• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گزشتہ دنوں فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اور امریکہ پاکستان بزنس ڈویلپمنٹ فورم کا 30رکنی مشترکہ وفد میری قیادت میں ہیوسٹن گیا۔ ہیوسٹن جانے سے پہلے میری کراچی میں امریکی قونصل جنرل جوانا ویگنر، ویزا قونصلر جان کیمبل، اکنامک گیر گوری میئر اور کمرشل قونصلر مارک رسل سے تفصیلی ملاقاتیں ہوئیں جن کے نتیجے میں امریکہ کے اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے ڈپٹی سیکریٹری سینٹرل ایشیا تھامس واجڈا نے واشنگٹن اور کمرشل قونصلر مارک رسل نے ہیوسٹن میں ہماری اہم میٹنگز میں شرکت کی۔ 27اپریل سے یکم مئی تک دورے کے دوران ہماری میٹنگز ہیوسٹن کے سب سے بڑے چیمبر گریٹر ہیوسٹن پارٹنر شپ (GHP) جس کے ممبران میں فارچیون 500کمپنیاں بھی ہیں، کے اعلیٰ عہدیداران سے ہوئی۔ GHPکے صدر اور سی ای او باب ہاروے، ڈائریکٹر جینسین شین اور دیگر ممبران سے اہم میٹنگ میں ہمارے ساتھ کینیڈا سے آئے ہوئے ایم سی بی بینک کے وائس چیئرمین، ایس ایم منیر، فیڈریشن کے نائب صدر نور احمد خان، نوید بخاری، ایم پاک کے چیئرمین نوید عیسیٰ، جارج بش اور بارک اوباما کے سابق مشیر چارلس فوسٹر نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے میں نے پاکستان میں ٹور ازم، آئی ٹی، سی پیک اسپیشل اکنامک زونز اور پاکستان میں سستے مکانات کی تعمیر اور پاکستان میں آئل اور گیس کی دریافت کیلئے امریکی کمپنیوں کو سرمایہ کاری پر پریذنٹیشن دی۔ اس موقع پر امریکی کمپنیوں نے وزیراعظم پاکستان کے سستے مکانات کی تعمیر کے منصوبوں میں دلچسپی اور ایس ایم منیر نے پاکستانی بزنس مینوں کیلئے امریکی ویزا کے سخت اور مشکل طریقہ کار پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔

دوپہر کو والس بینک کے چیئرمین موسیٰ ڈاکری، صدر گیری اوینس اور پاکستانی نژاد ایگزیکٹو وائس پریذیڈنٹ نصر اللہ خان نے فیڈریشن کے وفد کے اعزاز میں پُرتکلف ظہرانہ دیا اور پاکستانی منصوبوں میں سرمایہ کاری کیلئے دلچسپی کا اظہار کیا۔ شام کو فورٹ بینڈ کائونٹی کے میئر کے پی جارج نے کائونٹی آفس میں وفد سے ملاقات کی اور انہیں فورٹ بینڈ کائونٹی میں سرمایہ کاری کے منصوبوں کے بارے میں بتایا۔ ان کا کہنا تھا کہ فورٹ بینڈ میں زمین پاکستان سے سستی ہے جس پر کم لاگت کے منافع بخش منصوبے تعمیر کئے جا سکتے ہیں۔ رات کو ہیوسٹن کراچی جڑواں شہر ایسوسی ایشن کے صدر سعید شیخ نے بی جان پرشین ہال میں وفد کے اعزاز میں عشائیہ دیا جس کی مہمانِ خصوصی ہیوسٹن میں پاکستان کی قونصل جنرل عائشہ فاروقی تھیں۔ دورے کے چوتھے دن پاکستان چیمبر آف کامرس ہیوسٹن کے صدر ڈاکٹر مبشر چوہدری اور ایم پاک کے بانی صدر نوید عیسیٰ نے اپنی خوبصورت رہائش گاہ پر عشائیے کا اہتمام کیا جس میں ہیوسٹن میں پاکستان کی قونصل جنرل عائشہ فاروقی کے ساتھ پاکستان چیمبر ہیوسٹن کے عہدیداروں نے بھی شرکت کی۔ہیوسٹن امریکی ریاست ٹیکساس کا سب سے بڑا اور امریکہ کا چوتھا بڑا شہر ہے۔ 1600مربع کلومیٹر پر پھیلے اس شہر کی آبادی 2.3ملین ہے۔ ہیوسٹن کی جی ڈی پی 442.4ارب ڈالر ہے جو آسٹریلیا، جنوبی افریقہ، متحدہ عرب امارات اور پاکستان سے زیادہ ہے۔ یہ شہر طیارہ سازی اور تیل کی صنعتوں کے حوالے سے دنیا بھر میں مشہور ہے۔ ہیوسٹن بندرگاہ بین الاقوامی تجارت کے لحاظ سے سرفہرست ہے جس کا شمار دنیا کی چھٹی بڑی بندرگاہ میں ہوتا ہے۔ ہیوسٹن دنیا میں انرجی کا حب مانا جاتا ہے، یہاں دنیا کی تمام معروف انرجی کمپنیوں شیل، ایگزون، جنرل الیکٹرک اور ہیلی برٹن کے ہیڈ کوارٹرز قائم ہیں جبکہ 20بڑی انجینئرنگ اور آرکیٹیکچر کمپنیوں سمیت تقریباً 3ہزار بین الاقوامی کمپنیوں کے دفاتر موجود ہیں۔ ہیوسٹن کی مجموعی تجارت 268ارب ڈالر سالانہ ہے۔ یہاں تقریباً ڈیڑھ لاکھ پاکستانی مقیم ہیں جن میں زیادہ تر بزنس مین، ڈاکٹرز، انجینئرز اور بینکرز ہیں جبکہ بیشتر پاکستانی بزنس مین پٹرول اسٹیشن کے کاروبار سے منسلک ہیں۔ امریکہ پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی پارٹنر ہے اور دونوں ممالک کی باہمی تجارت 6.6ارب ڈالر ہے جس میں پاکستان کی امریکہ کو ایکسپورٹ 3.7ارب ڈالر اور امریکہ کی پاکستان کو ایکسپورٹ 2.8ارب ڈالر ہیں جس میں سے پاکستان اور ہیوسٹن کی تجارت 415ملین ڈالر ہے۔ یہاں یہ بات بھی قابلِ ذکر ہے کہ 2007ء میں پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی کو ہیوسٹن کے ساتھ جڑواں شہر قرار دیا جا چکا ہے۔

دورے کے دوران امریکہ پاکستان بزنس ڈویلپمنٹ فورم کے صدر نوید عیسیٰ کی جانب سے ہیوسٹن کے علاقے بروکشر میں بنائے گئے فلڈ لائٹ کرکٹ اسٹیڈیم ICCMCکا افتتاح ایس ایم منیر اور میں نے کیا۔ تقریب میں وفد کے ارکان کے علاوہ ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر نور احمد خان، نوید بخاری، نوید عیسیٰ، نصیر وجاہت، تراب شاہ اور مقصود ناز نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر اسٹیڈیم کو معروف پاکستانی بزنس لیڈر ایس ایم منیر کے نام سے منسوب کیا گیا۔ تقریب میں ہماری ملاقات امریکہ میں ڈاکٹرز کی ایسوسی ایشن APPNAکے ممبرز سے بھی ہوئی جو پاکستان میں R&Dکے شعبے میں مالی مدد کرنا چاہتے ہیں۔ افتتاحی تقریب میں مَیں نے ہیوسٹن میں مقیم پاکستانیوں کو سرمایہ کاری کے مواقع کے بارے میں بتایا جبکہ بزنس کمیونٹی کے لیڈر ایس ایم منیر نے کہا کہ پاکستان اس وقت ایک ایماندار وزیراعظم عمران خان کے ہاتھوں میں ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فورٹ بینڈ کائونٹی امریکہ کے جج کے پی جارج نے کہا کہ امریکہ میں پاکستانی تاجروں کا دورہ خوش آئند ہے جس سے دونوں ممالک کے درمیان نہ صرف تجارت کو فروغ ملے گا بلکہ تعلقات بہتر بنانے میں بھی مدد ملے گی۔ میں آخر میں ہیوسٹن میں مقیم پاکستانی میڈیا کے نمائندوں بالخصوص ریڈیو دبنگ کے معید خان، دیسی ٹی وی امریکہ کے طارق خان اور جمیل، پاکستان نیوز کے شمیم سید، فرح خان، پی ٹی وی اور دیگر ٹی وی چینلز کا بھی شکر گزار ہوں جنہوں نے فیڈریشن کے دورے کی بہترین کوریج کی۔ میں اپنی فیملی کا بھی شکر گزار ہوں جو آسٹن سے خصوصی طور پر ہماری تقریبات میں شرکت کیلئے ہیوسٹن آئی۔

تازہ ترین