی اور دیگر علاقوں میں ماتمی جلوسوں کی گزر گاہوں میں آنے والے گلی محلوں میں بھی سرچنگ کی، پولیس اور رینجرز کے کومبنگ آپریشن اور چیکنگ کا مقصد محرم الحرام کی مجالس اور جلوسوں کے دوران امن وامان کی صورتحال کو مکمل طور پر برقرار رکھنا ہے جس کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے گئے ہیں۔ محرم الحرام کے دوران لائوڈ اسپیکر کے غیر ضروری استعمال، شرانگیز موادشائع کرنے، منافرت پر مبنی تقاریراور اسلحہ کی نمائش پر پابندی عائد ہوگی جب کہ ماتمی جلوسوں اور مجالس عزا کی نگرانی کے لئے کلوز سرکٹ کیمرے نصب کئے جائیں گے۔جلوس کے تمام راستوں کو بم ڈسپوزل اسکواڈ کا عملہ چیکنگ کر کے کلیئرنس دے گا۔ ماتمی جلوسوں اور مجالس کی نگرانی کے لئے ایس ایس پی کے دفتر میں مرکزی مانیٹرنگ سیل قائم کیا جائیگا جب کہ ماتمی جلوسوں کے علاقوں میں بھی پولیس کے مانیٹرنگ سیل قائم ہوں گے جہاں پر افسران ہر وقت موجود رہیں گے اور ماتمی جلوس ومجالس کی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے نگرانی کی جائے گی۔ سید اسد رضا شاہ نے بتایا کہ سکھر پولیس نیشنل ایکشن پلان پرعمل درآمد کو یقینی بنانے کے لئے ہرممکن اقدامات کررہی ہے ، تمام افسران، تھانہ انچارجز، پولیس فورس کو اس سلسلے میں خصوصی طور پر ہدایات دی گئی ہیں۔ ڈاکوئوں ، جرائم پیشہ اور سماج دشمن عناصر کے خلاف کارروائیوں کے لئے متعدد ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو روزانہ کی بنیاد پر اپنے علاقوں میں گشت کرتی ہیں تاکہ اگر کسی بھی جگہ اس طرح کا کوئی کام ہورہا ہو تو ان کے خلاف فوری کارروائی کو یقینی بنایا جائے۔ پولیس اپنے پیشہ وارانہ فرائض احسن انداز میں اداکررہی ہے، شہر کی مختلف شاہراہوں و علاقوں میں اچانک سرچ آپریشن کیا جاتا ہے، گزرنے والی گاڑیوں کو روک کر ان کے کوائف چیک کئے جاتے ہیں ، بس اسٹاپ اور ریلوے اسٹیشنوں پر بھی کڑی نگاہ رکھی جارہی ہے اورمشتبہ افرادکوروک کر ان کے بارے میں معلومات حاصل کی جاتی ہیں۔

ڈی آئی جی، سکھر، آزاد خان نے نمائندہ جنگ سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ ہم سکھر رینج میں عوام کو چین و سکون کے ساتھ زندگی گزارنے کے لیے تمام اقدامات بروئے کار لارہے ہیں، خصوصاً محرم الحرام کے مقدس مہینے میں امن و امان کی صورت حال کو برقرار رکھنے کے لیے سیکورٹی پلان ترتیب دیا گیا ہے۔ نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کو یقینی بنانا پولیس کی اولین ترجیح ہے، اس حوالے سے کسی قسم کی غفلت اور کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ ضلع بھر میں ڈاکوئوں، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف آپریشن جاری رہے گا، پولیس عوام کے تعاون سے نہ صرف جرائم کے خاتمے کو یقینی بنا رہی ہے بلکہ معاشرتی برائیوں کا قلع قمع کرنے میں بھی پولیس اور عوام کا اہم کردار ہے۔ اس حوالے سےتمام مکاتب فکر کے علمائے کرام سے ملاقاتوں کا سلسلہ بھی جاری ہے اور ہم نے علمائے کرام سے بھی اپیل کی ہے کہ ماہ مقدس کے دوران مذہبی ہم آہنگی، محبت، اخوت اور بھائی چارے کی فضا کو قائم رکھیں۔ 

تازہ ترین
تازہ ترین