• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹروپیکل علاقوں کی آب وہوا گرم اور مرطوب ہوتی ہے، وہاں قدرتی مناظر کی فراوانی ہوتی ہے۔ سمندر اور اس کی ہوائیں بھی دسترس میں ہوتی ہیں۔ ساتھ ہی کھجور اور ناریل کے درختوں کی بھرمار ہوتی ہے۔ آپ ایسے علاقوں کا دورہ کرنے اور اپنی تعطیلات کو یاد گار بنانے کیلئے بہت سا پیسہ بھی خرچ کرتے ہیں۔ لیکن جو لوگ مالدیپ جیسے ممالک نہیں جاسکتے، وہ اپنے گھر میں وہاں کے انداز اپناتے ہوئے اپنےگھر کو ایک ٹروپیکل ماحول تو دے ہی سکتے ہیں۔ اگر آپ کو نہیں معلوم کہ ایسے ماحول کے لیے انٹیریئر میں کیا تبدیلیاں کرنی ہیں توآپ کی آسانی کے لیے کچھ سادہ سی تجاویز بتائی جارہی ہیں۔

چھت کو بنائیں آسمان

کمرے کی دیواروں پر سبزہ زار سے بھرپور وال پیپرز لگائے جائیں تو ایسے میں ایک گہرے رنگ کی چھت سے کمرہ بہت تنگ اور تاریک لگ سکتا ہے جبکہ سفید رنگ کی چھت یا دوسرے معنوں میں ہلکا رنگ اس جگہ کو کشادگی بخش سکتا ہے۔ بہتر تو یہ ہے کہ آپ چھت پر آسمانی رنگ کروالیں یا چھت پر بادلوں والی تھری ڈی سیلنگ بنوالیں تو کھلا کھلا ماحول محسوس کریں گے۔ اس کے علاوہ مارکیٹ میں ایسے وال پیپرز بھی دستیاب ہیں، جو رات میں جھلمل کرتے ستاروں سے ڈھکے آسمان کا تاثر دیتے ہیں اور آپ رات کوان ستاروں تلے خود کو سوتے ہوئے محسوس کرسکتے ہیں۔

تعمیرات میں درختوں کی حفاظت

ہم ایسے گھر بھی دیکھتے ہیں، جہاں کے مکینوں نے درخت کو کاٹنے کے بجائے اسے گھر کا حصہ بنالیا ہے۔ اگر آپ کے گھر کی تعمیر میں قدرتی اشیا آئیں تو کوشش کریں کہ انہیں ختم کرنے کے بجائے گھر کی سجاوٹ کا حصہ بنا لیں یا کوئی درخت ہے تو اس کو گھر کا مرکز بنائیں اور اسکے ارد گرد گھر تعمیر کریں۔

دیواروں کی سجاوٹ

اپنے گھر کو ٹروپیکل انداز دینے کا سب سے آسان اور کارآمد طریقہ یہ ہے کہ گھر میں قدرت سے ملتی جلتی تصاویر لگائیں، جو آپ کے من پسند منظر کی عکاسی کرتی ہو یا پھر ورٹیکل گارڈن کی طرح گملے لٹکا کر ان میں خوشنما پھول لگا کر گھر کی رونق میں اضافہ کیا جاسکتاہے۔ منی پلانٹ اس سلسلے میں بہترین انتخاب ثابت ہو سکتاہے۔

ہلکے کپڑے کے پردے

اگر آپ گھر میں ٹروپیکل انداز چاہتے ہیں تو لاؤنج میں ہلکے کپڑے کے پردے لگائیں۔ ہلکا کپڑا نہ صرف فوری آرام اور سکون مہیا کرتا ہے بلکہ یہ کمرے کو پُر سکون اور پُر آسائش بھی بناتا ہے۔ جب یہ پردہ ہوائوں میں لہراتاہے تو اور بھی اچھا محسوس ہوتاہے۔ اس کے اندر سے چھن کر آنے والی ہوا تازگی فراہم کرتی ہے اور یہاں نیند بھی بڑے آرام سے آتی ہے۔

جالی دار جھولا لگائیں

جالی دار جھولا (ہیموک) بڑے سے نیٹ سے بنی ایک شیٹ ہوتی ہے، جسے دو درختوں کے درمیان باندھ لیتے ہیں اور اس پر آرام کیا جاتاہے۔ اگرآپ کے گھر میںبنے لان میں درخت نہیں ہیں تو آپ یہ کام اپنی بالکونی یا ڈرائنگ روم میں بھی کرسکتےہیں اور اس پر جھولتے ہوئے مزےسے وقت گزار سکتے ہیں۔

صحن میں ڈائننگ ایریا

اگر آپ کوقدرت اور قدرتی نظاروں سے لگائو ہے تو ایک ڈائننگ ایریا باہر صحن میں کیوں نہیں بنایا جاسکتا؟ چھٹی کے دن یہاںفیملی کے ساتھ بیٹھ کر یا رات میں چلنے والی مدھر ہوائوں میں کھانے کے مزے لینا ایک پُرلطف تصور ہے۔

ہینگنگ چیئرز

ٹروپیکل ریزورٹس میں آپ کو لٹکتی ہوئی کرسیاں نظرآتی ہیں، یہی کام آپ گھر پر بھی کرلیں۔ ان پر بیٹھ کر آرام کریں اور اپنی مرضی کا ایک مشروب نوش فرمائیں،اخبار پڑھیں یا نیند کے مزے لیں۔ آپ اپنے پسند کے مطابق کوئی جھولا بھی لگا سکتے ہیں۔

قدرتی روشنی کی آمد

دن کے وقت اپنے گھر کی کھڑکیاں کھول دیں تاکہ روشنی اور ہوا اندر آسکے۔ کھڑکیوں کو کھلا رکھنے سے ہوا کے ساتھ ساتھ گھر میں روشنی کا بھی احساس ہوتاہے۔

استقبالیہ راہداری بنائیں

گھر کا داخلی راستہ یقینی طور پر ٹروپیکل انداز میں دلکش بنایا جاسکتاہے۔ داخلی راستوں میں آپ پودے لگا سکتے ہیں، تالاب بنا سکتے ہیں اور روشنی کا ایک ایسا انتظام کرسکتے ہیں، جس سے ہر وقت ڈھلتی شام کا سا منظر لگے گا۔

تازہ ترین