• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قاتل مودی نے کشمیر کیلئے ظالمانہ فیصلہ کیا: شہباز شریف


مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں شہباز شریف کہتے ہیں کہ گجرات کے قاتل مودی نے 5 اگست کو کشمیر سے متعلق طالمانہ فیصلہ کیا۔

یوم آزادی کے موقع پر لاہور میں میاں شہباز شریف نے قومی پرچم لہرایا، اسی سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتےہوئے انہوں نے کہا کہ مودی کشمیریوں کا قتل عام کر رہا ہے، اس نے پاکستان کی شہہ رگ پر ہاتھ ڈالا ہے، جب تک نریندر مودی کا ہاتھ اپنی شہہ رگ سے ہٹوا نہ لیں یا اسے توڑ نہ دیں تب تک ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کے 22 کروڑ لوگوں کے دل کشمیری بہنوں بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں، انشاء اللّٰہ ایک دن کشمیر ضرور پاکستان بنے گا، ہماری زندگی اور موت کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں کشمیر کے لیے مزید قربانیاں دینی ہوں گی، ہمیں ٹرمپ کی مدد نہیں، اللّٰہ کی مدد چاہیے، ٹرمپ کارڈ یا ٹریپ کارڈ نہیں چاہیے، نہ ہی ٹرمپ کا جھانسہ چاہیے، ہمیں ٹرمپ پر نظر نہیں رکھنی ہے، ہمیں اللّٰہ پر نظر رکھنی ہے۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ اگر اللّٰہ کی مدد ساتھ ہو گی تو ایک وقت آئے گا جب کشمیر بنے گا پاکستان اور مودی کچھ نہیں کر سکے گا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ چین اور ترکی کے شکر گزار ہیں جنہوں نے کشمیر پر ہمارے مؤقف کی حمایت کی، جب تک معاشی آزادی حاصل نہیں ہو گی، تب تک حقیقی آزادی نہیں ملے گی۔

تازہ ترین