• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ پولیس کی جانب سے نیشنل ایکشن پلان پر مکمل طور پر عملدرآمد اور ڈاکوئوں و جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری آپریشن کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں، پولیس کے اقدامات کے باعث صوبےمیں بے یقینی کی کیفیات کا خاتمہ ہوا ہے اور امن و امان کی صورت حال میں واضح طور سے بہتری آئی ہے۔ عوام اور پولیس کے درمیان دوریاں بھی ختم ہورہی ہیں اوران میں پولیس کا اعتماد بھی بحال ہورہا ہے۔ نیشنل ایکشن پلان کے تحت ،پولیس کی جانب سے مختلف علاقوں میں اچانک سرچ و کومبنگ آپریشن بھی شروع کردیا جاتا ہے، جس سے پولیس کو واضح کامیابیاں ملی ہیں۔

کشمور پولیس نے ایک ہفتے کے دوران تخریب کاری کی 2بڑی وارداتوں کو ناکام بناکر کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے 2دہشت گردوں کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے بھاری تعدادمیں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کرلیا ۔گرفتار ہونے والے دہشت گردوں میں سے ایک دہشت گرد عسکریت پسند گروپ کا کمانڈر بھی ہے، جس کی گرفتاری پر آئی جی سندھ کی جانب سے پولیس پارٹی کے لئے 10لاکھ روپے انعام دینے کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔

دوالگ الگ کارروائیوں میں گرفتار ہونے والے دونوں دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم بلوچستان ری پبلکن آرمی سے ہےجو کہ سندھ و بلوچستان کے مختلف علاقوں میں ریلوے ٹریک، سوئی گیس کی پائپ لائنوں کو دھماکوں سے اڑانے کی وارداتوں میں ملوث ہیں۔

ایس ایس پی کشمور، سید اسد رضا شاہ کے مطابق پولیس کو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی تھی کہ کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والا دہشت گردگروہ، خوشحال خان خٹک ایکسپریس میں تخریب کاری کرنے کی نیت سے بخشا پور کے نزدیک موجود ہے، جس پر پولیس کی ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی، جس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تخریب کاری کے منصوبے کو ناکام بنادیا، پولیس کی جانب سے کارروائی کے دوران ایک دہشت گرد کو گرفتار کیا گیا ہے، جس کی شناخت بپن باجکانی کے نام سے ہوئی ہے، جب کہ اس کے 2ساتھی فرار ہوگئے، جن کی گرفتاری کے لئے پولیس کی ٹیمیںمختلف علاقوں میں چھاپہ مار کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ ایس ایس پی کے مطابق فرا رہونے والے تخریب کاروں کو بھی جلد ہی گرفتار کرلیا جائے گا۔ گرفتارہونے والے دہشت گرد کے قبضے سے پولیس نے 2کلو گرام بارودی مواد، ڈیٹو نیٹرز، ایک ہینڈ گرنیڈ، تار، فیوز و دیگر سامان برآمد کیا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق مذکورہ دہشت گرد، ریلوے ٹریک، سوئی گیس پائپ لائنوں کو دھماکوں سےاڑانے کی متعدد وارداتوں میں ملوث رہا ہے، جس کا تعلق کالعدم تنظیم بلوچستان ری پبلکن آرمی سے ہے، جس سے تفتیش کی جارہی ہے۔ آئی جی سندھ سید کلیم امام نے کشمور میں پولیس کی بروقت کارروائی او رتخریب کاری کے منصوبے کو ناکام بنانے پر ڈی آئی جی لاڑکانہ عرفان بلوچ اور ایس ایس پی کشمور سید اسد رضا شاہ اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئےتعریف و توصیف کی ہے جب کہ پولیس پارٹی کو 10لاکھ روپے انعام دینے کا اعلان بھی کیا ہے۔

پہلی واردات کے چند روز بعدہی ایک دوسری کارروائی میں پولیس نے ریلوے ٹریک کو بارودی مواد سے اڑانے کی کوشش ناکام بنا کر عوام کوجانی و مالی نقصان سے بچالیا اور اس کی منصوبہ بندی کرنے والے دوسرے دہشت گرد کو بھی گرفتار کرلیا۔ ایس ایس پی کشمور سیداسد رضاکے مطابق پولیس کو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی تھی کہ چند تخریب کار عناصر سندھ و بلوچستان کے سرحدی علاقے ،گدو میں ریلوے ٹریک کو بارودی مواد سے اڑانا چاہتے ہیں، جس پر پولیس نے فوری طور پر کارروائی کرکے ریلوے ٹریک تباہ کرنے کی کوشش ناکام بنادی۔ کارروائی دوران پولیس نے ایک تخریب کار کو گرفتار کیا ، جس کی شناخت رب نواز عرف ربو کے نام سے ہوئی ہے۔ مذکورہ ملزم کا تعلق بھی کالعدم تنظیم سے ہے۔ ملزم رب نواز کے قبضے سے بارودی مواد، ڈیٹو نیٹرز، بم کی تیاری میں استعمال کیا جانے والاسامان برآمدکرلیا ہے۔ مذکورہ دہشت گرد بھی سندھ و بلوچستان کے مختلف علاقوں میں ریلوے ٹریکس، سوئی گیس کی پائپ لائنوں پر دھماکوں کی وارداتوں میں ملوث رہا ہے جب کہ وہ چند روز قبل گرفتار ہونے والے عسکریت پسند گروپ کے کمانڈر بپن باجکانی کا ساتھی بھی ہے۔ دہشت گردوں کے اس نیٹ کو مکمل طور سے ختم کرنے کے لئے پولیس کی جانب سے مؤثر حکمت عملی طے کی جارہی ہے۔

ایس ایس پی کشمور اسد رضاشاہ نے بتایا ہے کہ امن و امان کی فضاء کو بحال رکھنے کے لئے ہر ممکن اتدابیر اختیار کی جارہی ہیں۔ اس سلسلے میںدہشت گردی کی کسی بھی ممکنہ واردات کو روکنے کے لیے پولیس کی جانب سے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں، اس سلسلے میں انٹلیجنس سے بھی مدد لی جارہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ خاص طو رپر سندھ و بلوچستان کے سرحدی علاقوں میں جرائم پیشہ عناصر کی کڑی نگرانی کی جارہی ہے، تاکہ تخریب کاری کی کسی بھی ممکنہ کارروائی کو قبل از وقت ناکام بنایا جاسکے۔ پولیس کی جانب سے مختلف علاقوں میں اچانک سرچ و کومبنگ آپریشن شروع کردیا جاتا ہے، گھر گھر تلاشی لے کر وہاں رہائش پذیر افراد کے کوائف چیک کئے جاتے ہیں اور مشکوک مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر ان سے تفتیش کی جاتی ہے۔ہمارا مقصد عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے، اس سلسلے میں تمام پولیس افسران و اہل کاروں کو سختی سے ہدایات دی گئی ہیں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے کسی بھی قسم کی کوئی کسر اٹھا کر نہ رکھی جائے، اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی غفلت و لاپروائی برداشت نہیں کی جائے گی۔ 

تازہ ترین
تازہ ترین