• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کس شہر کی خوشبو بہترین؟ اداکاروں میں بحث چھڑگئی


پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکاروں میں اپنے شہر کی خوشبو کو بہترین قرار دئیے جانے کا مقابلہ جاری ہے ۔ اس بحث کا آغاز اس وقت ہوا جب اداکار عمران عباس نے اپنے شہر اسلام آباد کی تعریف میں ایک ویڈیو اپلوڈ کی ۔جس نے ساتھی اداکاروں کی توجہ اپنی جانب مبذول کروالی اور ایک نئی بحث چھڑگئی ۔

جیو ٹی وی کے ڈرامے ’ڈر خدا سے‘ کے ہیرو اداکار عمران عباس نےاپنے اسٹاگرام اکاؤنٹ پر اسلام آباد کی خوبصورتی کو سراہتے ہوئے ایک ویڈیو پیغام شیئر کیا جس میں انہوں نے دارلحکومت اسلام آباد میں بارش کے بعد کے قدرتی حسین مناظر کے علاوہ وہاں کی خوشبو کی تعریف کی ۔

انہوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ وہ اسلام آباد میں پیدا ہوئے اور وہیں اُن کا بچپن گزرا ،جس کی وجہ سے اُن کے ساتھ اس شہر کی خوشبو سے پُرانی یادیں وابستہ ہیں ۔


انہوں نے کہا کہ اُنہیں اسلام آباد کی ہر چیز بے حد پسند ہے خاص طور پر وہاں کی یونیک خوشبو جو اُن کے مطابق صرف اسلام آباد میں پائی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہر اسلام آباد بارش کے بعد اور بھی زیادہ خوبصورت ہوجاتا ہے۔

آخر میں انہوں نے کہا کہ ہر شہر کی کوئی نہ کوئی خوشبو ضرور ہوتی ہےجو وہاں کے رہنے والوں کو پسند ہوتی ہے ۔اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ میں جب بھی کبھی اپنے شہر سے یا ملک سے باہر جاتا ہوں تو مجھے اسلام آباد کی خوشبو مجھے اپنی جانب واپس بلاتی ہے ۔

اُن کی اس ویڈیو کے بعد ساتھی اداکاروں کی جانب سے رد عمل پانے پر انہوں نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر یاسر حسین ، احمد علی بٹ اور نادیہ خان کو بارش میں اسلام آباد آنے کی پیشکش بھی کی۔

عمران عباس کی اس ویڈیو کے رد عمل میں اداکار احمد علی بٹ نے اپنے ویڈیو پیغام کے ذریعے جواب دیا کہ ’عمران ابھی میں نے آپ کی بہت ہی کیوٹ ویڈیو دیکھی جس میں آپ نے کہا کہ آپ کو اسلام آباد کی خوشبو بہت پسند ہے ۔

ایک طنزیہ ہنسی کے بعد احمد علی بٹ نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ اُنہیں اسلام آباد میں صرف بورنگ سیاستدان اور بیورو کریٹس کی خوشبو ہی آتی ہے۔


انہوں نے لاہور کی خوشبو کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ’اگر آپ خوشبو کی بات کر رہے ہیں تو لاہور کی خوشبو سے بہتر خوشبو کسی شہر کی نہیں  ہے۔ زندہ دلی، ایک الگ قسم کا جوش،ہلہ گلہ اور تازے کھانوں کی خوشبو سب لاہور شہر کی خاصیت ہے۔‘

انہوں نے اپنے ویڈیو پیغام کے آخر میں لکھا کہ ناراضگی کی بات نہیں ویسے لاہور میرا شہر تو اس کی خوشبو بھی اچھی ہوگی ۔

احمد علی بٹ نے لاہور کی حمایت کی تو اداکار یاسر حسین کراچی کی حمایت میں میدان میں آئے ۔

یاسر حسین نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ ’میں نے ابھی احمد علی بٹ کی ایک بہت ہی دلچسپ ویڈیو دیکھی جس میں وہ لاہور کی خوشبو کی بات کر رہے ہیں۔ انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ احمد صاحب اگر آپ بھاٹی گیٹ کی خوشبو کی بات کر رہے ہیں تو واضح کر دیں کیوں کہ میری نظر میں وہ خوشبو نہیں ہے ۔


یاسر حسین نے عمران عباس اور احمد علی بٹ کی اسلام آباد اور لاہور کی خوشبو والی ویڈیو کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ انہیں لگتا ہے کہ اُن کے شہر کراچی کی خوشبو بے مثال ہے کیونکہ آپ دونوں کام کے لیے یہیں آتے ہیں، سمندر بھی اِدھر ہی ہے اور پورٹ بھی یہاں ہےاور آزادی کی خوشبو بھی سب سے زیادہ کراچی سے ہی آتی ہے تو میرے خیال میں تو کراچی کی خوشبو سب سے اچھی ہے ۔

اداکار نے عمران عباس کی اس اسلام آباد بلانے پر انہیں جواب دیا کہ آپ سب کو اسلام آباد نہ بلائیں، میں آپ سب کو کراچی کی خوشبو بوتل میں ڈال کر بھیج دیتا ہوں۔

ادا کاروں کی اس بحث میں ڈرامہ  ’کم ظرف‘ میں مرکزی کردار ادا کرنے والی نادیہ خان نے بھی حصہ لیا اور اپنے شہر کوئٹہ کی حمایت میں بول پڑیں ۔

انہوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں لکھا کہ ’میں گزشتہ دنوں سے دیکھ رہی ہوں کہ بہت زیادہ بحث چل رہی ہے کہ میرا شہر بہترین شہر ہے ۔انہوں نے کہا کہ اداکارعمران عباس اسلام آباد کے قدرتی مناظر اور خوشبو کی تعریف کر رہے ہیں ،احمد نے لاہور کے گُن گائے اور کراچی کی تعریف میں یاسر نے کوئی کسر نہیں چھوڑی ۔تو ایسے میں مَیں اپنےشہر کو کیسے بھول سکتی ہوں ؟


انہوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں کوئٹہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہاں کے درخت،گھاس، پھولوں کی خوشبو، خصوصاً وہاں کے سیب، وہاں کی سردی کی تو بات ہی الگ ہے اور حقیت یہ بھی ہے کہ وہاں آبادی اور آلودگی دوسرے شہروں کی نسبت بہت کم ہے جس کی وجہ سے وہاں کی خوبصورتی اور بھی زیادہ بڑھ جاتی ہے۔

اداکارہ نادیہ خان نے کہا کہ کوئٹہ کی خوشبو کے تو کیا ہی کہنے ۔

واضح رہے کہ یہ شہروں کی جنگ عام طور پر پی ایس ایل کے دنوں میں سوشل میڈیا پر عا م ہوتی ہےہر کوئی اپنے شہر کی ٹیم کو سپورٹ کرنے میں لگا ہوتا ہے لیکن اداکار تو آج کل ہی اپنے شہر کی تعریفوں کے پُل باندھنے میں مصروف ہیں ۔

تازہ ترین