• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے وژن 2030ء کے تحت منائے جانے والے ’’موسم جدہ‘‘ تہوار میں مختلف پروگرامز اور تقاریب کا سلسلہ جاری ہے۔ اس حوالے سے جدہ کے ساحل پر شمال سے جنوب تک بچوں کے جھولے، کھانے پینے کے اسٹال اور دیگر سماجی و ثقافتی سرگرمیوں کے لیے میلہ لگا ہوا ہے۔ اس سلسلے میں انٹرنیشنل باکسنگ ٹائٹل کا بھی اہتمام کیا گیا، جس میں مختلف ممالک کے بین الاقوامی فاتح باکسرز حصہ لے رہے ہیں۔ اس موقع پر عالمی شہرت یافتہ پاکستانی نژاد برطانوی باکسرعامر خان نے بھی جدہ میں ایک مقابلے سے قبل پریس کانفرنس میں صحافیوں سےبات جیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ سعودی عرب میں ہونے والے باکسنگ مقابلوں کے بعد پاکستان میں بھی انٹرنیشنل باکسنگ ٹورنامنٹ کا انعقاد کریں گے۔

جدہ میں ان کا مقابلہ آسٹریلیا کے بیلی ڈیب سے ہوا، جس میں چوتھے راؤنڈ میں ہی بلی کوناک آؤٹ کرکے مقابلے کا بیلٹ اپنے نام کیا تو پورا ہال پاکستان زندہ باد، ’عامر خان ‘کے نام سے دیر تک گونجتا رہا۔

باکسر عامر خان سعودی نوجوانوں کو باکسنگ کی تربیت بھی دیتے رہے، ان میں سے بعض باکسر نے چار راؤنڈ کے مقابلے کئے جن میں ایرانی، امریکی، برطانوی اور کئی ملکوں کے حریفوں کا مقابلہ سعودی نوجوانوں نے کیا، جبکہ بین الاقوامی باکسنگ فیڈریشن کے درجنوں سینئر جونیئرماہرین اور جیوریز موجود تھے۔ 

’موسم جدہ‘ کے عنوان سے سعودی عرب کی تاریخ میں ہونے والے پہلے باکسنگ کے مقابلوں کو دیکھنے کے لیے پاک فوج کے سابق سربراہ اور خلیجی اتحاد فوج کے کمانڈر راحیل شریف، پاکستان کے وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری، سفیر پاکستان راجا علی اعجاز، ممتا صحافی وتجزیہ نگار سہیل وڑائچ اور کئی دیگر سعودی اعلیٰ شخصیات نے شرکت کی۔ 

کامیابی پر عامرخان کو راحیل شریف، فواد چوہدری اورپورا مجمع جن میں خواتین کی بڑی تعداد موجودتھی، نے مبارکباد دی ،جبکہ رِنگ میں عامرخان کو شایقین گود میں اٹھا لیا۔ 

عامر خان نے اعلیٰ اخلاق کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے حریف کو گلے لگایا اور تسلی بھی دی۔ عامر خان کے مقررہ 12 راؤنڈ کے میچ کو دیکھنے کے لیے رنگارنگ آئٹم پیش کئے گئے، جو وژن 2030ء تک آنے والی تبدیلیوں کوظاہر کررہے تھے۔

عامر خان نے باکسنگ سے کئی روزقبل روضئہ رسول ﷺ پہ حاضری بھی دی ،جہاں انہیں منتظمین کی جانب سے روضہ رسول ﷺ کے غلاف کا ٹکرا بھی ہدیہ کیا گیا۔ ’موسم جدہ‘ کی تقریبات 28 جولائی تک جاری رہیں گی۔

تازہ ترین