مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما اور انٹرنیشنل افیئرز کے جنرل سیکریٹری شیخ قیصر محمود کو ان کےعہدے سے سبکدوش کردیا گیا ہے ،اُن کی جگہ دبئی میں مقیم معروف کاروباری شخصیت اور میاں نواز شریف کے قریبی ساتھی نور الحسن تنویر کو انٹرنیشنل افیئرز کا جنرل سیکریٹری منتخب کیا گیا ہے ۔ذرائع کے مطابق شیخ قیصر محمود کی جانب سے مشکل وقت میں پارٹی کے لیے دی جانے والی قربانیوں کی جہاں میاں نواز شریف ذاتی طور پر قدر کرتے تھے، وہیں شیخ قیصر محمود کے پارٹی کے کئی اہم رہنماوں کےساتھ اختلافات بھی رہے ہیں ،خاص طور پر شیخ قیصر محمود پارٹی قیادت کی جانب سے چنیوٹ کی قومی اسمبلی کی سیٹ کے لیے وعدے کے باوجود ٹکٹ نہ ملنے پر دو دفعہ آزاد امیدوار کے طور پر الیکشن لڑ کر پارٹی سے دور ہوتے گئے ،تاہم دونوں دفعہ ہی انھیں الیکشن میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔تاہم ان کا یہ اقدام ہی ان کی پارٹی قیادت سے دوری کا سبب بنا ۔باوجود میاں نواز شریف ان کو عہدے پر برقرار رکھنا چاہتے تھے تاہم دیگر پارٹی قیادت کی سنگین مخالفت کے بعد شیخ قیصر محمود کو پارٹی قیادت سے فارغ کردیا گیا ۔شیخ قیصر محمود نے پارٹی کے اس فیصلے کو تسلیم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی میاں نواز شریف سے محبت اور عقیدت کسی عہدے کی محتاج نہیں ہے اور وہ نور الحسن تنویر کو مبارک باد پیش کرتے ہیں جبکہ مستقبل میں بھی پارٹی کے مشکل وقت میں ماضی کی طرح نواز شریف کے صف اول کے سپاہی کا کردار ادا کریں گے۔
جاپان کی معروف سماجی ،سیاسی و کاروباری شخصیت چوہدری ظفر اقبال گوندل افریقہ کے ملک کینیا میں کار حادثے میں جاں بحق ہوگئے ہیں، وہ گزشتہ چند ماہ سے یوگنڈہ میں کاروباری مقاصد کے لیے پاکستانی اہلیہ اور پانچ بچوں کےساتھ مقیم تھے، گزشتہ روز پاکستان ایسوسی ایشن یوگنڈہ کے سابق صدر شاہد علوی نے جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے آگاہ کیا کہ وہ اپنی اہلیہ اور پانچ بچوں کے ساتھ کینیاکے شہر ممباسا تفریح کے لیے گئے تھے کہ اچانک ٹرالر کے ساتھ ان کی کار کو خطرناک حادثہ پیش آیا، جس کے سبب چوہدری ظفر اقبال گوندل موقعے پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ ان کی اہلیہ شدید زخمی ہیں ،پانچ بچے بھی زخمی ہوئے ہیں۔ مرحوم ظفر اقبال ن لیگ منڈی بہاوالدین کے رہنما تھے، میاں نواز شریف کے چاہنے والوں میں ان کا شمار ہوتا تھا اور پارٹی کے لیے ہر مشکل وقت میں بڑھ چرھ کر حصہ لیتے تھے جبکہ ضرورت مندوں کا بھی بہت خیال رکھتے تھے ۔ان کی اس ناگہانی وفات پر مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما سینٹر مشاہد اللہ خان نے انتہائی رنج و غم اور گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کی مغفرت کے لیے خصوصی دعا کی ہے جبکہ راقم نے بھی چوہدری ظفر اقبال کی وفات پر رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ ن لیگ کے سینئر رہنما شیخ قیصر محمود اور ن لیگ جاپان کے صدر ملک نور اعوان اور سینئر نائب صدر ملک یونس نے بھی چوہدری ظفر اقبال کی وفات پر اظہار افسوس کیا ہے اور پارٹی کے لیے ان کی خدمات کو سراہا ہے ساتھ ہی دعا کی ہے کہ اللہ تعالی مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے۔