• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انسان کا جسم خیال و تصور سے چلتا ہے،جسے ہماری یادداشت کنٹرول کرتی ہے۔ کسی بھی انسان کا دماغ اگر یادوں کی بازیافت نہ کر پائے تو وہ فرد عضو معطل ہوجاتا ہے۔ کیلی فورنیا یونیورسٹی کے ماہرینِ نیورو سائنس نے حالیہ تحقیق سے ثابت کیا ہے کہ ذہن کو تجسس کی طرف مائل کرنے والی ویڈیو گیمز کھیلنے والے بچوں کی یادداشت تیز ہوتی ہےجبکہ مار دھاڑ والی تھری ڈی گیمز کھیلنے والے بچے کند ذہن ہوجاتے ہیں اور کچھ تند مزاج بن کر جرائم کی راہ پر نکل پڑتے ہیں۔ ماہرین طب کی مجموعی تحقیق بتاتی ہے کہ ہر وقت War گیمز کھیلنے والے بچے اور نوجوان منفی سرگرمیوں میں مبتلا ہوجاتے ہیں، اس کے برعکس جو طالب علم اور نوجوان ذہن کو چونکا دینے والے، ٹاسک اورینٹیڈ اور سسپنس ویڈیو گیمز کھیلتے ہیں، ان کا تخیل جلا پاتا ہے اور وہ بصیرت افروز سوچ کے ساتھ یادداشت کے دھنی ہوکر مشکل راستوں سے نکلنےوالے مہم جو بن جاتے ہیں۔ یاد رکھیے! دنیا میں ہر چیز کے مثبت اور منفی استعمالات ہوتے ہیں،یہ ہمارا اپنا انتخاب ہوتا ہے جو کسی بھی کام کو اچھا یا برا بناتا ہے۔ اگر ہم اپنی ذہنی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے کی سعی کرتے ہیں تو یہ بھی ہمارا فیصلہ ہوتا ہے، اگر ہم غیر سنجیدہ ہوکر زندگی کے قیمتی پل فضول سرگرمیوں میں ضائع کردیتے ہیں تو یہ بھی ہمارا فیصلہ ہوتا ہے۔ زیرِ نظر ایسے ہی اصلاح گر طالب علموں اور اہلِ تجدید کے لیے ایسی مقبول ویڈیوگیمز کا ذکر کیا جارہا ہے، جنہیں کھیل کرموجودہ تخلیقی و اختراعی دور میں آپ اپنے ذہن کو تیز اوریادداشت کو فعال و متحرک کرسکتے ہیں۔

Lumosity

لیوموسٹی میں اوپن سائنس برین ٹریننگ پر مبنی وہ تمام ویڈیو گیمز شامل ہیں، جن کی بدولت آپ ارتکازو توجہ کے ساتھ مسائل حل کرنے کی ناقدانہ سوچ کو فروغ دے سکتے ہیں۔ اس میں ذہنی کارکردگی بڑھانے والے وہ جملہ ویڈیو گیمز موجود ہیں،جو آپ کی پروازِ تخیل کو جلا بخش کر یادداشت کو بڑھا سکتے ہیں۔روزانہ صرف 20منٹ یہ ویڈیو گیمز کھیلنا آپ کو ذہنی طور پر تروتازہ کرسکتا ہے۔

Brain HQ

اگر آپ بھلکڑ ہیں، نام اور مقامات یاد کرنے یا انہیں دوبارہ سامنے لانے میں دشواری محسوس کرتے ہیں تو Posit Science کی طرف سے متعارف کردہ برین ایچ کیو نامی ویڈیو گیم بہترین تفریح بن سکتا ہے، جس میں شامل تربیتی مشقیں اور دماغ کے کام کرنے کے ویژوئل سین کے ساتھ وہ تمام سامان موجود ہے،جو آپ کو بھولنے نہ دے گا۔ یہ کوئی فلیشی ویڈیو گیم ایپ نہیں بلکہ اسے ان طالب علموں،اساتذہ اور دانشوروں کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے،جو سنجیدگی سے اپنے بھلکڑ پن کا سدِباب کرنا چاہتے ہیں۔

Brain It On

فزکس کے طالب علموں کے لیے طبیعیات کے پیچیدہ مسائل کو حل کرنے،حکمت عملی وضع کرنے اور گہرائی سے سوچ بچار کرتے ہوئے نتیجے تک پہنچنے کے لیے یہ پزل گیم آپ کے سائنسی ذہن کے لیے چیلنجنگ ٹاسک ہوسکتا ہے۔اس کا ہر لیول تحیر کی نئی دنیا لیے ہوئے ہے۔ فزکس کا شوق رکھنے والے ذہن کو پروان چڑھانے کے لیے یہ ویڈیو گیم اپنی مثال آپ ہے۔

Private Eye

معمے اور پہیلیاں بوجھنے کے لیے یہ بہترین ویڈیو گیم ہے، جسے کھیلتے ہوئے آپ کا مہم جو اور متجسس ذہن جاگ کر نہ صرف تخیل کو بڑھائے گا بلکہ مشکل راہوں سے نکلنے کا سلیقہ بھی سیکھائے گا۔ذہن و دماغ کی یہ بیداری آپ کوواقعات و حقائق کبھی بھلانے نہ دے گی۔

Wordle

دیکھنے میں یہ پزل گیم آسان لگتا ہے،مگر ایسا ہے نہیں۔یہاں آپ کو کوئی بھی لفظ لکھنے کے لیے صرف چھ حروف دئیے گئے ہیں۔اب یہ آپ پر منحصر ہے کہ کتنے انجان الفاظ سے کھیل کھیل میں آشنا ہوکر سیکھتے ہیں۔کراس ورڈز کو پسند کرنے والوں کے لیے یہ خاص گیم ہے،جس سے وہ اپنے الفاظ کے ذخیرے میں اضافہ کرسکتے ہیں۔

Tap 20

ریاضی اور اعداد سے محبت کرنے والے طالب علموں کے لیےیہ نمبر پزل گیم گنتی کو تیزی سے مکمل کرنے کی ایسی ویڈیو گیم ہے،جس کا ہر اگلا لیول اپنی رفتار بڑھا کر آپ کی دماغی صلاحیتوں کو برق رفتار بناتا ہے۔ اس انتہائی تیزطرار اور فوری کام مکمل کرنے کے اس دور میں یہ گیم آپ کو زمانے کی چال کے ساتھ چلنے کا ڈھنگ سکھائے گا۔

ذہن و تخیل سازی کیلئے اسٹریٹجی گیمز

ہم اپنے جسم کو صحت مند اور شخصیت کو باوقار بنانے کے لیے کئی اہتمام کرتے ہیں لیکن اپنے ذہن و تخیل اور یادداشت کو بڑھانے پر زیادہ توجہ نہیں دیتے۔ ذہن سازی کے لیےہم حکمت عملی پر مبنی ویڈیو گیمز کھیل کر خود کو دماغی طور پر صحت یاب کرتے ہیں۔اس کے لیے صدیوں سے شطرنج، تاش،لوڈو وغیرہ کھیلا جاتا ہے اور اب یہ ڈیجیٹل ویڈیو گیمز کی صورت میں بھی موجود ہیں۔ ڈیجیٹل ویڈیو گیمز موبائل، کمپیوٹر، پلے اسٹیشن، ایکس باکس یا پھر ننٹینڈو پر کھیلے جاتے ہیں۔ دماغی و ذہنی صحت کے لیے حکمت عملی پر مبنی اہم گیمز میںGalactic Civilizations قابلِ ذکر ہے۔

تازہ ترین