پیپلز پارٹی سینٹرل پنجاب کے جنرل سیکریٹری چوہدری منظور احمد نے خیبر پختون خوا حکومت کے آج عید منانے کے اعلان کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ فواد چوہدری کیا کے پی کے حکومت کے خلاف مقدمہ درج کرائیں گے؟
ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت نے پورے ملک کو ہی تماشہ بنا کر رکھ دیا ہے، وزیر سائنس کے مطابق عید کل ہو نا ہے۔
چوہدری منظور نے مزید کہا کہ رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا مگر خیبر پختون خوا حکومت نے پہلی بار مفتی شہاب الدین پوپلزئی کے ساتھ سرکاری عید منانے کا اعلان کر دیا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ تماشہ اس وقت ہو رہا ہے جب ایک ہی پارٹی کی صوبے اور مرکز میں حکومت ہے، فواد چوہدری کیا کے پی کے حکومت کے خلاف مقدمہ درج کرائیں گے؟
واضح رہے کہ وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کی کوششوں کے باوجود پاکستان میں ایک عید منانے پر اتفاق نہ ہو سکا۔
نئےپاکستان میں سرکاری طور پر 2 عیدیں ہوں گی، خیبر پختون خوا کی حکومت نے آج عید الفطر منانے کا اعلان کیا ہے، ملک بھر میں بوہری برادری آج عید الفطر مذہبی جوش و خروش سے منا رہی ہے، جبکہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی عید کا چاند دیکھنے کے لیے آج اجلاس منعقد کرے گی جس میں کل یا پرسوں عید منانے کا فیصلہ کیا جائے گا۔
خیبر پختون خوا حکومت نے اپنی ہی وفاقی حکومت کے فیصلے کو رد کر کے پشاور کی غیر سرکاری رویت ہلال کمیٹی کے سربراہ مفتی شہاب الدین پوپلزئی کے اعلان کی توثیق کر دی۔