• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’’لیونگ ایریا ڈیزائنز‘‘ آپ کے گھر کو دلکش بنائیں

لیونگ ایریا کسی بھی گھر کا دل ہوتا ہے، یہی وہ جگہ ہے جہاں بیٹھ کر آپ کھاتے ہیں ، آرام کرتےہیں اور دوستوں ، خاندان سے ملاقات کرتے ہیں۔

اسی کام کی جگہ کو حد درجہ فعال اور خوبصورت ہونا چاہیے۔ جدید ڈیزائن میں کچن ، ڈائننگ روم اور لیونگ روم ایک ساتھ ہوتا ہے۔ یہ اسٹائل پوری جگہ کی وضع کو تبدیل کر کے رکھ دیتا ہے۔ اس سے گھر بہت خوبصورت نظر آتا ہے، تاہم ہر شخص اپنے ذوق، پسند، سوچ اورسہولت کے مطابق لیونگ ایریا کو ڈیزائن کرتا ہے۔آپ کی رہنمائی کےلیے چند پرشکوہ لیونگ ایریا ڈیزائن پیشِ خدمت ہیں۔

رنگ اور آرام

اس لیونگ ایریا کی سب سے خاص بات اس میں موجود صوفے ہیں جو اتنے حسین رنگوں کے ہونے کے ساتھ آرام دہ بھی ہیں۔ اس کمرے میں موجود میز اور فانوس انتہائی انوکھے ہیں۔ اس کمرے میں باقی لیونگ ایریا کی نسبت بہت منفرد انداز میں ٹی وی لگایا گیا ہے، جو مہمانوں کی توجہ ٹی وی سے کھینچتے ہوئے اس کے ارد گرد کی جگہ پر لے جاتا ہے۔

لکڑی کا خوبصورت استعمال

اس لیونگ ایریا میں آپ کو شہر اور دیہات دونوں کی ہی وضع ملے گی۔ سفید کے ساتھ نیلے رنگ کا استعمال انتہائی جدید لگ رہا ہے، جو اس دیوان خانے کو شہری وضع فراہم کر رہا ہے۔ دوسری طرف لکڑی کا فرش، سیلنگ اور میز کے ساتھ ساتھ ستونوں اور دیواروں کا قدیم انداز دیہاتی وضع کا بھی پتہ دے رہا ہے۔

کشادہ اور واضح

کشادہ جگہ اور واضح نظارہ اس لیونگ ایریا کو ہوادار اور پُرسکون بنا رہا ہے۔ اس میں لگایاگیا جدید اور ٹھوس فرنیچر اس کمرے کی شان بڑھا رہا ہے۔ کمرے میں موجود بڑی ہوادار کھڑکیاں بیرونی مناظر کو اندر لاتی ہیں، جن سے گھر بیٹھے بیٹھے لطف اندوز ہوا جاسکتا ہے۔ اگر آپ چاہیں تو یہان اپنے مہمانوں اور عزیزوں کے ساتھ بارش کے موسم میں چائے کے ساتھ پکوڑوں کا بھی مزہ لے سکتے ہیں۔

زَر اور چاندی

مختلف رنگوں کا مجموعہ اور آپس میں ہم آہنگی اِس جگہ کو آرام اور خوشی کا احساس فراہم کرتے ہیں، مثال کے طور پر یہ ڈیزائن چاندی، زر اور خاکستری رنگوں کے ساتھ بھورے رنگوں پر منحصر ہے۔ ٹی وی کے سامنے موجود صوفہ، شیشے کی سطح کے ہمراہ لکڑی کی میز، لکڑی کے فرش پر نرم قالین۔ یہ دیکھیں کہ استحکام اور خوبصورتی دینے کے لیے کیسے رنگ ایک ساتھ ملائے اور قریب لائے جاتے ہیں۔

ٹی وی سے لگن رکھنے والوں کیلئے

اگر آپ فلمیں دیکھنے کے شوقین ہیں، تو ٹی وی کے لئے خاص فرنیچر ڈیزائن کروانے میں بالکل نہ ہچکچائیں اور آپ کی خواہشات کے لیے مناسب جگہ، جیسا کہ ہم اِس ڈیزائن میں دیکھ سکتے ہیں کہ ایک بڑا لکڑی کا فریم دیوار پر ٹی وی کے ساتھ لٹکا ہوا ہے، جو سنیما جیسا لگتا ہے۔ اس کے علاوہ دیوار پر دونوں طرف اور لکڑی کے فریم کے نیچے خوبصورت لائٹس لگائی گئی ہیں۔

شیشے اور فانوس کا استعمال

شیشے کے ٹکڑے، آئینے، کرسٹل اور فانوس سب خوبصورت چیزیں ہیں، جو آپ کے لیونگ ایریا کی خوبصورتی بڑھاتے ہیں۔ ایک سفید صوفے، دھاتی پائے والی دو سیاہ چمڑے کی کرسیوں کے ساتھ یہ ڈیزائن ایک الگ انداز پیش کرتا ہے۔

ٹیکسچر والی دیوار

کبھی کبھی تھوڑا بھی بہت ہوتا ہے اور اگر آپ خوبصورتی اور وضع کی بات کریں تو یہ بالکل درست ہے۔ کیا ہی خوب ہو اگر آپ اپنے لیونگ ایریا میں 3D ٹائلز والی دیوار کا اضافہ کر دیں۔ یہ آپ کے لیونگ ایریا کو بہت ہی جدید انداز دے گی اور آپ کے مہمانوں کو بہت عرصے تک اپنے سحر میں قید رکھے گی۔

خوبصورت اور پیارا

دیواروں کے ہلکے رنگ اور اس کے ساتھ فرنیچر کے رنگوں کا ایک جیسا ہونا کمرے میں دلکشی اور خوبصورتی پیدا کرتا ہے۔ اس کے ساتھ کمرے میں لگی تصویروں اور پینٹنگز کا رنگ بھی کمرے کے ان ہلکے رنگوں کے ہم مزاج ہونا خوبصورتی اور دلکشی میں چار چاند لگا دیتا ہے۔

کلاسک اور جدت کو اکٹھا کریں

اگر ہم ذرا گہرائی سے اس ڈیزائن کا جائزہ لیں تو ہمیں اس میں کلاسک عنصر صاف نظر آئے گا۔ صنعتی طرز کی روشنی، کچھ لکڑی کی سجاوٹ اور پینٹنگز کی موجودگی لیونگ روم کو کلاسک بناتی ہیں جبکہ دیواروں پر کیا گیا زیتون کا رنگ اور انٹریئر میں گلابی رنگ کی نمائش اس کو جدت بخشتی ہے۔ اسی طرح اس کے پردوں کا رنگ بھی اسی مناسبت سے رکھا گیا ہے۔ یہ صرف ایک لیونگ روم نہیں بلکہ آپکے خوابوں کی تعبیر بھی ہے۔

تازہ ترین