’’ ہرذی روح کو موت کا مزہ چکھنا ہے‘‘ اس ارشاد باری کی روشنی میں ظاہر ہے کہ موت ایسی اٹل حقیقت ہے جس سے کسی کو انکار ممکن نہیں۔ اپنوں کی موت کا غم انسان کو نڈھال کردیتا ہے اور پھر اپنا جواں سال بیٹا اچانک دنیا چھوڑ کر چلا جائے تو اس باپ کے غموں اور دکھوں کا اندازہ کرنا مشکل ہے۔ گزشتہ دنوں سابق وفاقی وزیر و پنجاب وسطی پاکستان پیپلز پارٹی کے صدر قمر الزماں کائرہ کا جواں سال بیٹا ایک حادثے میں اپنے دوست کےہمراہ جاں بحق ہوگیا۔ قمر الزماں کائرہ کو اطلاع اس وقت ملی، جب وہ اسلام آباد میں پی پی پی کے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کررہے تھے۔ یوں تو زندگی میں بے شمار واقعات رونما ہوتے ہیں، لیکن بعض اوقات ایسے حادثے ہوتے ہیں جو زندگی بھر ذہن کے گوشوں میں کروٹیں لیتے رہتے ہیں۔
یہ المناک خبر فوراً پوری دنیا میں پہنچی تو ہر شخص جواں سال اسامہ قمر اور حمزہ بٹ کی موت پر آبدیدہ ہوگیا۔ ان دونوں کی یاد میں پاکستان پیپلزپارٹی گلف نے دبئی کے مقامی ہوٹل میں تعزیتی ریفرنس کا اہتمام کیا۔ جس میں تمام سیاسی پارٹیوں کے عہدے داروں اور میڈیا کے نمائندوں نے بھرپور شرکت کی۔ نمایاں سرکردہ شخصیات میں خالد حسین چوہدری صدر سوشل سینٹر شارجہ، چوہدری ظفر اقبال، جمیل اسحاق ، مصطفےٰ مغل ، راجہ محمد سرفراز ،محمد غوث قادری، حاجی میر حسن ، عبداللہ خان، حاجی محمد نواز ، طاہر بھنڈر ، علی پرویز، ملک خادم شاہین، نثار خان خٹک ، خواجہ عبدالوحید پال، تھامسن جان ، عرفان گوندل، چوہدری انیس الرحمٰن ، ڈاکٹر اکرم چوہدری، چوہدری نذیر ایڈووکیٹ، محمد امین سرگانہ، چوہدری امجد، زاہدہ ملک اعوان ، رضوان عبداللہ، سرفراز خورشید ، ڈاکٹر ہمایوں اور بہت بڑی تعداد میں ورکرز اور پاکستانیوں نے شرکت کی۔
آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جس کی سعادت عابد بشارت نے حاصل کی نظامت کے فرائض ذوالفقار علی مغل نے سرانجام دیئے۔ مقررین میں شیریں درانی نے کہا، ایسے موقعے پر تسلی کا کوئی لفظ نہیں اور صبر کی تلقین کی کوئی بات نہیں۔ کرسچن کمیونٹی کی نمائندگی کرتے ہوئے بشیر بہادر نے کہا، جواںسال بیٹے کے جنازے کو کندھا دیناحوصلہ اورہمت والوں کا کام ہے۔وہ باپ تو جیتے جی مرجاتا ہے۔ صدر پی پی پی دبئی راشد چغتائی نے کہا اسامہ قمر اور حمزہ بٹ کے انتقال پر بہت دکھ ہوا،مجھے ناقابل بیان صدمہ پہنچا ہے۔ دکھ اور مشکل کی گھڑیوں میں کائرہ خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ پی پی پی کے سینئر رہنما سجادحسین شاہ نے کہاکائرہ خاندان سے میری تعلقات کئی عشروں پر محیط ہیں، میں اس دکھ کی گھڑی میں قمر الزماں کائرہ کے حوصلہ اور ہمت کو داد دیتا ہوں اور غم میں برابر کا شریک ہوں۔ سہیل خاور نے کہا کچھ یادیں ایسی ہوتی ہیں جو انسان کو سوگوار کردیتی ہیں،کوئی سوچ بھی نہیں سکتا تھا کہ وہ اتنی جلدی سفر آخرت پر روانہ ہوجائے گا۔ اسامہ قمر کی موت کا صدمہ ایسا ہیں کہ جسے با آسانی برداشت کیا جاسکے۔
پی پی پی گلف صدر میاں منیر ہانس نے کہا کہ آج کائرہ صاحب کے بیٹے کے غم میں دیارغیر میں تمام پاکستانی شریک غم ہیں۔ یو اے ای میں یہ روایت رہی ہے کہ کسی کے دکھ کے موقعے پر ہر کوئی سیاست سے بالاتر ہو کر جمع ہوتا ہے۔ہم سب اکٹھے ہیں۔ چوہدری اخلاق کے مرحوم بھائی کے لئے بھی دعا مغفرت کی گئی۔ دعا حافظ ارشد نے کی۔مرحوم کے ایصال ثواب اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا کی گئی۔ صحافیوں سبط عارف ، اشفاق احمد ، سہیل خاور ، حافظ زاہد علی ، سجاد احمد ،عمران یوسف زئی، ملک شزاد، چوہدری خالد حسین، حاجی محمد یاسین ، ارشد انجم نے بھی قمر الزماں کائرہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے مغفرت اور صبر جمیل کی دعا کی۔ ابوظہبی سے چوہدری محمد انور، وسیم خان، ارشد شفیق ، خالد ملک، تنویر اعوان ، میاں محمد میر ہانس نے بھی اسامہ قمر ، حمزہ بٹ کی بے وقت موت پردلی دکھ کا اظہار کیا ہے۔