• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فلم ’چھپاک‘ کی شوٹنگ کے اطراف سیکیورٹی ہائی الرٹ کیوں؟

بالی ووڈ کی دلکش اداکارہ دیپکا پڈوکون کی نئی آنے والی فلم ’چھپاک‘ کے سیٹ کے کچھ مناظرتیسری مرتبہ وائرل ہوگئے جس کے بعد شوٹنگ کے اطراف میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی۔


بھارتی خبر رساں ادارے ’ہندوستان ٹائمز‘ کے مطابق اداکارہ دپیکا پڈوکون کی آئندہ آنے والی فلم چھپاک کی شوٹنگ کے کچھ مناظر کی ویڈیو تیسر ی مرتبہ سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے، جس کے بعد فلم کی ہدایت کارہ میگھنا گلزار کی جانب سے فلم کی شوٹنگ کے اطراف میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔


بھارتی ہدایت کارہ میگھنا گلزار ہمیشہ اپنی فلموں کو لے کر بہت محتاط رہتی ہیں، اسی لیے انہوں نے سیکیورٹی ہائی الرٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ اگلی مرتبہ ایسا نہ ہو، کیونکہ فلم چھپاک کی دوران شوٹنگ کی ویڈیو پہلی مرتبہ وائرل نہیں ہوئی بلکہ یہ تیسری دفعہ ایسا ہوا ہے۔


سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیپکا اسکول یونیفارم میں نظر آرہی ہیں جبکہ اس سے قبل فلم کی لیک ہونے والی ویڈیو میں وہ موٹر بائیک پر اپنے ساتھی اداکار وکرانت ماسےکے ساتھ قمیض شلوار میں گھومتی دکھائی دے رہی تھیں۔


واضح رہے کہ دیپکا پڈوکون نے چند ماہ قبل میگھنا گلزار کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’چھپاک‘ کا پہلا پوسٹر جاری کیا تھا اور بتایا تھا کہ وہ اس فلم میں تیزاب گردی کا شکار ہونے والی لڑکی لکشمی اگروال کا کردار ادا کرتی نظر آئیں گی۔

ساتھ ہی دیپکا نے یہ بھی بتایا تھا کہ اُن کی اگلی آنے والی فلم ’چھپاک‘ لکشمی اگروال کی زندگی سے متاثر ہوکر بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

فلم آئندہ برس 10جنوری کو بھارت میں ریلیز کی جائے گی۔

تازہ ترین