دنیا بھر کی طرح جدہ عزیزیہ میں بھی پی ٹی آئی کی جانب سے حکومت کا ایک سال مکمل ہونے کی خوشی میں’ یوم تشکر‘ کی تقریب کا انعقاد ہوا۔ اس موقعے پر کیک کاٹا گیا ۔تقریب میں پی ٹی آئی جدہ کے سابق عہدے داران فرخ رشید، الیاس قاضی ،سید راشد علی شاہ ،نذیر چغتائی ، عقیل آرائیں نے خطاب کیا۔عہدے داروں کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے تقریب سےٹیلی فونک خطاب میں کہا کے ایک سال پہلے قانون سے بالاتر سمجھنے والے چوروں کو جیل میں ڈال کر نئے پاکستان کا جو وعدہ کیا تھا وہ آج پورا کر دیا، جس پر ہم آج’ یوم تشکر‘ منا رہے ہیں۔ دیگر مقامی مقررین نے کہا کہ وزیر اعظم کےامریکی دورے سے پاکستان، افغانستان، ایران اور خلیجی ریاستوں کو فائدہ ہو گا۔ فرخ رشید نے کہا کہ عمران خان کی 23 سالہ جدوجہد میں اوورسیز پاکستانی اپنے لیڈر کے شانہ بشانہ کھڑے رہے۔ تقریب میں بڑی تعداد میں پارٹی کارکنان نے بھی شرکت کی اور پارٹی امور اور اوورسیز الیکشن کے حوالے سے بھی مشاورت کی۔