کرک کے ویمن اینڈ چلڈرن اسپتال میں مبینہ طور پر کینولا غلط لگانے سے نوزائیدہ بچے کا ہاتھ شدید متاثر ہوگیا ۔ لیڈی ریڈنگ اسپتال پشاور کے ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ بچے کا ہاتھ کاٹنے کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ نہیں ۔ ایم ایس ویمن اینڈ چلڈرن اسپتال کہتے ہیں انھیں اب تک تحریری شکایت نہیں ملی ۔ تحریری شکایت اور شواہد جمع کرانے پر ہی تحقیقات کی جائے گی ۔
ضلع کرک کے علاقےسراج خیل کے رہائشی عنایت اللہ خان کا کہنا ہے کہ اس کے 16 دن کے پوتے عمیر کو سات روز قبل وومن اینڈ چلڈرن اسپتال میں عملے نے بائیں ہاتھ میں کینولہ لگایا تھا۔
بچے کا ہاتھ سوجنے پر علاج کے لیے لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کیا گیا تو ڈاکٹروں نے انکشاف کیا کہ بچے کو غلط طور پر کینولہ لگایا گیا ہے۔
انفیکشن کی وجہ سے بچے کے ہاتھ میں خون کی ترسیل بند ہوچکی ہے ۔ ہاتھ سوکھنے کی وجہ سے اسے کاٹنے کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ نہیں ہے۔
بچے کے دادا نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وومن اینڈ چلڈر اسپتال کے عملے کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔
دوسری جانب وومن اینڈ چلڈرن اسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر فخر عالم خٹک کا کہنا ہے کہ بچے کے معاملے پر کسی قسم کی کوئی تحریری شکایت نہیں ملی۔تحریری شکایت اور شواہد جمع کرانے پر ہی تحقیقات کی جائے گی۔