• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’’ڈیمینشیا‘‘ مختصر مدتی یادداشت کھوجانے کے بارے میں جانیں

روزنامہ جنگ میں ایک خبر شائع ہوئی تھی کہ اگرآپ اپنی مختصر مدتی یادداشت (شارٹ ٹرم میموری) میں بہتر ی یا ڈیمینشیا میں کمی لانا چاہتے ہیں تو روزانہ کی بنیاد پر کچھ دیر اُلٹے قدم چلنے کی مشق کریں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ کھڑے رہنے یا آگے بڑھنے کے مقابلے میں اگر کچھ میٹر تک اُلٹا چلا جائے تو اس سے بہت کم وقت میں حافظہ بہتر ہوسکتا ہے۔ سائنسدانوں نے بدل بدل کر یادداشت کے پانچ مختلف ٹیسٹ لیے اور ہر ایک میں اُلٹے قدموں چلنے والوں کی مختصر مدتی یادداشت کو بقیہ افراد سے بہتر پایا۔ ماہرین کا خیال ہے کہ زمان و مکان (ٹائم اینڈ اسپیس) کا تصور دماغ پر اثر انداز ہوکر ہمارے حافظے پر اثر ڈالتا ہے۔

اس کے علاوہ بھی ڈیمینشیا سے بچاؤ کی بہت سی ورزشیں ہیں اور باقاعدگی سے ورزش کرنے والے افراد ذہنی بیماری ’ ڈیمینشیا‘ سے محفوظ رہتے ہیں۔ تاہم ایک بار یہ بیماری ہوجائے تو پھر جسمانی ورزش مرض کی شدت کم کرنے میں کامیاب ثابت نہیں ہوتی۔ اسی لئے ڈیمینشیا کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔

ڈیمینشیا اوراس سے متعلق خطرات

مختلف علامات جو کہ دماغ کو متاثر کرنے والے امراض کی وجہ سے ہوتی ہیں، ان کیلئے ڈیمینشیا ایک مجموعی اصطلاح ہے۔ ڈیمینشیا ہرایک شخص پرمختلف طریقے سے اثرانداز ہوتا ہے لیکن اس میں مبتلا ز یادہ تر افراد کی یادداشت چلی جاتی ہے، ان میں قوت فیصلہ اور استدلال ختم ہوجاتی ہے، اس کے علاوہ ان کے مزاج اور رویے میں تبدیلیاں رونما ہوتی ہیں۔

ڈیمینشیا کا مرض کسی بھی متاثرہ شخص پر تین طرح سے حملہ آور ہوسکتا ہے۔

بتدر یج بڑھنے والا: جیسے جیسے دماغ کے مزید خلیوں کو نقصان پہنچتا جاتا ہے اور وہ ختم ہوتے جاتے ہیں، و یسے ویسے علامات میں آہستہ آہستہ بگاڑ پیدا ہوتا جاتا ہے۔

تنزل پذیر: دماغی خلیوں (نیوران) میں بگاڑ پیدا ہوتا جاتا ہے یا وہ خراب ہو جاتے ہیں۔

ناقابل واپسی: ز یادہ ترڈیمینشیا، جس میں الزائمر کی بیماری بھی شامل ہے، سے ہونے والے نقصان کو ٹھیک نہیں کیا جاسکتا۔

الزائمر اورڈیمینشیا میں کیا فرق ہے؟

ڈیمینشیا کا لفظ مختلف علامات کے مجموعےکو بیان کرنے کیلئے استعمال کیا جاتا ہے۔ ڈیمینشیا کی مختلف صورت کی علامات ایک دوسرے سے بہت الگ ہو سکتی ہیں، جن میں یادداشت کا چلے جانا، پریشانی، مزاج اور رویے میں تبدیلیاں شامل ہیں۔

ڈیمینشیا بہت سی مختلف بیماریوں کی وجہ سے ہوسکتا ہے، جس میںالزائمرکی بیماری سب سے عام ہے۔ دیگر بیمار یاں جن کی وجہ سے ڈیمینشیا ہوتا ہے ان میں و یسکیولر (vascular) ڈیمینشیا، لیوی باڈیز (Lewy bodies) ڈیمینشیا اور فرنٹوٹیمپورل (frontotemporal) ڈیمینشیا شامل ہیں۔

ڈیمینشیا کے مریضوں کی دیکھ بھال کے لیے چند ہدایات دی جارہی ہیں:

ماحول

٭مریض کو باتیں اور واقعات یاد رکھنے میں مدد دینے والے پیغام بورڈز، کیلنڈر اور ہدایات کی فہرست بنائیں۔ روزمرہ کے استعمال کی چیزوں کی فہرست بنائیں اور یقینی بنائیں کہ یہ فہرست مریض کی نظر کے سامنے رہے۔ فہرست کو بار بار دیکھنے کے لیے مریض کی حوصلہ افزائی کریں اورہر سرگرمی مکمل کرنے کے بعد فہرست پر نشان لگانے کے لیے کہیں۔

٭روزمرہ کی چیزیں اپنے معمول کی جگہ پر رکھیں، جہاں مریض انہیں آسانی سے ڈھونڈسکے۔

٭رات کے وقت خاص طور پر مریض کی بہترحالت اور گرنے کے خطرے کو کم کرنے کے لئے روشنی کابہتر انتظام رکھیں۔

روزانہ کی دیکھ بھال

٭مریض کے احترام کو قائم رکھنے کے لئے ان کو ممکنہ حد تک آزادانہ ماحول فراہم کریں۔

٭مریض کے لئے سادہ روٹین بنائیں تاکہ وہ اسے باقاعدگی سے اپنا سکے اور اپنی زندگی ایک قاعدے کے تحت گزارسکے۔

٭معمول کی سماجی سرگرمیاں تبدیل ہونے پر مریض کو وقت دیں تاکہ وہ ان تبدیلیوں کا عادی ہوسکے۔تبدیلی کرنے سے قبل مریض کو آگاہ کریں، اس سے وہ خود اعتمادی محسوس کرے گا۔

٭مریض کو بہت زیادہ آپشنز نہ دیں کیونکہ اس سے وہ اُلجھن محسوس کرے گا۔

دیگر مشورے

٭مریض کی خوداعتمادی، احترام میں اضافے اور زندگی میں ایک مقصد کے لئے اسے ایسی سرگرمیوں میں حصہ لینے پر زور دیں، جس سے وہ ذہنی اور جسمانی طور پر صحت مند محسوس کرے۔

٭ سماجی رابطے بڑھانے کے لیے مریض کی حوصلہ افزائی کریں، مثلاً دوستوں اور رشتہ داروں کومدعو کریں۔ تاہم ہجوم سے گریز کریں تاکہ مریض کوبے جا مشکل پیش نہ آئے۔

٭ کوئی پرانی سرگرمی اپنانے کے لیے مریض کی حوصلہ افزائی کریں، جس سے وہ بہترمحسوس کرے جیسے کہ باغبانی یا گھر کی تزئین و آرائش وغیرہ۔ لیکن مریض پر زیادہ زور نہ دیںاور اگر مریض بات نہ مانے تو کچھ دن تک اصرار نہ کریں۔

٭مرض بڑھنے کے ساتھ ساتھ مریض کے جسم اور ذہن کو فعال رکھنا مشکل سے مشکل تر ہوتا جائے گا۔ علاوہ ازیں مریض کی عادات و سکنات اور پسند نا پسند بھی تبدیل ہوسکتی ہیں۔ اس وجہ سے دیکھ بھال کرنے والوں کو بہت ہوشیار اور متوجہ رہنے کی ضرورت رہے گی۔

ڈیمینشیا ہونے سے کیسے بچا جائے؟

ڈیمینشیا سے محفوظ رہنے کا سائنسی طور پر تسلیم شدہ کوئی حتمی طریقہ تو موجود نہیں، تاہم آپ کچھ ایسے کام ضرور کرسکتے ہیں جن سے آپ کا اس مرض میں مبتلا ہونے کا امکان کم ہوسکتا ہے۔

٭باقاعدگی سے اپنے دل کی صحت، بلڈ پریشر اور کولیسٹرول کا معائنہ کراتے رہیں۔ نارمل سے بڑھے ہونے کی صورت میں  ڈاکٹر کے مشورے پر عمل کریں۔ ٭اگر آ پ کو ذیابطیس ہے، تو ڈاکٹر کی ہدایات پر لازمی پر عمل کریں۔ ٭سگریٹ نوشی نہ کریں،متوازن غذا کھائیں جس میں پھل اور سبزیاں بھرپور مقدار میں شامل ہوں۔ ٭ وزن متوازن رکھیں۔ چلتے پھرتے اور مصروف رہیں اور بہت دیر تک بیٹھے نہ رہیں۔

تازہ ترین