• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلاول بھٹو مہنگائی کیخلاف کل سکھر میں دھرنا دینگے، مریم نواز سے ٹیلی فون پر سیاسی مشاورت

سکھر / لاہور (بیورو رپورٹ / صباح نیوز) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مہنگائی کیخلاف کل (جمعہ کو) سکھر میں دھرنا دینے اور ہفتے کو پنجاب کی سرحد پر ریلی نکالنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کا ہر وعدہ جھوٹا ہے ، سندھ ٹارگٹ ہے ، وہ سمجھتےہیں کہ جیل بھیج کر ڈرا دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکھر میں پیپلز پارٹی کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ ورکرز کنونشن سے سید خورشید احمد شاہ، سید ناصر حسین شاہ، سینیٹر اسلام الدین شیخ سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔ علاوہ ازیں بلاول بھٹو زرداری اور مریم نواز کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا دونوں رہنماؤں نے چیئرمین سینیٹ کی تبدیلی سے متعلق حکمت عملی پر مشاورت کی۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کو سکھر میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا مزید کہنا تھا کہ آئین و جمہوریت پر ہر طرف سے حملے ہورہے ہیں، عوام کے جمہوری، انسانی، معاشی حقوق پر ڈاکہ ڈالا جارہا ہے، ہم نے جانوں کے نذرانے دیکر یہ حقوق حاصل کئے ہیں، ان کے تحفظ کے لئے ملکر جدوجہد کرینگے، یہ سمجھتے ہیں کہ ہمیں جیل بھیج کر ڈرا، جھکا اور اصولوں پر سمجھوتہ کراسکتے تھے، لیکن میرے پورے خاندان اور پارٹی کو جیل میں بھیج دیا جائے تب بھی ہم آئین کے تحفظ سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ 1973 کے آئین پر آنچ نہیں آنے دینگے، وہ سمجھتے تھے کہ پارٹی ختم، وہ نہیں جانتے تھے کہ ابھی تو پارٹی شروع ہوئی ہے، فوج کو پولنگ اسٹیشن میں کھڑا کرکے ادارے کو متنازع بنایا جارہا ہے۔

تازہ ترین