• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نہیں معلوم انگلینڈ ورلڈکپ فائنل کیسے جیتا، کین ولیمسن

لندن (جنگ نیوز) نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم مسلسل دو ورلڈکپ فائنل ہار چکی ہے۔ لارڈز میں اتوار کو انگلینڈ کیخلاف کیویز کی پرفارمنس عالمی چیمپئن جیسے ہی رہی۔ وہ کسی بھی طرح انگلینڈ سے پیچھے نہیں رہے لیکن ان کی ٹیم بائونڈریز لگانے میں مار اور مات کھاگئی اور عالمی چیمپئن بننے سے محروم رہی۔ لیکن شاندار کھیل سے بلیک کیپس نے دنیائے کرکٹ کے دل جیت لیے۔ پوری دنیا اس مضحکہ خیز قانون پر تنقید کررہی ہے لیکن کپتان ولیمسن آئی سی سی سے شکایت کے بجائے خاموش ہیں۔ انہوں نے میڈیا سے فقط یہ کہنے پر اکتفا کیا کہ مجھے نہیں معلوم انگلینڈ کس طرح جیتا، بائونڈریز کی تعداد یا کچھ کامیابی کی وجہ بنی۔ لیکن ایک ٹیم کو تو ٹائٹل کے ساتھ واپس جانا ہی تھا۔ ہمارے لیے نتیجہ بہت تباہ کن ہے، ہم نے یہاں تک پہنچنے کیلئے بے پناہ محنت کی تھی، البتہ فائنل میں جو کچھ ہوا اسے ہضم کرنا بہت مشکل ہے۔ میں انگلینڈ سے کریڈٹ نہیں چھیننا چاہتا، یہ محض کھیل ہے، انہوں نے پورا ٹورنامنٹ بہت اچھا کھیلا، جیت ان کا حق تھی۔ ہمارے جذبات بپھرے ہوئے ہیں، یہ لمحات بہت سخت ہیں، ان سے گذرنا مشکل ثابت ہورہا ہے۔ ولیمسن نے احساسات پر قابو رکھتے ہوئے امپائرز کے فیصلوں کو تنقید کا نشانہ بنانے سے گریز کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ میچ کے دوران جو فیصلے ہوئے، انہیں انسانی غلطی سمجھا جائے، یہ ایک میچ تھا، ہمیں اس سے آگے بڑھ جانا چاہیے۔
تازہ ترین