• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: بارش جاری، کرنٹ لگنے سے 2 افراد جاں بحق


کراچی میں مون سون بارشوں کی دوسری اننگز زور و شور سے جاری ہے، بارش کا دوسرا اسپیل سندھ حکومت اور شہری اداروں کے لیے چیلنج بن گیا، مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش ہو رہی ہے۔

بارش کے دوران سولجر بازار اور منگھو پیر میں کرنٹ لگنے سے 2 افراد جاں بحق ہو گئے، جبکہ ملیر اور سولجر بازار میں کرنٹ لگنے سے قربانی کے کئی جانور مر گئے۔

کراچی: بارش جاری، کرنٹ لگنے سے 2 افراد جاں بحق
کراچی میں طوفانی بارش کے بعد صدر کی مرکزی سڑک بارش کے پانی میں ڈوبی ہوئی ہے (تصویر: سہیل رفیق)

ڈائریکٹر محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں ہونے والی بارش سندھ کے جنوب مشرق میں موجود سسٹم کے باعث ہوئی، بارش برسانے والے بادلوں کا بڑا حصہ ابھی آنا باقی ہے۔

کراچی میں بادلوں نے صبح سے ہی برسنا شروع کر دیا تھا، کراچی میں بادلوں نے ڈیرے جما لیے ہیں، شہر مختلف علاقوں میں ہونے والے والی گرج چمک کے ساتھ تیز بارش سے موسم سہانا ہو گیا،کہیں کہیں بادل ہلکے برسے تو کہیں موسلا دھار بارش ہوئی۔

کراچی میں سرجانی ٹاؤن، نارتھ کراچی، نیو کراچی، ناگن چورنگی، بفر زون، نارتھ ناظم آباد، ناظم آباد، فیڈرل بی ایریا، ملیر، لانڈھی، شاہ فیصل کالونی، گلستانِ جوہر، گلشنِ اقبال، کلفٹن، ڈیفنس، اختر کالونی سمیت دیگر علاقوں میں بادل خوب جم کر برسے۔

کراچی: بارش جاری، کرنٹ لگنے سے 2 افراد جاں بحق
بارش کے بعد کراچی ایڈمنسٹریشن سوسائٹی کی سڑک تا حدِنظر پانی میں ڈوبی ہوئی ہے (تصویر: سہیل رفیق)

محکمۂ موسمیات کے مطابق صبح 8 بجے سے اب تک ایئر پورٹ پر 32 ملی میٹر، یونیورسٹی روڈ اور سرجانی ٹاؤن میں 25 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج دن بھر وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ تیز بارش اور بوندا باندی کا سلسلہ جاری رہے گا۔

کراچی: بارش جاری، کرنٹ لگنے سے 2 افراد جاں بحق
طوفانی بارش کے بعد کھارادر کے مرکزی بازار کی سڑک پر پانی جمع ہے جس سے قربانی کے جانور بھی  پریشان ہیں (تصویر: سہیل رفیق)

محکمۂ موسمیات کے مطابق مون سون کا دوسرا اسپیل گزشتہ مون سون سسٹم سے زیادہ مضبوط ہے، 36 سے 42 گھنٹے تک بارش کا سلسلہ وقفے وفقے سے جاری رہ سکتا ہے، عید کی صبح تک بارش ہونے کا امکان ہے۔

کراچی: بارش جاری، کرنٹ لگنے سے 2 افراد جاں بحق
کراچی سٹی ریلوے کالونی سے گزرتی پٹریاں جاری بارش سے دھندلا گئی ہیں

محکمۂ موسمیات کا مزید کہنا ہے کہ عید کے دوسرے اور تیسرے دن مطلع ابر آلود اور بوندا باندی کا سلسلہ جاری رہنے سے موسم خوشگوار رہے گا۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق صبح شہر کا درجۂ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ اور ہوا میں نمی کا تناسب 80 فیصد ریکارڈ کیا گیا جبکہ جنوب مشرق سے ہوا 18 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہے۔

موسم کا رنگ شہر میں ہر جگہ نمایاں ہے، کراچی میں موسم خوشگوار ہوا تو شوخ اور چنچل مزاج شہریوں نے سی ویو کا رخ کر لیا، آسمان سے برستے موتیوں کے ساتھ شہری گیت بھی گنگنانے لگے۔

کراچی: بارش جاری، کرنٹ لگنے سے 2 افراد جاں بحق
کراچی کے علاقے کھارادر میں واقع قائد اعظم محمد علی جناح کی جائے پیدائش کے اطراف بارش کا پانی جمع ہے (تصویر: سہیل رفیق)

کراچی میں بارش کے بعد ایک طرف موسم خوش گوار ہے تو دوسری جانب نکاسیٔ آب کا مناسب انتظام نہ ہونے کے باعث مختلف مقامات پر بارش کا پانی اور کیچڑ جمع ہونے سے شہری پریشانی کا شکار ہیں۔

مختلف علاقوں میں پانی جمع ہونے سے اہم شہراہوں پر ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی ہے۔

کورنگی نالہ بھرنے سے پانی سڑکوں پر آ گیا، جس سے دفاتر جانے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، کئی گاڑیاں خراب ہو گئیں۔

سٹی کورٹ کا احاطہ تالاب کا منظر پیش کرنے لگا، پانی کےباعث متعدد کیسز کا ریکارڈ بھی بھیگ گیا۔

صدر الیکٹرانکس مارکیٹ، گارڈن اور انڈسٹریل ایریا کے علاوہ کلفٹن میں بلاول ہاؤس کے اطراف بارش کے بعد سڑکوں پر پانی جمع ہو گیا۔

تازہ ترین