جیمز بانڈ مووی ’’کیسینو رائل‘‘سے اپنے کیریئر کو دوام بخشنے والی ایوا گرین کے کریڈٹ پر کئی مشہور فلمیں ہیں۔ اس کے علاوہ رواں سال ان کی ہاتھی میرے ساتھی جیسی فلم ’’ڈمبو ‘‘ ریلیز ہوئی۔ 6جولائی 1980ء کو پیدا ہونے والی فرانسیسی اداکارہ ایوا گرین اپنی اسموکی آنکھوں کی وجہ سے بھی مشہور ہے۔ سنیما اسکرین سے زیادہ عام زندگی میں حسین دکھائی دینے والی ایوا گرین اپنی دلکشی کے راز کھولتی ہے۔
جِلد کی حفاظت
ایوا خود کو ویمپائر سمجھتی ہے جو دن میں نہیں نکلتے، اسی لیے وہ بے پناہ سن اسکرین استعمال کرتی ہے۔ وہ اپنی جِلد کیلئے اسکن سیوٹیکلز ڈیفنس کو بہت اچھا گردانتی ہے، پھر بھی وہ چاہتی ہے کہ دھوپ میں نہ ہی نکلے تو بہتر ہے۔ وہ گھر میں یا چھائوںمیں بھی ہوتو ہروقت اپنی اسکن کو موئسچرائز کرتی ہے۔
سونا ہے سونے جیسا
اپنی عمدہ صحت کے لیے ایوا گرین پوری نیند لینے کی کوشش کرتی ہے اور5سے6گھنٹے سونے میں کامیاب بھی ہوجاتی ہے۔ لیکن جب وہ شوٹنگ پر نہیں ہوتی تو خوب جی بھر کے سوتی ہے۔ بھرپور نیند لینے سے صحت پر اچھے اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
بال کو دکھائیں باکمال
ایوا گرین اپنے بال بہت تیزی سے دھوتی ہے اور بالوں میں مشہور برانڈ کا کنڈیشنر اور شیمپو استعمال کرتی ہے، جو اس کے بالوں کو ریپئر کرنے میں مدد کرتاہے۔ ایوا کے مطابق اس طرح بال گھنے اور چمکدار ہوجاتے ہیں۔ وہ کہتی ہے،’’مشہور برانڈ کا کنڈیشنر اور شیمپو استعمال کرنے کی وجہ یہ نہیں کہ میں اس کی برانڈ ایمبیسڈر ہوں۔ میں نے پندرہ سال کی عمر میں پہلی بار اپنے بال رنگے تھے ، اوررنگ کافی عرصے برقرار رہا۔ میں بالوں پر سیاہ رنگ لگاتی ہوںکیونکہ اس سے میرا چہرہ اور بھی خوبصورت ہوجاتاہے‘‘۔ چھٹیوںمیں ساحل سمندر پرگھومنےپھرنے کے بعد ایوا کے بال اس کیلئے وبالِ جان بن جاتے ہیں، جس کے بعد وہ بالوں میں زیتون کاتیل، کلونجی کا تیل اور تِلوں کا تیل لگاتی ہے۔
ڈائٹ ہو رائٹ
ایوا بہت پانی پیتی اور بہت زیادہ ہری سبزیاں کھاتی ہے۔ کسی وقت وہ بہت زیادہ جوس پیتی تھی جیسے سیب کا، گاجر کا یا کبھی کبھی ادرک اور ہلدی کا بھی۔ اس کی وجہ یہ تھی کہ جب وہ بہت زیادہ تھکن محسوس کرنے لگی تو ہر کسی نے مشورہ دیا کہ جوس پیا کرو۔ جوس پینے سے ایوا کی زندگی میں گویا انقلاب آگیا اور پھر اس نے پھلوں اور سبزیوں کو اپنی زندگی کا حصہ بنا لیا۔ ڈاکٹر فوہرمن کی کتاب نے بھی ایوا گرین کی زندگی میں پھلوں اور سبزیوں کو لانے میں اہم کردار ادا کیا۔
فٹنس اور ٹریننگ
فلم300کے سیکوئل کے لیے ایوا کو بہت سخت ٹریننگ کرنا پڑی، جس میں وہ ایک جنگجو کا کردار اداکررہی تھی اور اسے فلم میں کافی اٹھا پٹخ کرنا پڑی۔ اس کردار کیلئے اس نے دو سے تین مہینے تک پانچ گھنٹے روزانہ ورک آئو ٹ کیا، جس سے اس کے مسلز مضبوط ہوگئے۔ پھر ایوا کو اس ورک آؤٹ کی عادت ہوگئی، اور اس نے روز جاگنگ کرنا شروع کردی۔ وہ آج بھی اسٹریچنگ کرتی ہے، تیس منٹ تک دوڑتی ہے اور فٹ رہتی ہے۔
لپ اِسٹک ہے کمزوری
ایواگرین کو ریڈ کارپٹ سے زیادہ تیز رنگ کی سرخ لپ اِسٹک پسند ہے، جو اِس کی شخصیت کا خاصا ہے۔ اس کے بغیر ایوا خود کو ادھورا سمجھتی ہے۔ ایوا کو فرنچ اور امریکی کاسمیٹک کمپنی کاپگمنٹ پسند ہے، جبکہ روبی وُو سے تو وہ عشق کرتی ہے ۔
سوشل گیدرنگ سے گریز
ایوا کو سماجی میل ملاپ کچھ خاص پسند نہیں ہے۔ اسکول کے زمانے سے وہ شرمیلی واقع ہوئی ہے۔ اسے دوسروں سے ملنے کیلئے خود کو کافی دیر تک تیار کرنا پڑتاہے۔ البتہ ایونٹس وغیرہ میں اسے لامحالہ جانا پڑتاہے کیونکہ یہ ا س کے کام کا حصہ ہے۔ کام ختم ہونے کے بعد وہ فوراً وہاں سے کھسکنے کا سوچتی ہے اور گھر آکر سونے کو زیادہ پسند کرتی ہے۔