• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لندن میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی اور ایم ڈی وسیم خان نے ہیڈ کوچ مکی آرتھر سے تفصیلی ملاقات کی۔

ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے چیئرمین پی سی بی سے ملاقات میں اس خواہش کا اظہار کیا ہے کہ انھیں مزید وقت دیا جائے ، انکا کہنا تھا کہ وہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے ساتھ مزید کام کرنے کو تیار ہیں۔

پیر کو لندن کے پوش علاقے میں چیئر مین پی سی بی احسان مانی کے گھر مکی آرتھر ملاقات کے لئے پہنچے۔ سوئس کاٹیج کے علاقے میں ملاقات مکی آرتھر کی خواہش پر ہوئی اور ڈیڑھ گھنٹے جاری رہی۔

اس ملاقات کے انتظام کے لئے ایم ڈی وسیم خان اپنے گھر برمنگھم سے لندن پہنچے تھے۔ مکی آرتھر نے احسان مانی کو تین سالہ کارکردگی کے بارے میں بتایا اور کھلاڑیوں کی کارکردگی اور فٹنس پر بھی بات کی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مکی آرتھر اپنی بیٹی کی شادی کے لئے جنوبی افریقا جارہے ہیں اور جلد اپنی رپورٹ پی سی بی کو بھیجیں گے۔ اس ماہ کے آخر یاآئندہ ماہ پی سی بی کرکٹ کمیٹی کا اجلاس ہوگا  جس میں مکی آرتھر پیش ہوں گے اور تین سالہ کارکردگی اور اس دوران پیش آنے والی مشکلات کے بارے میں بتائیں گے۔

پی سی بی چیئرمین نے بتایا کہ ہم نئے کوچ کا تقرر کرنا چاہتے ہیں اور آپ اس طریقہ کار میں شامل ہوجائیں۔ ایم ڈی نے نئے کوچ کی تقرری کے بارے میں بتایا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی مکی آرتھر کو آئندہ سال ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ تک یا اس سال دورہ آسٹریلیا تک مزید کام کرنے کی اجازت دےدیگا۔

اس کے بعد 2023کے ورلڈ کپ تک نئے کوچ کا تقرر طویل المعیاد بنیادوں پر ہوگا۔ مکی آرتھر نے پاکستانی ٹیم میں تسلسل برقرار رکھنے اور کوچز کے حوالے سے بھی یہی پالیسی برقرار رکھنے پر  زور دیا۔

ذمہ دار ذرائع کا کہنا ہے کہ احسان مانی نے مکی آرتھر کو کوئی یقین دہانی کرانے سے انکار کردیا اور کہا کہ کرکٹ کمیٹی اور پی سی بی انتظامیہ سری لنکا کی سیریز سے قبل اگست کے آخر میں کوئی فیصلہ کرے گی۔

تازہ ترین