احتساب عدالت اسلام آباد نے جعلی بینک اکاؤنٹس سے متعلق میگا منی لانڈرنگ کیس میں پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما اور سابق صدر آصف علی زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کر دی۔
احتساب عدالت اسلام آباد میں میگا منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی۔
سماعت کے دوران سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور ان کی بہن فریال تالپور کو عدالت میں پیش کیا گیا اور ملزمان کی حاضری لگائی گئی۔
آصف زرداری اور فریال تالپور کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے اپنے مؤکلین سے ملاقات کے لیے عدالت سے استدعا کی جسے عدالت نے منظور کر لیا۔
دورانِ سماعت نیب کی جانب سے فریال تالپور کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی استدعا کی گئی۔
عدالت نے نیب کی استدعا منظور کرتے ہوئے فریال تالپور کے جسمانی ریمانڈ میں 29 جولائی تک توسیع کر دی۔