سعودی عرب میں سیاحت کے فروغ کے لیے قائم '’’جدہ سیزن پروگرام‘‘ کے تحت صرف تین منٹ میں آن لائن سیاحتی ویزا جاری کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ انتہائی مختصر وقت میں ویزے کے حصول کا یہ منفرد پروگرام ہے جس کا مقصد سعودی عرب میں ترقیاتی مواقع کا کو نمایاں کرنے کے ساتھ عالمی سطح پر سعودی عرب کے سیاحتی مقامات کواجاگر کرنا ہے۔ '’’جدہ سیزن پروگرام‘‘ کی طرف سے آن لائن سیاحتی ویزےکے ذریعے زیادہ سے زیادہ تعداد میں سیاحوں کو جدہ لانا اور انہیں ساحلی شہر کی دل فریب خوبصورتی سے لطف اندوز ہونے کا موقع فراہم کرنا ہے۔اس پروگرام کے جنرل سپروائزر انجینئر رائد ابو زنادہ نے کہا ہےکہ ان کے سیاحتی پروگرام سے بالعموم پورے سعودی عرب، بالخصوص جدہ میں سیاحت کے پھلنے پھولنے میں مدد ملے گی۔انہوںنے کہا کہ آن لائن سیاحتی ویزاحاصل کرنے کے ساتھ ساتھ سیاح حضرات جدہ میں ہونے والی موسمی سرگرمیوں میں شرکت کےلئے ٹکٹ بھی حاصل کرسکتے ہیں۔ یہ ٹکٹ ویزے کےحصول کےفوری بعد حاصل کے جا سکیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی غیرملکی سیاح کوجدہ کا سیاحتی ویزا صرف تین منٹ میں فراہم کیا جائے گا۔ سیاحوں کے لیے sharek.sa پر خود کو رجسٹرڈ کرانا ہوگا اور رجسٹریشن کےدوران دی گئی معلومات فراہم کرنا ہوں گی۔ایک سوال کے جواب میں جدہ سیزن 8 جون سے 18 جولائی 2019ء تک جاری رہے گا۔ سیاحتی ویزےکے حصول کے لیے عمر کی کوئی قید نہیں۔ سیاح حضرات خاندان کے ہمراہ اور انفرادی طورپر بھی ویزاحاصل کرسکتے ہیں۔ دوسری جانب ’’ جدہ سیزن‘‘کے نام سے شروع ہونے والی تفریحات میں 20 سے 22 جون تک ایشیا فیسٹیول بھی ہوگا جس میں پاکستان ،ہندوستان ،بنگلہ دیش اور سری لنکا کے گلوکار اور میوزک بینڈز بھی شرکت کریں گے، یہ بات میڈیا کو سعودی انٹرٹینمنٹ آرگنائزیشن کی مشیر نوشین وسیم اور ایشیا فیسٹیول کے آرگنائزر مراد صبحی نے بتائی ۔تین روزہ ایشیا فیسٹیول میں بڑی تعداد میں خواتین بچوں اور ان کے اہل خانہ کی شرکت متوقع ہے ۔ پاکستان کے نام ور ورسٹائل گلوکار ابرار الحق 21 جون کو اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے جبکہ 20 اور 22 جون کو ہندوستان کے معروف گلوکار محمد اسلم اور پاکستان کے نوعمر گلوکار نعیم سندھی مشہور گیت پیش کریں گے ۔ جدہ ٹریک پر منعقد ہونے والے فیسٹیول میں اسٹالز اور بچوں کے لیے تفریح کا اہتمام ہوگا۔ نوشین وسیم نے بتایا کہ فیسٹیول کو سعودی کمرشل اداروں کی معاونت حاصل ہوگی ۔نوشین وسیم نے بتایا کہ سعودی انٹرٹینمنٹ اتھارٹی مقامی افراد کے ساتھ مقیم دیگر کے لیے بہترین تفریح فراہم کرنے کا عزم رکھتی ہے۔فیسٹیول میں شرکت کے لیے آن لائن رابطے سے ٹکٹ حاصل کئے جاسکیں گے۔
دوسری جانب سعودی وزیر ثقافت شہزادہ بدر بن عبداللہ بن فرحان نے باور کرایا ہے کہ ان کی وزارت سعودی ثقافت میں تیزی سے جنم لینے والی تبدیلیوں کے ساتھ ہم آہنگ ہونے کے لیےکام کر رہی ہے۔ اس سلسلے میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے دانش وروں سے سپورٹ حاصل کی جا رہی ہے۔شہزادہ بدر نے یہ بات جدہ ضلع کے علاقے ’’البلد‘‘ میں سعودی دانش وروں کے اعزاز میں دیے گئے عشائیے کے موقع پر کہی۔ انہوں نے کہا کہ وزارت یہ چاہتی ہے کہ مملکت کے دانش وران ایسی تجاویز پیش کرنے کا سلسلہ جاری رکھیں جو وطن عزیز کی ثقافت کے کام آئے اور اس سیکٹر میں ہمہ جہتی کے ساتھ اعلی کارکردگی کو یقینی بنائے۔بن فرحان نے کہا کہ ’’مملکت میں ثقافت کے سیکٹر کو خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کی خصوصی سپورٹ حاصل ہے اور اس خصوصی توجہ کی نمائندگی کے لیے وزارت ثقافت کے سامنے ایک بڑی ذمے داری آ گئی ہے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ وزارت ثقافت اس قومی امانت کی پوری سنجیدگی کے ساتھ انجام دہی کے لیے کوشاں ہے تا کہ ’’ویژن 2030 پروگرام‘‘ کے اہداف کو حاصل کیا جائے۔وزیر ثقافت نے ایک بار پھر تمام سعودی مرد و خواتین دانش وروں کو دعوت دی کہ وہ وزارت ثقافت کے ساتھ تعاون کریں اور وطن کی ثقافت کی ترقی میں حصہ لیں۔ انہوں نے باور کرایا کہ اس سلسلے میں تمام دانش وران کی ہر تجویز کا خیر مقدم کیا جائے گا۔