• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سردیوں کی آمد کے ساتھ ہی آپ کو کینو کی صورت میں ہر جگہ نارنجی رنگ کی بہار نظر آنے لگتی ہے۔ ذائقے کی بات کریں تو دنیا کا سب سے بہترین کینو پاکستان میں دستیاب ہے اور اس کا ذائقہ لوگوں کے دلوں کو خوب بھاتا ہے۔ ہر سال سردیوں کے موسم میں یہ سب سے زیادہ فروخت ہونے والا پھل ہے، جسے بڑی تعداد میں برآمد بھی کیا جاتا ہے۔کینو کا ترش ذائقہ کیلوریز میں کم اور غذائی اجزا سے بھرپور ہوتا ہے جبکہ اس میں موجود وٹامنز اسے بہترین پھل بناتے ہیں۔ قدرت کا یہ عظیم پھل ان گنت اجزا سے مالا مال ہے، جن میں کاربوہائیڈریٹ، فائبر، پروٹین، وٹامن اے، تھائمین، وٹامن سی، فولیٹ، فلیونوئیڈز، فاسفورس، تانبا اور پوٹاشیم جیسی معدنیات شامل ہیں۔ لاتعداد سروے اور مطالعوں سے کینو کے مختلف فوائد سامنے آئے ہیں۔

دل کی بیماریوں سے تحفظ

کینو میں موجود وٹامن سی شریانوں کو سخت نہیں ہونے دیتا اور یوںبندہ امراضِ قلب سے محفوظ رہتا ہے۔ اس سے بلڈ پریشر بھی قابو میں رہتا ہے کیونکہ خون کی شریانیں بہتر ہونے سے خون کا بہاؤ ہموار رہتا ہے اور بلڈ پریشر کا مرض پیدا نہیں ہوتا۔

کینسر سے بچائو

کینو میں موجود اینٹی آکسیڈنٹس خلیات اور ڈی این اے کو ٹوٹ پھوٹ سے محفوظ رکھتے ہیں، جو کینسر کی وجہ بنتے ہیں۔ کئی مطالعوں سے کینو کو آنتوں کے سرطان میں بھی مفید پایا گیا ہے۔

زہریلے مادوں کا اخراج

اگر آپ ایک گلاس روزانہ کینو کاجوس پیتے ہیں تو یہ بدن میں صفائی کا کام کرتے ہوئے تمام زہریلے اور فاسد مواد کو ختم کرتا ہے۔ اس عمل کو ڈی ٹاکسی فکیشن کہا جاتا ہے۔

مدافعتی نظام میں بہتری

قدرت نے ہمارے بدن میں امراض سے لڑنے والا ایک شاندار نظام بنایا ہے، جسے مدافعتی نظام (امیون سسٹم) کہا جاتا ہے۔ وٹامن سی اس نظام کو مزید طاقتور کردیتا ہے۔ وٹامن سی کو ’’ایسکاربک ایسڈ‘‘ بھی کہا جاتا ہے، جو بدن میں اینٹی آکسیڈنٹ کا کام کرتا ہے اور جسم کو نقصان پہنچانے والے فری ریڈیکلز کو بننے نہیں دیتا ۔ یہ انسانی جسم میں نئی بافتوں کی پیداوار میں بھی مددگار ہوتا ہے۔

جِلد اور بالوں کیلئے مفید

کینووٹامن سی سے بھرپور ہوتا ہے جبکہ اس میں وٹامن اے بھی پایا جاتا ہے، جو بالوں کی نمی برقرار رکھنے میں مدد دیتا ہے۔ وٹامن سی جِلد اور بالوں کے لیے کافی مفید ہے اور اس کی مناسب مقدار صرف جسم کے دفاعی نظام کو ہی مضبوط نہیں کرتی بلکہ ایک پروٹین کولیجن کی مقدار مستحکم رکھنے میں بھی مدد دیتی ہے، جو بالوں اورجِلدکے لیے بہت ضروری ہے۔

دماغی افعال میں بہتری

کینو میں موجود مختلف اجزا جیسے پوٹاشیم، وٹامن بی9اور اینٹی آکسیڈنٹس دماغ کے لیے فائدہ مند مانے جاتے ہیں۔ پوٹاشیم دماغ کی جانب دورانِ خون بڑھانے اور اعصابی سرگرمیاں بڑھانے پر توجہ مرکوز کرنے کے لیے ضروری ہے۔ وٹامن بی9عمر بڑھنے سے ہونے والی دماغی تنزلی کی روک تھام کرکے الزائمر کے مرض سے بچاتا ہے۔

خون کی کارکردگی میں بہتری

کینو کا استعمال نہ صرف خون کی گردش بڑھاتا ہے بلکہ سرخ خلیات کی پیداوار میں مدد دے کر نیا خون پیدا کرنے میں بھی مدد دیتا ہے۔ اس میں موجود فولیٹ اور وٹامن بی خون کی گردش میں تیزی اور نئے خون کی پیداوار میں مدد دیتا ہے۔ ایک تحقیق کے مطابق جو لوگ پوٹاشیم سے بھرپور غذا کھاتے ہیں، ان میں خون کی شریانوں کے مسائل جیسے امراض قلب یا فالج وغیرہ سے موت کا خطرہ 49 فیصد تک کم ہوجاتا ہے۔

ہاضمہ میں بہتری

کینو، فائبر کے حصول کا بہترین ذریعہ ہیں۔ فائبر معدے کی صحت کے لیے بہت ضروری جزو ہے جو کہ قبض، بدہضمی اور دیگر مسائل کی روک تھام کرتا ہے۔

بلڈ پریشر کا سدباب

اس پھل میں موجود پوٹاشیم اور نمکیات کی کم سطح خون کی شریانوں کو پھیلاتی ہے اور بلڈ پریشر کو معمول کی سطح پر رکھتی ہے۔

موسمی امراض سے تحفظ

اس پھل میں موجود وٹامن سی جسمانی دفاعی نظام کو بہتر کرتا ہے، جو کہ موسمی بیماریوں یا انفیکشن وغیرہ کے خلاف مزاحمت کرتا ہے جبکہ کینسر کا باعث بننے والے فری ریڈیکلز کو بھی کم کرتاہے۔

احتیاط

ذیابطیس کے مریض کینو کھانے کے لیے اپنے معالج سے رابطہ کریں۔ یاد رہے کہ تازہ کینو کے جوس کا کوئی متبادل نہیں۔ ڈبے، ٹن اور پاؤڈر والے نارنجی کے جوس کی پروسیسنگ کے دوران اس کے مفید اور قیمتی اجزا ختم ہوجاتے ہیں۔ دوسری اہم بات یہ ہے کہ نارنجی کا بے تحاشا استعمال معدے میں تیزابیت، نظامِ ہاضمہ اور بلڈ پریشر کو متاثر کرسکتا ہے۔ اس لیے مشورہ ہے کہ اسے اعتدال سے استعمال کیا جائے۔

تازہ ترین