• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن


  • تحریر: عالیہ کاشف عظیمی
  • ماڈل: رمشا سومرو
  • بیگز: واک ایز
  • ملبوسات: رمشا سومرو
  • آرایش: ماہ روز بیوٹی پارلر
  • عکّاسی: عالیہ نثار
  • لے آؤٹ: نوید رشید

وقت کا پنچھی نہ کبھی تھکتا ہے، نہ اس پر موسموں کی سختیاں اثر انداز ہوتی ہیں کہ اُس کا کام تو بس اُڑتے چلے جانا ہے۔ہاں، یہ ضرور ہے کہ یہ گردشِ ماہ و سال فیشن کی دُنیا میں کئی تبدیلیوں کی موجب ضرور بنتی ہے۔ ہر سال، دو سال بعد ملبوسات کے انداز بدلتے ہیں، تو ایکسیسریز کے رنگ ڈھنگ بھی تبدیل ہوتے رہتے ہیں۔

یوں تو ہینڈ بیگز کے استعمال کی تاریخ خاصی پُرانی ہے، مگر19ویں صدی میں باقاعدہ طور پر اسٹائلش ہینڈ بیگز کا استعمال عام ہوا۔اور اسی صدی میں موتی ستاروں سے آراستہ پرس بھی مقبولِ عام ہوئے۔ بعد ازاں، وقت کے ساتھ ساتھ ان میں مزید جدّت و ندرت آتی چلی گئی۔ آج کل چمڑے، ریکزین، کاٹن، اُون،کروشیے اور مختلف جانوروں کی کھال سے تیار کردہ پرس اور ہینڈ بیگز رواج میں ہیں۔علاوہ ازیں، علاقائی کڑھائی، موتی ،ستارے اور بٹنز سے

آراستہ بیگز بھی خواتین میں بےحد مقبول ہیں۔تو لیجیے،آج ہم نے آپ کے لیے اپنی بزم دورِ حاضر کے کچھ پسندیدہ، ہینڈ بیگز ہی سے آراستہ کرڈالی ہے۔ ملبوسات سے ہم آہنگ یہ رنگ و انداز یقیناً آپ کو بھی خُوب بھائیں گے۔

ذرا دیکھیے، نیلے رنگ کی میکسی کے ساتھ سلور رنگ بیگ کس قدر حسین انتخاب معلوم ہورہا ہے۔اسی طرح سیاہ اسکن فٹڈ جینز، چیتا پرنٹ شرٹ اور سُرخ رنگ فرنٹ اوپن، ٹیل اَپر کے ساتھ سُرخ و سیاہ رنگ بیگ کا انتخاب بھی کچھ کم دِل آویز نہیں۔ سیاہ جینز، شرٹ اور کنٹراسٹ میں پرنٹڈ اَپر کے ساتھ لائٹ براؤن بیگ کا انداز اسٹائلش ہے، تو سلک فیبرک میں عنّابی رنگ کلیوں والی میکسی کے ساتھ سیاہ رنگ بیگ بھی خُوب جچ رہا ہے۔اسی طرح سلک فیبرک میں پیور بلیک رنگ میکسی کے ساتھ قدرے چھوٹا سُرخ رنگ لیدر بیگ تو گویا سونے پر سہاگے کا کام کررہا ہے۔

کہیے، روٹین سے ہٹ کر یہ دِل کش پیراہن اور اسٹائلش بیگز کا انتخاب آپ کو کیسا لگا؟؟

تازہ ترین
تازہ ترین