• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مقبوضہ کشمیر کو تین الگ ریاستوں میں تقسیم کرکے لداخ کو یونین ٹیریٹری کا درجہ دیا جائے گا، بھارتی اخبار

لاہور(خالد محمود خالد)بھارتی حکومت مقبوضہ کشمیر میں حالات کو کنٹرول کرنے کے لئے فیصلہ کن لیکن خطرناک اقدامات کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔ ایک بھارتی اخبار کے مطابق مقبوضہ جموں کشمیر کو تین الگ ریاستوں میں تقسیم کرکے جموں اورکشمیر وادی کو الگ الگ ریاستوں کا درجہ دینے جب کہ لداخ کو یونین ٹیریٹری کا درجہ دینے کی منصوبہ بندی آخری مراحل میں ہے۔ الگ ریاستوں کے قیام سے جموں اور کشمیر کو سپیشل درجہ دینے والے آئین کے آرٹیکل 35Aاور 370 کی اہمیت خود بخود ختم ہو جائے گی جس کے لئے بھارت کی مرکزی حکومت کافی عرصہ سے کوششیں کر رہی ہے۔مقبوضہ کشمیر کو تین الگ ریاستوں میں تقسیم کرنے سے تینوں ریاستیں بھارت کا حصہ بن جائیں گی ۔ جموں میں ہندوئوں کی آبادی زیادہ ہے جب کہ لداخ میں زیادہ تعداد تبت قوم کی ہے۔ صرف کشمیر ایسی ریاست ہے جہاں مسلمانوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔پاکستان کا دعویٰ کشمیر پر ہے جہاں اس وقت حالات بے حد خراب ہیں جن کو کنٹرول کرنے کے لئے حالیہ چند روز میں فوج اور سیکیورٹی فورسزکی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے جب کہ ہفتہ کے روز مزید فوجی دستے کشمیر بھیجے گئے۔یہ نفری جہازوں، ہیلی کاپٹرزاور ٹرینوں کے ذریعے کشمیر پہنچائی گئی۔
تازہ ترین