• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کابل یونیورسٹی پر حملے میں 8 افراد ہلاک ،33 زخمی

کابل(جنگ نیوز )افغان دارالحکومت کابل میں یونیورسٹی میں دھماکے کے نتیجے میں 8 افراد ہلاک اور 33 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ادھر طالبان نے سوئڈش این جی او کو طبی مراکز دوبارہ کھولنے کی اجازت دے دی،یونیورسٹی پر حملے کے بعد افغانستان کی وزارتِ داخلہ نے اپنے جاری کردہ ایک بیان میں دھماکے کا ذمہ دار طالبان کو قرار دیا۔ لیکن طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے وزارتِ خارجہ کے بیان کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ طالبان اس حملے میں ملوث نہیں ہیں۔افغان میڈیا کے مطابق ملک کے دارالحکومت میں کابل یونیورسٹی میں اس وقت زور دار دھماکے کی آواز آئی جب طلبہ صبح کے وقت امتحان دینے کے لیے یونیورسٹی کے اندر موجود تھے، دھماکے کے نتیجے میں 8 افراد ہلاک اور 33 زخمی ہوچکے ہیں، تمام زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا تاہم متعدد افراد کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔ترجمان افغان وزارت صحت وحید اللہ میئر نے بھی ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ زخمیوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جارہی ہے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دھماکے کے وقت قریب کھڑی 2 گاڑیوں میں آگ لگ گئی اور اس وقت طلبہ کی بڑی تعداد وہاں موجود تھی۔واضح رہے کہ افغانستان کے شہر قندھار میں گزشتہ روز بھی پولیس ہیڈ کوارٹر پر طالبان نے حملہ کیا تھا جس میں 12 افراد ہلاک اور 80 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔

تازہ ترین