• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کی کوششوں کے باوجود پاکستان میں ایک عید منانے پر اتفاق نہ ہو سکا۔

نئےپاکستان میں سرکاری طور پر 2 عیدیں ہوں گی، خیبر پختون خوا کی حکومت نے آج عید الفطر منانے کا اعلان کیا ہے، ملک بھر میں بوہری برادری آج عید الفطر مذہبی جوش و خروش سے منا رہی ہے، جبکہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی عید کا چاند دیکھنے کے لیے آج اجلاس منعقد کرے گی جس میں کل یا پرسوں عید منانے کا فیصلہ کیا جائے گا۔


بوہری برادری کا نمازِ عید کا سب سے بڑا اجتماع طاہری مسجد صدر میں ہوا، جس میں ملک کی سلامتی، امن و استحکام کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

کراچی میں پان منڈی، سولجر بازار، بلوچ کالونی اور حیدری کے علاقوں میں بھی بوہری برادری کے نماز عیدالفطر کے اجتماعات ہوئے۔

اس موقع پر پولیس اور رینجرز اہلکاروں نے سیکیورٹی کے فرائض انجام دیے اور بوہری مساجد کو جانے والے راستے بند کر دیے گئے دئیے۔

بوہری برادری مصری کیلنڈر کے مطابق عید اور دیگر تہوار مناتی ہے۔

ادھر خیبر پختون خوا حکومت نے اپنی ہی وفاقی حکومت کے فیصلے کو رد کر کے پشاور کی غیر سرکاری رویت ہلال کمیٹی کے سربراہ مفتی شہاب الدین پوپلزئی کے اعلان کی توثیق کر دی۔

صوبائی دارالحکومت پشاور اور دوسرے شہروں میں نمازِ عید کے اجتماعات منعقد کیے گئے جن میں ملکی سلامتی کے لیے دعائیں مانگی گئیں۔

صوبے بھر میں نماز عید الفطر کے چھوٹے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے، سب سے بڑا اجتماع پشاور کے چارسدہ روڈ پر ہوا۔

شہریوں کی بڑی تعداد نے نماز عید میں شرکت کی، اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔

گورنرخیبرپختونخوا شاہ فرمان شہر کے باہر ہونے کے باعث آج گورنر ہاوس پشاور میں نماز عید ادا نہیں کرسکے۔

واضح رہے کہ خیبر پختون خوا حکومت نے گزشتہ رات 12 بجے سرکاری سطح پر آج عید منانے کا اعلان کرتے ہوئے پشاور کی غیر سرکاری رویتِ ہلال کمیٹی کے سربراہ مفتی شہاب الدین پوپلزئی کے اعلان کی توثیق کر دی۔

خیبر پختون خوا کے وزیر اطلاعات شوکت یوسف زئی کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پشاور کی مساجد میں خیبر پختون خوا کے مختلف علاقوں سے چاند دیکھنے کی شہادتیں ملی ہیں، جس سے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو بھی آگاہ کر دیا ہے، مگر مرکزی رویت ہلال والے خیبر پختون خوا والوں کی شہادتیں نہیں مانتے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہاں چاند آ بھی جائے تو وہ لوگ نہیں مانتے، روزے ان کے ساتھ شروع کئے تھے مگر خیبر پختون خوا میں عید ایک ہی منائیں گےیعنی ایک روزہ ہم کھا چکے ہیں۔

شوکت یوسف زئی نے یہ بھی کہا کہ ہر بار صوبہ خیبر پختون خوا میں 2 عیدیں ہوتی ہیں،اس بار اپنے صوبے میں ایک ساتھ عید منا کر اظہار یکِ جہتی کر رہے ہیں۔

اس سے قبل مسجد قاسم علی خان میں مفتی شہاب الدین پوپلزئی کی زیرِ صدارت مسجد قاسم علی خان میں غیر سرکاری رویتِ ہلال کمیٹی کا اجلاس ہوا۔

کمیٹی نے 100 سے زائد جگہ چاند دیکھنے کی شہادتوں کی بنیاد پر عید الفطر منانے کا اعلان کیا۔

اجلاس میں مولانا خیر البشر، قاری عبدالرؤف، مولانا جمال مشوانی سمیت دیگر علماء نے شرکت کی جس میں پشاور، مردان، کرک، لکی مروت، میر علی، بنوں، ہنگو، ڈومیل، تنگی میں چاند نظرآنے کی شہادتیں موصول ہوئیں۔

ادھر شوال کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج 29 رمضان المبارک کو کراچی میں ہو گا۔

اجلاس کی صدارت چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمٰن کریں گے، جبکہ زونل یا ضلعی کمیٹیوں کے اجلاس متعلقہ مقامات پر ہوں گے۔

مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی شہادتوں کی بنیاد پر عید الفطر کا چاند نظر آنے یا نہ آنے کا اعلان کیا جائے گا۔

دوسری جانب سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں آج عید الفطر منائی جارہی ہے، مسجد الحرام میں عید الفطر کی نماز کی ادائیگی کی گئی۔

خادمین حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور لبنانی رہنما سعد حریری نے بھی مسجد الحرام میں نماز عید ادا کی۔

ابوظبی کی شیخ زاید مسجد میں نماز عید کا بڑا اجتماع ہوا، امریکا، کینیڈا اور یورپ بھر میں بھی آج عید منائی جائے گی۔

انڈونیشیا، جاپان، ملائیشیا، آسٹریلیا اور تھائی لینڈ میں عید کل ہو گی۔

برطانیہ میں اس سال بھی دو عیدیں ہوں گی، لندن میں پاکستانی کمیونٹی کی ایک بڑی تعداد کل بدھ 5 جون کو پاکستان کے ساتھ عیدالفطر منائے گی۔

لندن میں چاندرات کاجشن منایا گیا، ملبوسات اور چوڑیوں کی خریداری کی گئی، خواتین نے مہندی کے دلکش ڈیزائن بنوائے۔

عرب میڈ یا کے مطابق انڈونیشیا، جاپان، ملائیشیا اور تھائی لینڈ میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا ان ممالک میں کل بدھ 5جون کو عیدالفطر ہو گی۔

تازہ ترین