• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے اپنے دوستوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ گھروں پر بیٹھ کر میچ دیکھیں اور مجھ سے مفت ٹکٹ مانگنے کی زحمت نہ کریں۔

اولڈ ٹریفورڈ مانچسٹر کے گنجائش 25ہزار تماشائیو ں کی ہے۔زیادہ سے زیادہ تماشائیوں کو گرائونڈ میں لانے کے لئے ایک عارضی اسٹینڈ بنایا گیا ہےجو پائپوں کے سہارے کھڑا ہے،جبکہ لاکھوں لوگ پاکستان اور بھارت میچ کے ٹکٹ خریدنے کے لئے بے چین ہیں۔

بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے پاس مانگنے والوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ گھروں میں اپنے ٹی وی پر بیٹھ کر میچ دیکھیں۔میں کسی سے پاس یا فری ٹکٹ کا وعدہ نہیں کرتا۔

انہوں نے کہا کہ جو ٹکٹ مانگتا ہے اسے کہتاہوں کہ گھر پر رہیں مجھے چند ٹکٹ ملتے ہیں جو اپنی فیملی کو دے دیتا ہوں، میرے پاس مفت خوروں کے لئےکوئی ٹکٹ نہیں ہے،یہ صرف ایک کرکٹ میچ ہے جس کو کھیل کی طرح انجوائے کریں۔

اولڈ ٹریفورڈ گرائونڈ کے باہر بلیک ٹکٹ بیچنے والوں کے لئے وارننگ جاری کی گئی ہے،لیکن جن لوگوں نے ٹکٹ خریدے ہوئے ہیں وہ خاموشی سے فروخت کررہے ہیں،سو پاونڈ والا ٹکٹ ایک ہزار پاونڈ میں فروخت ہورہا ہے۔

اتوار16 جون کو پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ ہورہا ہے۔پاکستان نے چار میں سے ایک میچ جیتا ہے دو ہارے ہیں اور ایک میچ بارش سے منسوخ ہوا ہے، بھارت نے تین میں سے دو میچ جیتے ہیں اور ایک میچ بارش کی نذر ہوا ہے۔

پاکستان نے ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف چھ میچ کھیلے اور تمام چھ میچوں میں پاکستانی ٹیم کو شکست ہوئی ہے۔بھارت کو میچ کے لئے فیورٹ قرار دیا جارہا ہے لیکن پاکستانی ٹیم جس میں اکثریت نوجوان کھلاڑیوں کی ہے وہ روایتی حریف کو اپ سیٹ کرنے کے لئے پرعزم ہے۔

میچ کی اہمیت کے پیش نظر پاکستان جارحانہ حکمت عملی اور پانچ ریگولر بولروں کے ساتھ میچ کھیلنا چاہتا ہے۔ٹیم انتظامیہ میچ میں اپنے سب سے تجربہ کار بیٹسمین شعیب ملک سے اسپیشل کارکردگی کی توقع کررہی ہے۔

شعیب ملک نے اس ٹورنامنٹ میں انگلینڈ کے خلاف 8اور آسٹریلیا کے خلاف کوئی رن نہیں بنایا تھا۔

تازہ ترین