ماشو خیل پشاور میں پولیو ویکسین سے بچوں کی بے ہوشی کا ڈرامہ بے نقاب،بچوں سے ڈرامہ کرانے والا نذر محمد گرفتارکرلیا گیا۔
نذر محمد کو صحت مند بچوں کو اسپتال کے بستر پر بے ہوشی کا ڈرامہ کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے ویڈیو سامنے آگئی۔
پولیو ڈرامے میں ملوث 12 افراد کے خلاف ایف آئی آر درج ہوئی،جس میں بنیادی مرکز صحت میں توڑ پھوڑ،جلاؤ گھیراؤ کی دفعات شامل ہیں، گرفتار ملزم کا ایک روزہ ریمانڈ بھی لے لیا۔
خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے کہا کہ انسداد پولیو کے قطروں سے متعلق پروپیگنڈا پھیلانے والے عناصر کو سزا دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ پولیو مہم کی مخالفت کرنے والوں کا ایجنڈا کچھ اور ہے، منظم سازش کے تحت انسداد پولیو کے قطرے پلان کے خلاف خوف و ہراس پھیلانے کی کوشش کی گئی۔
شوکت یوسفزئی نے مزید کہا کہ کچھ سیاسی جماعتیں کل کے واقعے میں ملوث ہیں،فی الوقت نام لینا مناسب نہیں۔
صوبائی وزیر اطلاعات نے یہ بھی کہا کہ ملک سے پولیو کو ختم کرنا ہے اس کو سیاسی ایشو نہ بنایا جائے، 25ہزار بچوں میں کوئی بچہ بیمار نہیں ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ خرابی پولیو کے قطروں میں نہیں ذہنوں میں ہے۔
چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا نے کہا کہ پولیو مہم کے خلاف افواہیں پھیلانے والے والوں کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔