• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کے قمری کیلنڈر بنانے اور اس کے مطابق اعلان پر عید الفطر 5 جون کو منا لی گئی جس کے بعد انہوں نے اب نیا قصہ چھیڑ دیا ہے۔


سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے تازہ پیغام میں وہ کہتے ہیں کہ چلیئے اب اس عید کی بحث ختم ہو گئی، اب اگلے دو اہم اسلامی دن یعنی عید الاضحیٰ اور محرم کب ہیں؟

فواد چوہدری نے یہ بھی کہا ہے کہ ہجری کیلنڈر کے مطابق عید الاضحیٰ پیر 12 اگست 2019ء کو ہوگی اور محرم یکم ستمبر 2019ء بروز اتوار ہوگا۔

واضح رہے کہ وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے ملک بھر میں عید ایک دن منانے پر زور دیتے ہوئے ماہرین کی مددسے قمری کیلنڈر بنایا تھا جس کے مطابق انہوں نے پاکستان میں عید الفطر 5 جون کو ہونے کا اعلان کیا تھا۔

انہوں نے موجودہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی پر اس حوالے سے کڑی تنقید بھی کی تھی، تاہم ان کی پارٹی پاکستان تحریک انصاف کی ہی خیبر پختون خوا میں موجودہ حکومت نے پشاور کے مفتی پوپلزئی کے اعلان کے مطابق صوبے بھر میں 4 جون کو عید منانے کا ناصرف اعلان کیا بلکہ 28 روزوں کے بعد خیبر پختون خوا بھر میں اس روز عید بھی منا ڈالی۔

وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے خیبر پختون خوا حکومت کی جانب سے 4 جون کو عید منانے کے فیصلے کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا ۔

انہوں نے کہا تھا کہ صوبائی حکومت کو وفاقی حکومت کے سیٹ اپ کے تحت چلنا چاہئے بصورت دیگر ہر صوبہ اور ہر شہر اپنی الگ الگ عید منائے گا۔


تازہ ترین